أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

مَنۡ عَمِلَ صَالِحًـا فَلِنَفۡسِهٖ‌ۚ وَمَنۡ اَسَآءَ فَعَلَيۡهَاۖ ‌ ثُمَّ اِلٰى رَبِّكُمۡ تُرۡجَعُوۡنَ ۞

ترجمہ:

جس شخص نے کوئی نیکی کی تو اس کا نفع اس کو ملے گا اور جس شخص نے کوئی بُرائی کی تو اس کا وبال اس پر ہوگا، پھر تم سب لوگ اللہ کی طرف لوٹائے جائو گے

فجور ظاہر اور فجور باطن

الجاثیہ : ١٥ میں فرمایا : ” جس شخص نے کوئی نیکی کی تو اس کا نفع اس کو ملے گا اور جس شخص نے کوئی بُرائی کی تو اس کا وبال اس پر ہوگا، پھر تم سب لوگ اللہ کی طرف لوٹائے جائو گے “

اس آیت میں اللہ تعالیٰ یہ قاعدہ بیان فرمایا ہے کہ ہر شخص کے نیک عمل کا فائدہ اس کو پہنچتا ہے اسی طرح ہر شخص کے برے عمل کا ضرر بھی صرف اس شخص کو پہنچتا ہے۔

اس میں یہ بتایا ہے کہ جو کفار نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اور مؤمنوں کو ناحق ایذا پہنچاتے ہیں تو اس کا نقصان دنیا اور آخرت میں صرف ان ہی کو ہوگا اور جو لوگ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور مسلمانوں کی عزت اور نصرت کرتے ہیں اس کا نفع بھی صرف ان ہی کو پہنچے گا اور آخرت میں تم سب کو اللہ سبحانہ ‘ کے سامنے پیش کیا جائے اور وہ تم سب کو تمہارے اعمال کی جزاء دے گا۔

اس آیت میں نیک اعمال کرنے کی ترغیب دی ہے اور برے اعمال سے ڈرایا ہے، پس جو مسلمان مجرموں کو معاف کردیں گے اور ان کو بخش دیں گے وہ اللہ تعالیٰ کی صفات کے ساتھ متصف ہوں گے اور جو لوگ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کریں گے اور لوگوں پر ظلم کریں گے وہ شیطان کی صفات کے ساتھ متصف ہوں گے، سو جو شخص ابرار اور نیکوکاروں میں سے ہوگا تو ابرار دائمی جنتوں میں ہوں گے اور جو شخص فجار اور بدکاروں میں سے ہوگا تو بدکار دوزخ میں ہوں گے۔

فجور کی دو قسمیں ہیں، ایک فجور صوری ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کے احکام کی نافرمانی کرنا ہے اور شیطان کی اطاعت کرنا ہے اور دوسرا فجور معنوی ہے اور وہ اللہ کے نیک بندوں کا انکار کرنا ہے اور ان کو آزار پہنچانے کے درپے ہونا ہے اور ان کے خلاف ایسی سازشیں کرنا ہے جس سے بظاہر تو یہ معلوم ہوا کہ وہ ان کی خیرخواہ ہیں اور حقیقت میں وہ ان کے ساتھ بدخواہی کریں، پس اللہ تعالیٰ ان لوگوں پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے جو اس کے احکام کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کے فیصلوں اور اس کی تقدیر پر راضی رہتے ہیں اور جو حرام کاموں، مشتبہ امور اور فضول اور غیر متعلق چیزوں سے احتراز کرتے ہیں۔

القرآن – سورۃ نمبر 45 الجاثية آیت نمبر 15