أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

فَاسۡجُدُوۡا لِلّٰهِ وَاعۡبُدُوۡا ۩۞

ترجمہ:

سو اللہ کے لیے سجدہ کرو اور اس کی عبادت کرو

النجم :62 میں فرمایا : سو اللہ کے لئے سجدہ کرو اور اس کی عبادت کرو۔

حضرت ابن مسعود (رض) ، امام ابوحنیفہ اور امام شافعی نے کہا : اس آیت میں سجدہ سے مراد سجدہ تلاوت ہے۔ سورة نجم کے تعارف میں ہم بیان کرچکے ہیں کہ حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا کہ جب نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس آیت پر سجدہ کیا تو آپ کے ساتھ وہاں پر موجود تمام مومنوں اور مشرکوں نے سجدہ کیا۔

حضرت ابن عمر (رض) نے فرمایا کہ اس سجدہ سے مراد نماز کا سجدہ ہے، ان کے نزدیک یہ سجدہ عزائم سجود سے نہیں ہے اور امام مالک کا بھی یہی قول ہے، اور صحیح پہلا قول ہے۔ (الجام الاحکام القرآن جز 17 ص 113-114)

سورۃ النجم کا اختتام :

الحمد للہ رب العلمین : آج بہ روز جمعرات، بعد از نماز عصر مورخہ 28 شعبان المعظم 1425 ھ/14 اکتوبر 2004 ء سورة النجم کی تفسیر ختم ہوگئی اس سورت کو میں نے 19 ستمبر کو شروع کیا تھا اس طرح 25 دن اس سورت کی تفسیر مکمل ہوگئی۔

الہ العلمین ! جس طرح آپ نے یہاں تک پہنچایا ہے، باقی قرآن مجید کی تفسیر بھی مکمل کرا دیں اور راقم الحروف، اس کے والدین، اس کے اساتذہ اور احباب اور تلامذہ کی مغفرت فرما دیں، اس کتاب کو قیامت تک کے لئے مقبول اور وجہ ہدایت بنادیں اور اس کتاب کے مصنف، اس کے ناشر اور معاونین اور تمام قارئین کی مغفرت فرما دیں۔

غلام رسول سعیدی غفرلہ

خادم الحدیث دارالعلوم نعیمیہ، 15 فیڈرل بی ایریا، کراچی۔ 38

القرآن – سورۃ نمبر 53 النجم آیت نمبر 62