نور العلماء ایم۔ اے۔ عبد القادر مُسلیار شافعی (بانی جامعہ سعدیہ کیرالا)
*نور العلماء ایم۔ اے۔ عبد القادر مُسلیار شافعی (بانی جامعہ سعدیہ کیرالا)*
نور العلماء ایم۔ اے۔ عبد القادر مُسلیار المعروف بہ ایم۔ اے۔ استاد علیہ الرحمه جنوبی ہند کے صوبہ کیرالا کے ضلع کاسرگوڈ [١] سے تعلق رکھنے والے ایک سنی عالم دین تھے۔ ضلع کاسرگوڈ ہی میں ١ جولائی سنہ ١٩٢۴ء کو آپ کی ولادت ہوئی۔ آپ نے اپنے دادا اور ماموں کے ہاں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد بیری چیری درس گاہ میں زیرِ تعلیم رہے۔ وہاں دس سال تک مشہور مدرس سید شاہ الحمید علیہ الرحمه کی شاگردی میں رہے۔ اسی دوران عربی اور اردو میں مہارت حاصل کی۔
فراغت کے بعد آپ نے مسند تدریس کو رونق بخشی۔ آپ جامعہ سعدیہ کیرالا کے بانی تھے، آپ “سمستھا کیرالا سنی جمعیة العلماء” اور “آل انڈیا سنی ایجوکیشنل بورڈ” کے صدر بھی رہے۔ آپ “تحریکِ جہادِ آزادی” سے بہت متاثر ہوئے۔ سنہ ١٩۴٦ء کو آپ نے سمستھا کی رکنیت حاصل کی۔
چھٹی کی دہائیوں میں مجلسِ مشاورہ کے رکن منتخب ہوئے۔ سنہ ١٩۵١ء کو “سمستھا کیرالا اسلامی تعلیمی بورڈ” کی سنگِ بنیاد ڈالی۔ سنہ ١٩۵۴ء کو “سنّی نوجوان تنظیم” اور سنہ ١٩۵٨ء کو “جمعیة المعلمین” کے رکنِ بانی ہوئے۔ اس کے بعد تعلیمی بورڈ کے عہدۂ سیکریٹری پر فائز ہوئے۔
سنہ ١٩٦۵ء کو جمعیة المعلمین مرکزی کاؤنسل کے صدر منتخب ہوئے۔ سنہ ١٩٧٦ء سے سنہ ١٩٨٩ء تک مرکزی کاؤنسل سیکریٹری، سنہ ١٩٨٢ء سے سنہ ١٩٩۵ء تک سنی نوجوان تنظیم کے ریاستی سیکریٹری، تعلیمی بورڈ کے نصابی کمیٹی کنوینر، سمستھا کے مرکزی مجلسِ مشاورہ کے نائب صدر، تعلیمی بورڈ آف انڈیا کے صدر وغیرہ عہدوں پر فائز رہے۔
آپ اردو، عربی اور ملیالم زبان میں مہارت رکھتے تھے۔ ان زبانوں میں آپ نے چالیس سے زائد کتب تصنیف فرمائیں۔ علاوہ ازیں کئی رسائل و اخبارات میں مختلف موضوعات پر مضامین بھی لکھتے رہے۔ آپ اپنی دینی اور سماجی خدمات کے لیے مختلف ایوارڈ اور خطاب سے نوازے گئے، جو درج ذیل ہیں:
● مصفّیٰ ایوارڈ
● ایس وائی ایس گولڈن جوبلی ایوارڈ
● کوڈم پوژا غزالی ایوارڈ
● مخدوم ایوارڈ
● نورالعلماء کا خطاب (عراقی عالمِ دین سید صواب الدین الرفاعی نے “نورالعلماء” کا خطاب دیا۔)
١٧ فروری سنہ ٢٠١۵ء کو کاسرگوڈ کے کئیکوٹو کڈاؤ میں آپ کا وصال ہوا۔ آپ کی نماز جنازہ آپ کے قائم کیے ہوئے ادارے جامعہ سعدیہ کے احاطے میں ادا کی گئی۔ [٢]
حوالہ وحاشیہ:
١۔ کاسرگوڈ بھارت کی ریاست کیرلا کے سب سے جنوب میں واقع ایک شہر ہے۔ “مالک دینار مسجد” یہیں پر ہے۔ یہ شہر ملبار ساحل پر واقع ہے۔ یہاں پر بسنے والی قوم “ماپلہ” ہے۔ یہ وہ پہلی قوم ہے جس نے بھارت میں پہلے پہل اسلام قبول کیا۔ : کاسرگوڈ : اردو ویکیپیڈیا
٢۔ عبدالقادر مسلیار : اردو ویکیپیڈیا
*مرتب : محمد سلیم انصاری ادروی*