*قانون شریعت (شافعی)*

 

اس کتاب کے مؤلف مولانا طارق انور مصباحی صاحب حفظہ اللہ ہیں، جو جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے فاضل اور متعدد کتب کے مصنف ہیں۔ آپ “قانون شریعت” کے مؤلف شمس العلماء قاضی شمس الدین جون پوری علیہ الرحمه (تلمیذ: صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی مصنف بہار شریعت) کے شاگرد ہیں۔ جس طرز پر شمس العلماء نے فقہ حنفی کا اردو زبان میں مختصر مگر جامع انسائیکلو پیڈیا قانون شریعت تصنیف فرمایا، ٹھیک اسی طرز پر مولانا طارق انور مصباحی صاحب نے بھی فقہ شافعی کا اردو زبان میں دائر المعارف “قانون شریعت (شافعی)” قلم بند کیا۔

 

اردو زبان میں فقہ شافعی کی آسان کتابیں بہت کم ہیں، اس لیے ایک ایسی کتاب کی ضرورت تھی جو آسان بھی ہو اور تمام ضروری مسائل پر مشتمل ہو اسی وجہ سے یہ کتاب مولانا طارق انور صاحب کے قلم سے معرض وجود میں آئی، جو کہ اردو داں شوافع کے لیے بہت مفید ہے، نیز جو حنفی حضرات حنفی فقہ کے علاوہ فقہ ثلاثہ کو پڑھنے کے شائقین ہیں ان کے لیے بھی اس قسم کی تصنیف بہت مفید ہے۔ مولانا طارق انور صاحب کی یہ کتاب دارالعلوم محمدیہ شافعیہ شیرور ضلع اڈپی (کرناٹک) سے سنہ ١۴٣٦ھ/ سنہ ٢٠١۵ء کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شائع ہوئی۔

 

مولانا طارق انور مصباحی صاحب کی ولادت ۵ جون سنہ ١٩٧٨ء کو موضع بھنور ضلع نوادہ (بہار) میں ہوئی۔ آپ کے والد ماجد مولانا عبد الشکور رضوی بھی شمس العلماء کے شاگرد تھے۔ مولانا طارق انور مصباحی صاحب جنوبی ہند کے کئی جامعات مثلا شاہ جماعت عربک کالج (ہاسن : کرناٹک)، دار الہدیٰ اسلامک یونیورسٹی (چماڈ، ملاپور، کیرالا) اور جامعہ سعدیہ کاسر گوڈ، کیرالا میں تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں، فی الحال اپنے صوبہ بہار ہی میں درس وتدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

(علامہ طارق انور مصباحی، دور حاضر کا عظیم متکلم، مفكر/از: محمد زاہد علی مرکزی، تعارف قانون شریعت/از: محمد توصیف رضا)

 

*از : محمد سلیم انصاری ادروی*