ستر ہزار ملائکہ کی سلامی

از: افتخار الحسن رضوی

چند برس قبل خانقاہِ قادریہ بدایوں شریف (اتر پردیش ، ہندوستان) سے حضرت قبلہ شیخ عبد الحمید سالم القادری رحمۃ اللہ علیہ (والدِ گرامی شیخ اسید الحق قادری شہید بغداد رحمۃ اللہ علیہ ) مدینہ منورہ حاضر تھے۔ عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور عشاء کے بعد ان کی طبیعت کچھ ناساز محسوس ہو رہی تھی۔ میں نے عرض کیا کہ فجر کی نماز ہوٹل میں ہی ادا فرما لیں، مسجد نبوی شریف نہ جائیں تاکہ سرد موسم اور رش کی وجہ سے کوئی تکلیف نہ ہو۔ اس پر حضرت نے محبت و شوق سے فرمایا، فجر اور عصر تو نزولِ ملائکہ کے وقت ہیں، قبولیت کے خاص لمحات ہوتے ہیں۔ ان دو أوقات میں ہمیں خود کو محروم نہیں رکھنا چاہیے ۔ دیگر کئی مشائخ اور اہل اللہ کا یہی طریقہ دیکھا کہ فجر کے وقت روضہ شریفہ کے نزدیک تر بیٹھتے ہیں یا عثمانی احاطے میں موجود رہتے ہیں۔ نزول ملائکہ سے متعلق یہ روایت پڑھیے اور یادِ مدینہ منورہ میں تڑپیے۔

سیدنا کعب رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ ہر صبح ستر ہزار فرشتے نازل ہوتے ہیں جو مکینِ گنبدِ خضرٰی صلی اللہ علیہ واٰلہ واصحابہ وبارک وسلم کی قبر شریف کو گھیر لیتے ہیں، اس کے ساتھ اپنے پَر لگاتے اور بارگاہِ رسالت میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔ جب شام ہوتی ہے تو یہ فرشتے واپس چلے جاتے ہیں اور مزید سترہزار فرشتے حاضر بارگاہِ مصطفوی ( صلی اللہ علیہ واٰلہ واصحابہ وبارک وسلم ) ہوکر اسی طرح کرتے ہیں یہاں تک کہ روزِ قیامت گناہگاروں کے شفاعت فرمانے والے، اللہ کے پیارے، بے کسوں کے سہارے سرکار کریم محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ واٰلہ واصحابہ وبارک وسلم ستر ہزار فرشتوں کے جُھرمَٹ میں اپنی قبرِ منور سے باہر تشریف لائیں گے۔

(مشکوٰۃ المصابیح، ج2، ص401، حدیث:5955ملخصاً)

دارمی و بیہقی سمیت دیگر کئی محدثین رحمہم اللہ علیہم اجمعین نے ایسی ہی روایات نقل کی ہیں۔ بعض روایات میں لکھا ہے کہ جو فرشتہ ایک بار حاضرِ بارگاہ ہوا، تاقیامت دوبارہ یہ سعادت نہ پائے گا۔ اللہ اکبر۔ یعنی معصومین فقط ایک بار۔ لیکن یہ سرکارِ مدینہ ﷺ کا خاص کرم ہے کہ ہم عاصیوں کے لیے یہ درِ اقدس ہمیشہ کے لیے کھلا ہے۔

شیخ الإسلام، امام اہل السنہ سیدی شاہ احمد رضا علیہ الرحمہ فرماتے ہیں

سَتَّر ہزار صبح ہیں سَتَّر ہزار شام

یُوں بندَگیِ زُلْف ورُخ آٹھوں پہرکی ہے

جو ایک بار آئے دوبارہ نہ آئیں گے

رُخصت ہی بارگاہ سے بس اس قدر کی ہے

یہ بدلیاں نہ ہوں تو کروڑوں کی آس جائے

اور بارگاہ مَرحَمتِ عام تَر کی ہے

معصوموں کو ہے عُمْر میں صرف ایک بار

عاصی پڑے رہیں تو صَلا عمر بھر کی ہے

آج جمعہ ہے، کثرت سے درود و سلام بھیجیے اور دعائوں کا سلسلہ دراز کیجیے۔

الصلاہ والسلام علیک یا رسول اللہ

وعلٰی اٰلک واصحابک یا حبیب اللہ

کتبہ: افتخار الحسن رضوی

۱۱ جمادی الآخر ۱۴۴۳ بمطابق ۱۴ جنوری ۲۰۲۲، جمعۃ المبارک

#IHRizvi