أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

يَخۡرُجُ مِنۡهُمَا اللُّـؤۡلُـؤُ وَالۡمَرۡجَانُ‌ۚ‏ ۞

ترجمہ:

ان سمندروں میں موتی اور مونگے نکلے ہیں

موتی اور مونگے نکالنے میں اللہ تعالیٰ کی نعمت

الرحمن : 22-23 میں فرمایا : ان دونوں سمندروں میں سے موتی اور مونگے نکلتے ہیں۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔

اللہ تمہارے لئے پانی سے موتی اور مونگوں کو اس طرح نکالتا ہے جس طرح زمین سے اناج اور پھلوں اور پھولوں کو نکالتا ہے، اللہ تعالیٰ صرف میٹھے پانی سے موتی اور مونگوں کو نکالتا ہے اور اس آیت میں ان دونوں سمندروں کا ذکر ہے، حالانکہ ان میں سے صرف ایک موتی اور مونگے نکالتا ہے، کیونکہ قاعدہ یہ ہے کہ عرب دو مختلف جنسوں کا ذکر کرتے ہیں پھر ان میں سے کسی ایک سے خبر دیتے ہیں اور جیسے اس آیت میں فرمایا ہے :

اے جنات اور انسانوں کی جماعت ! کیا تمہارے پاس تم میں سے رسول نہیں آئے۔ (الانعام 130)

اس آیت میں جنات اور انسانوں دونوں میں سے رسولوں کے آنے کا ذکر فرمایا ہے، حالانکہ رسول ان میں سے صرف انسانوں میں سے آئے تھے، اسی طرح کھارے اور شیریں دونوں سمندروں سے موتی اور مونگے نکلنے کا ذکر فرمایا ہے حالانکہ موتی اور مونگے صرف شیریں سمندر میں نکلتے ہیں۔

” لو لو “ اور ” مرجان “ کے متعلق یہ کہا گیا ہے کہ ” لو لو “ چھوٹے موتی ہیں اور ” مرجان “ بڑے موتی ہیں اور اس کے برعکس بھی روایت ہے حضرت ابن مسعود نے فرمایا :” مرجان “ سرخ سیپی کو کہتے ہیں۔

القرآن – سورۃ نمبر 55 الرحمن آیت نمبر 22