ان کے سِوا رضا کوئی حامی نہیں جہاں

گزرا کرے پِسَر پہ پِدَر کو خَبَر نہ ہو

(حدائقِ بخشش،ص131)

ابو الحسان عطاری مدنی

مشکل الفاظ کے معانی: پِسَر:بیٹا،پِدَر:باپ

معنٰی و مفہوم:اے رضا!قیامت کادن انتہائی ہولناک دن ہوگا۔ اس دن ہر طرف نفسا نفسی کا عالَم ہوگا،دوست دوست سے، بھائی بھائی سے اورباپ بیٹے سے پیچھا چھڑاتا ہوگایہاں تک کہ دودھ پلانے والی دودھ پیتے کو بھول جائے گی،قیامت کی دہشت سے حمل والیوں کے حمل ساقط ہوجائیں گے۔اس دن رَحمتِ عالم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کی واحد شخصیت ایسی ہوگی جسے اپنی نہیں بلکہ دوسروں کی فکر دامن گیر ہوگی۔اَہلِ محشر طویل عرصے تک قیامت کی گرمی جھیلنے کے بعد جب شفاعت کی درخواست لئے مختلف انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کی بارگاہوں میں حاضری دیں گے تو ہر جگہ سے اِذْھَبُوْا اِلٰی غَیْرِیْ (یعنی کسی اور کے پاس جاؤ) کہا جائے گا،آخر کار پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ تک رسائی ہوگی تو آپ فرمائیں گے : اَنَالَھَایعنی شفاعت کے لئے میں ہوں۔حضرتِ سَیِّدُنا انس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ نے بارگاہِ رسالت میں عرض کیا :میں آپ کو(قیامت کے دن)کہاں تلاش کروں؟ ارشاد فرمایا:پہلے مجھ کو پُلِ صراط پر تلاش کرنا۔عرض کیا:اگر آپ پل صراط پر نہ ملیں۔فرمایا:پھر مجھے میزان پر تلاش کرنا۔عرض کیا:اگر آپ کو وہاں بھی نہ پاؤں؟ارشاد فرمایا:پھر مجھے حوضِ کوثر پر تلاش کرنا،میں ان تین جگہوں کو نہیں چھوڑوں گا(یعنی ان مقامات میں سے کسی ایک جگہ ضرور ملوں گا)۔(ترمذی،ج4،ص195،حدیث:2441)