صحیح البخاری : اعتذار
اعتذار
ہم نے اپنے اس مقدمہ میں امام بخاری کے مسامحات پر جو بحث کی ہے اس سے ہرگز ہمارا یہ مقصد نہیں ہے کہ امام بخاری کے مرتبہ اور مقام کو کم کیا جائے بلکہ ہم ان لوگوں کو حقیقت کی طرف لانا چاہتے ہیں جو امام بخاری کو امام اعظم سے زیادہ گردانتے ہیں اور جومرویات بخاری کو حرف آخر قرار دیتے ہیں۔
احادیث کے پرکھنے میں امام بخاری کا مقام سب سے اونچا ہے۔ چند مسامحات سے قطع نظر کہ کوئی بشر اس سے خالی نہیں امام بخاری کا فن حدیث میں انتہائی عظیم حیثیت ہے۔ انھیں امیر المونین فی الحدیث کہنا بجا ہے لیکن اس کے باوجود بشری کی تقاضے سے ان سے بہرحال کچھ تسامح ہوئے ہیں جن کی ائمہ فن نے نشاندہی کی ہے۔ مجموعی طور پر صحیح بخاری کو مدون کہ امام بخاری نے اسلام کی ایک عظیم خدمت سرانجام دی ہے۔ اللہ تعالی نے اس کتاب کو بے پناہ مقبولیت عطا فرمائی ہے اور امت کی عظیم اکثریت قرآن کریم کے بعد صحیح بخاری کو تواتر کے ساتھ بطور حجت مانتی چلی آرہی ہے۔ اللہ تبارک و تعالی اس کے مصنف کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں احادیث بخاری کے انوار اور فیوض و برکات سے بہرہ مند فرمائے۔ (آمین)