أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

يٰۤـاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنۡ تَـنۡصُرُوا اللّٰهَ يَنۡصُرۡكُمۡ وَيُثَبِّتۡ اَقۡدَامَكُمۡ ۞

ترجمہ:

اے ایمان والو ! اگر تم اللہ (کے دین) کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تم کو ثابت قدم رکھے گا

محمد : ٧ میں فرمایا : اے ایمان والو ! اگر تم اللہ ( کے دین) کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تم کو ثابت قدم رکھے گا

اللہ تعالیٰ کے دین کی مدد کے طریقے اور اللہ کا ان کی مدد فرمانا

اللہ تعالیٰ کی مدد کرنے کے حسب ذیل طریقے ہیں :

(١) اللہ تعالیٰ کے دین کی تبلیغ اور اس کی نشرو اشاعت میں سعی اور جدوجہد کی جائے اور اسلام کو پھیلانے کی کوشش کی جائے، انسان خود اللہ کے احکام پر عمل کرے اور اس کے خاندان اور اس کی ملازمت اور کاروبار میں جو لوگ اس کے ماتحت ہوں ان سے بھی اللہ کے احکام پر عمل کرائے۔

(٢) اللہ کے نیک بندوں، علماء دین، مبلغین اور اولیاء اللہ کی مدد کرے اور ان کے نیک مقاصد کی تکمیل میں ان کے ساتھ تعاون کرے۔

(٣) شیطان اللہ کا دشمن ہے وہ کفر کو پھیلانے اور فسق و فجور کو عام کرنے میں لگا رہتا ہے اور اللہ تعالیٰ کفر کو مٹانا چاہتا ہے اور کفار کو ہلاک کرنا چاہتا ہے، سو جو مسلمان اللہ کی مدد کرنا چاہتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کے اس مطلوب کی تکمیل میں اپنی توانائیاں صرف کرے۔

پھر اللہ تعالیٰ تمہاری مدد کرے گا یعنی جب مومن اللہ تعالیٰ کے دین کی تبلیغ میں کوشش کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے لئے آسانیاں پیدا فرما دے گا، اس کو اس مہم میں ثابت قدم رکھے گا، اس کو ہمت اور حوصلہ عطا فرمائے گا۔ میں بہت بیمار تھا مارچ : ٨٦ ء میں میں نے ” شرح صحیح مسلم “ لکھنی شروع کی، میری کمر میں بہت درد رہتا تھا، مجھے شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور کو لیسٹرول کی زیادتی کی بیماریاں لاحق تھیں، میں نے تصنیف و تالیف کے ذریعہ دین کی خدمت کرنا چاہی تو اللہ تعالیٰ میرے کام میں آسانیاں پیدا فرماتا رہا، اب عمر کا آخری دور ہے، اب شمسی تقویم کے لحاظ سے میری عمر سٹرسٹھ سال ہوچکی ہے، بیماریوں کی وجہ سے کوئی توانائی کی چیز کھا نہیں سکتا، کمزوری بہت بڑھ گئی ہے، اب کام کرنا بہت مشکل ہوگیا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد کی توقع پر مشکلات کے باوجود کام میں لگا رہتا ہوں، کیونکہ اس نے فرمایا ہے : اگر تم اللہ ( کے دین) کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تم کو ثابت قدم رکھے گا، سو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے مجھے اس مشن میں ثابت قدم رکھا ہوا ہے۔

القرآن – سورۃ نمبر 47 محمد آیت نمبر 7