وَاِنۡ لَّمۡ تُؤۡمِنُوۡا لِىۡ فَاعۡتَزِلُوۡنِ ۞- سورۃ نمبر 44 الدخان آیت نمبر 21
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
وَاِنۡ لَّمۡ تُؤۡمِنُوۡا لِىۡ فَاعۡتَزِلُوۡنِ ۞
ترجمہ:
اگر تم مجھ پر ایمان نہیں لاتے تو مجھ سے الگ ہوجائو
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
(اس معزز رسول نے کہا :) اگر تم مجھ پر ایمان نہیں لاتے تو مجھ سے الگ ہوجائو پس انہوں نے اپنے رب سے دعا کی کہ یہ مجرم لوگ ہیں (ہم نے حکم دیا کہ) تم میرے بندوں کو راتوں رات لے جائو، بیشک تمہارا تعاقب کیا جائے گا آپ سمندر کو یوں ہی ساکن چھوڑ کے چلے جائیں، بیشک ان کا لشکر غرق کردیا جائے گا (الدخان :21-24)
حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے قوم فرعون سے کہا : اگر تم میری تصدیق نہیں کرو گے اور میرے دلائل اور معجزات دیکھنے کے باوجود مجھ پر ایمان نہیں لائو گے تو مجھ کو چھوٹ کر الگ ہوجائو، یعنی مجھ کو برابر سر ابر چھوڑ دو ، مقاتل نے کہا : اس کا معنی یہ ہے کہ تم مجھ سے الگ رہو اور میں تم سے الگ رہتا ہوں حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اور تمہارے درمیان فیصلہ کردے، ایک قول یہ ہے کہ تم میرا راستہ ھوڑ دو اور مجھے اذیت پہنچانے سے باز رہو۔
تبیان القرآن – سورۃ نمبر 44 الدخان آیت نمبر 21