تبلیغ دین کے تازہ جلوے
*تبلیغ دین کے تازہ جلوے…*
مستقرِ بعید میں دین کی تبلیغ سعادت و فیروز مندی کی بات ہے… عالم اہلِ سُنّت مفتی عبدالرحمٰن قادری مبلغِ اسلام ہیں… داعیِ اسلام ہیں… جن کی دعوت و تبلیغ سے بکثرت سیاہ فام انگریز داخلِ اسلام ہو رہے ہیں… مفتی صاحب کا تعلق کراچی سے ہے… خلیفۂ حضور مفتی اعظم علامہ سید شاہ تراب الحق قادری کے تربیت یافتہ اور مُرید ہیں… ایک مدت سے افریقی ملک ملاوی کی (لمبے) جامع مسجد میں خدمت دین و سنیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں… وقفے وقفے سے اطلاعات ملتی ہیں… کہ افریقہ کے غریب علاقوں میں آباد عوام دامنِ اسلام میں پناہ لے رہے ہیں… دل کی دُنیا بدل رہی ہے… افکار کی بزم نورِ ایمان سے منور ہو رہی ہے… پوری پوری فیملی اسلام کی طرف مائل ہو رہی ہے… نورِ ایمان سے بستیاں معمور ہو رہی ہیں…
ابھی مفتی عبدالرحمٰن صاحب قادری نے یہ خوشخبری دی کہ: “آج کے تربیتی اجتماع میں ملاوی کے ایک گاؤں (Lirangwe) میں 84 مرد و خواتین کا قبول اسلام…”
یہ واقعہ 26 مارچ 2022ء کا ہے… ایمان افروز ہے… حوصلہ افزا ہے… کاش! اس طرح کے واقعات سے ہم میں سچے مبلغ بننے کی لگن پیدا ہو… دعوت و تبلیغ کے میدان کے حقیقی جلوے اگر سامنے آ جائیں تو وادیاں ایمان کی خوشبو سے مہک مہک اُٹھیں….
گزشتہ سوا تین سال کی مدت میں 825 غیر مسلم حلقہ بگوش اسلام ہوئے… مفتی عبدالرحمٰن قادری صاحب کی نگرانی میں جو مبلغین سرگرم عمل ہیں ان کے ہاتھوں تقریباً ایک ہزار افراد داخلِ اسلام ہو چکے ہیں… اس طرح لگ بھگ دو ہزار افراد نے دامن اسلام میں پناہ لی اور رہِ مستقیم پر استقامت اختیار کی…
دو اسکول بھی قائم فرمائے… غریب نواز اسکول (بمقام: مکاومبا،ڈسٹرکٹ چیرازولو ملاوی) اور عبدالقادر اسکول (ڈسٹرکٹ مسولا ملاوی)
مفتی صاحب سے احقر نے پوچھا کہ ملاوی کے احوال پر روشنی ڈالیں تو فرمایا: ملاوی افریقہ کے 54 ممالک میں سے ایک بہت پسماندہ ملک ہے… جہاں ایک وقت میں 30-35 فیصد مسلمان تھے… اب آفیشیل 15 فیصد ہیں اس زوال کی اہم وجہ مبلغین کا افریقی ممالک کو نظر انداز کر دینا ہے…
مفتی صاحب ملاوی کے ایک شہر بلائنڑ کی سب سے بڑی مسجد “لِمبی جامع مسجد” میں امامت و خطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں… وہاں مسجد کی سو سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قرآن اکیڈمی (حفظ کلاس کے مقامی رہائشی) بچوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے… جو کامیاب بھی ہے اور حوصلہ افزا بھی…جہاں اس وقت 25 مقامی افریقی رہائشی بچے ہیں اور 26 میمن بچے حصولِ علم دین کر رہے ہیں… بحمدہٖ تعالیٰ گزشتہ 6 ماہ میں 3 افریقی بچے حافظ بن چکے ہیں…
ہم نے جلسوں کو تبلیغ، بنا تربیت کی درس گاہوں کو مدرسہ، شخصیت پرستی کو خدمت دین سمجھ لیا ہے… جب کہ اسلاف نے بنجر وادیوں میں گلِ ہزارہ کی کاشت کی… سچی تبلیغ کا عملی نمونہ پیش کیا… انقلاب کی صبح طلوع ہوئی…
بہر کیف! مفتی عبدالرحمٰن قادری لائق تحسین ہیں… ان کی خدمات باعثِ افتخار ہیں… اللہ تعالیٰ ان کے امثال پیدا فرمائے اور وادی دعوت میں ہمیں جدوجہد کی توفیق بخشے آمین بجاہ حبیبہٖ سیدالمرسلین علیہ الصلاۃ
غلام مصطفیٰ رضوی
نوری مشن مالیگاؤں
27 مارچ 2022ء
***