أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

فِىۡ مَقۡعَدِ صِدۡقٍ عِنۡدَ مَلِيۡكٍ مُّقۡتَدِرٍ۞

ترجمہ:

سچی عزت کے مقام میں بہت پادر بادشاہ کے پاس

” مقعد صدق “ کی تفسیر

القمر :55 میں فرمایا : سچی عزت کے مقام میں بہت قادر اور بادشاہ کے پاس۔

سچی عزت کے مقام میں یعنی ایسی مجلس میں جس میں صرف سچی باتیں کی جائیں گی، نہ وہاں لغو بات ہوگی نہ گناہ کی بات ہوگی اور وہ جگہ جنت ہے، ایسے بادشاہ کے پاس جو ہر چیز پر قادر ہے۔

امام جعفر صادق نے کہا : اللہ تعالیٰ نے اس جگہ کی تعریف کی ہے، وہ صدق کی جگہ ہوگی سو اس جگہ صرف اہل صدق ہی ہوں گے۔

عبداللہ بن بریدہ نے کہا کہ اہل جنت ہر روز جبار تبارک و تعالیٰ کے پاس حاضر ہوں گے اور اپنے رب تبارک و تعالیٰ کے سامنے قرآن پڑھیں گے اور ہر انسان اپنے اعمال کے اعتبار سے مختلف مجالس میں بیٹھا ہوگا، وہ مجالس، موتی، یاقوت، زمرد، سونے اور چاندی کی ہوں گی اور ان کی آنکھیں اور کسی چیز سے اتنی ٹھنڈی نہیں ہوں گی، جتنی اللہ کے پاس حاضر ہونے سے ٹھنڈی ہوں گی، انہوں نے اس سے پہلے اتنی عظیم اور حسین چیز نہیں دیکھی ہوگی، پھر وہ اپنی آنکھیں ٹھنڈی کر کے اپنی اپنی منزلوں کی طرف لوٹ جائیں گے۔

خالد بن معدان بیان کرتے ہیں کہ ہمیں یہ حدیث پہنچی ہے کہ فرشتے قیامت کے دن مومنوں کے پاس آ کر کہیں گے : اے اولیا ! اللہ ! چلو وہ کہیں گے : کہاں ؟ فرشتے کہیں گے : جنت کی طرف، مومنین کہیں گے : تم ہمیں ہمارے مطلوب کے غیر کی طرف لے جا رہے ہو، فرشتے پوچھیں گے، تمہارا مطلوب کہاں ہے ؟ مومنین کہیں گے : وہ سچی عزت کا مقام ہے بہت قادر بادشاہ کے پاس۔

سورۃ القمر کا اختتام :

الحمد اللہ رب العلمین : آج 7 رمضان المبارک 1425 ھ/ 22 اکتوبر 2004 ء بعد از نماز عصر، سورة القمر کی تفسیر مکمل ہوگئی، 14 اکتوبر 2004 ء کو سورة القمر کی تفسیر شروع کی تھی، اس طرح آٹھ دن میں یہ تفسیر مکمل ہوگئی، الہ العالمین : جس طرح آپ نے یہاں تک پہنچا دیا ہے، باقی قرآن مجید کی تفسیر بھی اپنے فضل و کرم سے مکمل کرا دیں، اس تفسیر کو مقبول بنادیں اور قیامت تک اس کو فیض آفریں رکھیں۔ اور میری، میرے والدین کی، میرے اساتذہ اور تلامذہ کی اور جملہ معاونین اور قارئین کی مغفرت فرمائیں۔

غلام رسول سعیدی غفرلہ

خادم الحدیث دارالعلوم نعیمیہ بلاک 15 فیڈرل بی ایریا، کراچی 38

القرآن – سورۃ نمبر 54 القمر آیت نمبر 55