وظیفہ برائے باطنی طہارت و ترقی
رمضان کے وظائف۔پہلا وظیفہ برائے باطنی طہارت و ترقی
رمضان کریم کی آمد ہے، نیکی، روحانی ترقی اور خیر و برکت جمع کرنے کا موسمِ بہار ہو گا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی کچھ وظائف و عملیات عام مسلمانوں کے فائدے کے لیے پیش کروں گا۔ بالخصوص علماء کرام، مدرسین، ائمہ مساجد اور خدام دین ان پر عمل کی کوشش کریں تاکہ دنیا داروں کی محتاجی سے بچ سکیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ خود دار اور ایماندار علماء و خدام دین پر پریشانیوں اور دنیاوی مسائل کا بوجھ زیادہ ہوتا ہے۔
سب سے پہلا وظیفہ تزکیہ نفس اور باطنی طہارت کے لیے شروع کریں۔ وظائف میں روزے کی افادیت بے شمار ہے، اس کی وجہ سے فوائد و نتائج دو چند ہو جاتے ہیں تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ اعضا خصوصا زبان کا بھی روزہ ہو تاکہ فضول گوئی کی نحوست سے محفوظ رہیں۔
سحر و افطار میں کھانا بہت کم کھائیں، گوشت سے پرہیز کریں خصوصا برائلر چکن اور باہر کے کھانے سے صد فیصد دور رہیں۔
ترکیب وظیفہ:
رات کچھ حصہ آرام کے بعد تہجد کے لیے اٹھیں، ایک تسبیح درود ِ شفاء کے بعد دو زانو بیٹھ کر توجہ قلب پر، سانس بند اور “اللہ” کی مشق کریں۔ بیس تیس سیکنڈ سے شروع کریں، پانچ منٹ تک یہ جاری رکھیں پھر روزانہ جتنا بڑھ سکے۔
اگر آپ اس عمل کا حق ادا کر لیں تو یقین جانیں ظاہری و باطنی طہارت عطا ہو جائے گی، اور یہیں سے کشف و اسرار کی دنیا میں داخلے کی ابتداء ہو گی۔
اگر مزید وقت و ہمت ہو تو کھانے میں گوشت اور گوشت سے بنی ہر شے سے پرہیز کے ساتھ اکیس ایام تک اپنے نام کے اعداد کے مطابق “یا اللّہ یا رشید” کا عمل وقت و مقام مقرر پر کریں۔ یہ ایک طریقے سے زکوۃ صغیر بھی ادا ہو جائے گی اور اس عمل کے فوائد بھرپور عطا ہوں گے۔ یہی عمل جملہ مسائل و مشکلات ، حاجات و مصائب میں کام دے گا۔ اکیس ایام کے بعد ایک تسبیح وقت مقررہ پر عمل میں رکھیں۔
فارغ وقت میں کثرت استغفار سونے پر سہاگہ ہو گا۔
یہ عمل علما و ائمہ کے لیے بالخصوص اور عوام کے لیے بالعموم پیش ہے۔
اگلی اقساط میں روز مرہ زندگی سے متعلق عام مسائل پر کچھ وظائف پیش خدمت ہوں گے اور زیادہ تر وظائف رمضان کریم کی پانچویں شب سے شروع کیے جائیں گے ۔
دعا گو
افتخار الحسن رضوی