*آہ! یہ لمحہ جدائی*

ممتاز نعت خواں، خوش الحان قاری قرآن، بہت اچھے اور ہنس مکھ انسان محب گرامی حضرت حافظ و قاری ریاض الدین اشرفی (مبلغ سنی دعوت اسلامی) آج برطانیہ میں ایک روڈ ایکسیڈینٹ میں انتقال کر گئے، إنا لله وإنا إليه راجعون. وہ لندن سے پروگرام کر کے مانچسٹر جا رہے تھے کہ ان کی کار بھیانک حادثے کا شکار ہو گئی_ جب سے یہ سنی ہے دل کی دنیا زیر و زبر ہے، بڑا دکھ ہوا، یہ لمحہ جدائی کافی صبر آزما اور مشکل ہے، ایک لمبا وقت ان کی رفاقت میں گزرا ہے، وہ خوش طبعی، مزاج پرسی کا انوکھا انداز، تلاوت قرآن پاک کا منفرد لہجہ اور نعت مصطفیٰ سنانے کا دل پذیر سلیقہ آج بہت یاد آ رہا ہے، اللہ عزوجل نے انھیں مشکل سے مشکل حالات میں بھی بیدار ذہن کے ساتھ سوچنے اور ہر مشکل گھڑی میں ثابت قدم رہنے کا ملکہ عطا فرمایا تھا، انھوں نے کئی صبر آزما اور پریشان کن حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور کامیاب ہوئے تھے، تراویح سنانے کئی بار برطانیہ کا سفر کیا تھا، ملک و بیرون ملک ان کے نعتیہ پروگرام ہوتے تھے، کئی بار مفکر اسلام علامہ قمرالزماں اعظمی اور مولانا محمد شاکر نوری (امیر سنی دعوت اسلامی، ممبئی) کے ہمراہ اشرفیہ مبارک پور بھی ان کا آنا ہوا تھا، برطانیہ کا یہ سفر بھی نعت خوانی کے سلسلے میں تھا، وہ عالمی تحریک سنی دعوت اسلامی کے سرگرم رکن تھے اور امیر سنی دعوت اسلامی کے معتمد بھی_ ہمہ دم خوش و خرم رہنے والا، عشق رسول میں ڈوب کر نعتیں سنانے والا، اور کیسے مزاج ہیں؟ جیسے جملے سے لوگوں کو متوجہ کرنے والا ایک اچھا انسان، ایک اچھا دوست آج ہم سے جدا ہو گیا، اللہ عزوجل ان کی مغفرت فرمائے، انھیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے آمین ثم آمین_

غم زدہ
توفیق احسن برکاتی
16/ جنوری 2022ء