مبسملا وحامدا::ومصلیا ومسلما

آل رسول نے دین رسول کی حفاظت فرمائی

 

گل گلزار سیادت،نجم برج سعادت پیرطریقت رہبر شریعت حضرت علامہ سید محمد جیلانی اشر ف اشرفی جیلانی کچھوچھوی دام ظلہ الاقدس پر فیورک کی رکنیت کے سبب از روئے شرع توبہ کا حکم تھا۔ انتہائی فرحت وشادمانی کی بات ہے کہ ممدوح گرامی نے تو بہ کرلی ہے اور شرعی حکم کو ادا کرلیا ہے۔شیخ الاسلام والمسلمین عمدۃ المحققین حضرت علامہ سید محمد مدنی اشرفی جیلانی دام ظلہ الاقدس کی تصدیقی تحریر آج صبح مجھے موصول ہوئی۔

 

حضرت علامہ سید جیلانی میاں اشرفی دام ظلہ العالی کی خدمت مبارکہ میں سوغات تہنیت و مبار ک بادی پیش کرتا ہوں کہ موصوف گرامی نے حکم شرعی پر عمل فرماکر دین ومذہب کو تحفظ فرمایا۔اسلاف اہل سنت وجماعت کا طریق متوار ث ہے کہ کوئی لغزش وخطا ظاہر ہوتو توبہ کر لی جائے۔ماضی قریب میں اس کی بہت سی مثالیں موجود ہیں۔

 

اللہ تعالیٰ شہزادۂ اہل بیت کو دونوں جہاں کے حسنات وبر کات سے شادکام فر مائے۔ ان کا ظل ہمایوں اہل سنت وجماعت پر دراز فرمائے۔انہوں نے اسلام کو قوت بخشی،اللہ تعالیٰ دنیا آخرت میں انہیں عزت وحشمت اور اپنی بارگاہ عالی میں قبولیت عطافرمائے:(آمین)

 

مجھے فیورک اور رام کتھا کے معاملے کے سبب بہت افسوس ہوتا تھا۔ دونوں معاملہ کے صاحب معاملہ باحیات تھے۔ ہماری تمنا تھی کہ یہ معاملہ حل ہوجائے۔ اللہ تعالیٰ نے ایک معاملہ حل فرما دیا۔دوسرا معاملہ بھی حل ہوجائے تومسلمانان برصغیر پر اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان ہوگا۔دراصل ایسے مواقع پراصحاب تحقیق کی متضاد تحقیق دیکھ کر صاحب معاملہ شش وپنج میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

 

امر دوم سے متعلق ہم نے حالیہ دنوں میں دوتین تحریریں وائرل کی ہیں۔ کل 15:ستمبر2021سے اسی موضوع پر قسط وار مضامین کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

 

اللہ تعالیٰ قبولیت سے سرفراز فرمائے اور معاملہ حل فرمادے:(آمین ثم آمین)

 

طارق انور مصباحی

 

جاری کردہ:16:ستمبر2021