{طاعون والے علاقے سے بھاگنا}

مسئلہ : طاعون جہاں ہووہاں سے بھاگنا جائز نہیں اوردوسری جگہ سے وہاں جانا بھی نہ چاہیے اس کا مطلب یہ ہے کہ جو لوگ کمزور عقیدہ کے ہوں اورایسی جگہ گئے اورمبتلا ہوگئے ان کے دل میں یہ بات آئی کہ یہاں آنے سے ایسا ہوا نہ آتے تو کا ہے کو اس بَلا میںپڑتے اوربھاگنے میں بچ گیا تویہ خیال کیا کہ وہاں ہوتا تو نہ بچتا بھاگنے کی وجہ سے بچاایسی صورت میں بھاگنا اورجانا دونوں ممنوع ہے ۔ طاعون کے زمانہ میں عوام سے اکثر اس قسم کی باتیں سُننے میں آتی ہیں اوراگر اس کا عقیدہ پکا ہے جانتا ہے کہ جو کچھ مقدر میں ہوتاہے وہی ہوتاہے نہ وہاں جانے سے کچھ ہوتاہے نہ بھاگنے میں فائدہ پہنچتا ہے توایسے کووہاں جانا بھی جائز ہے اورنکلنے میں بھی حرج نہیں کہ اس کو بھاگنا نہیں کہا جائے گا اورحدیث میں مطلقاً نکلنے کی ممانعت نہیں بلکہ بھاگنے کی ممانعت ہے ۔ (بہار شریعت)