رشتـہ و نـکاح کے لیے وظائف
sulemansubhani نے Saturday، 2 April 2022 کو شائع کیا.
رشتـہ و نـکاح کے لیے وظائف
(رمضـان کا وظــیفہ نمبر ۲)
از: افتخار الحسن رضوی
روحانی علاج میں چند بڑے مسائل میں سے ایک مسئلہ رشتوں میں بندش و رکاوٹ ہے۔ خصوصاً لڑکیوں کی عمریں بڑھتی جا رہیں ہیں اور مناسب رشتے نہیں ہو پاتے۔ معاشرتی نحوست کی وجہ سے طلاق کی شرح بھی خوفناک حد تک بڑھ چکی ہے ، کچھ عرصہ قبل لاہور سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق طلاق کی شرح پینتیس فیصد سے بڑھ چکی ہے اور برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں میں یہ شرح چوالیس فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ اگرچہ اس کی اصل وجہ دینی ، اخلاقی، شرعی اور نفسیاتی کمزوریاں ہیں تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ان مسائل کو جڑ سے اکھاڑنے والے روحانی پابند شرع عاملین بھی مفقود و معدوم ہیں جب کہ جادو کرنے اور بندشیں ڈالنے والے ہر چوک چوراہے پر موجود ہیں جن کی فیسیں بھی ڈالرز اور پونڈز میں ہیں۔ کسی بھی انفیکشن میں بخار فقط ایک علامت ہے جب کہ اصل بیماری کچھ اور ہوتی ہے تو پیرا سیٹا مول دینے سے بخار کم ہو سکتا ہے لیکن انفیکشن کنٹرول کے لیے آپ کو اینٹی بائیوٹکس کی بھی ضرورت ہو گی۔ لہٰذا، نکاح، رشہ، شادی وغیرہ کے مسائل میں روحانی معالج کی اولین ذمہ داری تشخیص کرنا ہے کہ ان مسائل کی اصل وجہ کیا ہے؟ کیا یہ فقط گھریلو یا معاشرتی عدم توازن ہے، بندش و رکاوٹ ہے یا پھر کہیں نظر بد و سحر کے اثرات ہیں۔ بعض کیسز میں ایسا بھی ہوتا ہے کہ لڑکی یا لڑکا جان بوجھ کر رشتے سے گریز کرتے ہیں اور اس کی طبی وجوہات بھی ہو سکتی ہیں لہٰذا ایک ماہر و حاذق اور دور اندیش معالج درست تشخیص کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کر سکتا ہے یا کم از کم درست حل تلاش کرنے میں رہنمائی فراہم کر سکتا ہے ۔
ماہِ مقدس رمضان کریم میں اللہ کریم کی بارگاہ میں خیرات و برکات کا موسم جوبن پر ہوتا ہے لہٰذا یقین کامل رکھیں کہ رب تعالٰی اس مبارک موسم و مہینے میں ہماری مغفرت کے ساتھ ساتھ حاجات و مقاصد کے لیے کی گئیں دعائیں بھی قبول فرمائے گا۔ مزمن و پیچیدہ مسائل والے ایک بار چیک کروا لیں، ممکن ہے سحر و نظر بد کی وجہ سے بھی مشکلات میں ہوں۔
اگر کسی کی شادی ظاہری حسن میں کمی، عمومی معاشرتی مسائل کی وجہ سے یا شخصی کمزوری کی وجہ سے نہیں ہو پا رہی تو وہ تیرھویں، چودھویں اور پندرھویں رات میں بعد عشاء صلوۃ الحاجات مسنون دو رکعت، بعد سلام ایک تسبیح درود و سلام، ۱۹ بار بسم اللہ شریف مکمل اس کے بعد فاتحہ شریف پڑھیں اور اس کا ثواب نبی کریم ﷺ، اہل بیت و اصحاب خصوصاً شہدائے بدر رضوان اللہ علیہم اجمعین کو ایصال کریں اور اپنے مقصد کے لیے دعا کریں۔ اس کے بعد اپنے نام کے اعداد کے مطابق “ یا اللہ یا لطیف” کا ورد کریں۔ عمل شروع کرنے سے قبل حسبِ اسطاعت صدقہ کریں۔ یہ عمل علاوہ رمضان بھی کیا جا سکتا ہے لیکن انہی تواریخ میں کریں اور روزہ لازمی رکھیں۔
عمل کے دنوں میں ہر قسم کے گوشت سے مکمل پرہیز، کھانا صرف گھر کا پکا ہوا اور بکثرت استغفار کریں۔ وظائف کی کامیابی میں کم بولنا، کم کھانا اور کم سونا بہت اہم ہے خصوصا غیبت، چغلی اور جھوٹ عمل کی تاثیر ختم کر دیتے ہیں اور فرائض کی پابندی تو بہر حال لازم ہے۔
اعداد نکالتے وقت یاد رکھیں کہ ناموں کے ساتھ اضافت مثلا قادری چشتی رضوی وغیرہ شامل نہ کریں بلکہ جو آپ کا اصل نام ہے اسی کے اعداد نکالیں۔
کوشش کریں اسی تحریر کو بغور پڑھ اور سمجھ کر عمل شروع کر لیں، میری طرف سے سب مسلمانوں کے لیے اجازت عام ہے تاہم کسی پیچیدگی یا مزید تشخیص کی ضرورت ہو تو فیس بک پر ہی میسج کریں، جب فرصت ملی جواب عرض کروں گا ۔ میرے پاس وٹس ایپ کال وغیرہ کی سہولت نہیں ہے اور نہ ہی اتنا وقت میسر ہوتا ہے۔
اللہ کریم سب کے لیے خیر کی راہیں کھولیں، حلال رشتے کا حصول آسان فرمائے ۔ آمین
افتــخــار الحســـــــن رضوی
۲۹ شعبان المعظم ۱۴۴۳ بمطابق ۱ اپریل ۲۰۲۲ بروز جمعہ
ٹیگز:-
افتخار الحسن رضوی , علامہ افتخار الحسن رضوی