فَتَوَلَّ عَنۡهُمۡۘ يَوۡمَ يَدۡعُ الدَّاعِ اِلٰى شَىۡءٍ نُّكُرٍۙ ۞- سورۃ نمبر 54 القمر آیت نمبر 6
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
فَتَوَلَّ عَنۡهُمۡۘ يَوۡمَ يَدۡعُ الدَّاعِ اِلٰى شَىۡءٍ نُّكُرٍۙ ۞
ترجمہ:
(اے نبی مکرم ! ) آپ ان سے اعراض کیجئے جس دن ایک بلانے والا ناگوار چیز کی طرف بلائے گا
بلانے والے کے مصادیق اور ناگوار چیز کے محامل
القمر :6 میں فرمایا : (اے نبی مکرم ! ) آپ ان سے اعراض کیجئے، جس دن ایک بلانے والا ناگوار چیز کی طرف بلائے گا۔
جب کوئی شخص کسی کو نصیحت کرتا ہے اور وہ اس کی نصیحت قبول نہیں کرتا تو وہ اس سے اعراض کرلیتا ہے، اسی اعتبار سے فرمایا : آپ ان سے اعراض کیجئے، اور یہ جو فرمایا : جس دن ایک بلانے والا ناگوار چیز کی طرف بلائے گا۔ اس بلانے والے کے متعلق مفسرین کے کئی اقوال ہیں :
(1) اس سے مراد حضرت اسرافیل (علیہ السلام) ہیں (2) اس سے مراد حضرت جبریل (علیہ السلام) ہیں (3) اس سے مراد وہ فرشتہ ہے جو اس لئے مقرر کیا گیا ہے کہ وہ قبروں سے نکلنے والے مردوں کو محشر کی طرف لے جائے۔
اور ناگوار چیز کے متعلق بھی کئی اقوال ہیں :
(1) بلانے والا ان کو اس چیز کی طرف بلائے گا جس کا وہ دنیا میں انکار کرتے تھے، کیونکہ وہ مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے اور حشر و نشر کا انکار کرتے تھے۔
(2) بلانے والا ان کو اس چیز کی طرف بلائے گا جو انجام کار ان کو دوزخ میں ڈاخل کرنے کا باعث ہوگی اور وہ چیز ان کا حساب ہے یا حساب کے لئے محشر میں جمع ہونا ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 54 القمر آیت نمبر 6