أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَمِنۡ دُوۡنِهِمَا جَنَّتٰنِ‌ۚ ۞

ترجمہ:

اور ان دو جنتوں کے علاوہ اور دو جنتیں ہیں

تفسیر:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : اور ان دو جنتوں کے علاوہ اور دو جنتیں ہیں۔۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ دو دو جنتیں سیاہی مائل سبز رنگ کی ہیں۔۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ ان جنتوں میں چھلکتے ہوئے دو چشمے ہیں۔۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ ان جنتوں میں پھل اور کھجوریں اور انار ہیں۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ ان جنتوں میں خوب صورت اور خوب سیرت بیویاں ہیں۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ بڑی آنکھوں والی حوریں ہیں، جو خیموں میں باپردہ ہیں۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ ان کو اس سے پہلے نہ کسی انسان نے ہاتھ لگا ہے نہ جن نے۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ (متقین) سبز قالینوں اور نفیس بستروں پر تکیہ لگائے ہوئے ہوں گے۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔ آپ کے رب کا نام بابرکت ہے جو بہت بزرگی والا اور بہت عزت والا ہے۔ (الرحمن 62-78)

دو مزید جنتوں کی نعمت

الرحمن :62-63 میں فرمایا : اور ان دو جنتوں کے علاوہ اور دو جنتیں ہیں۔ سو تم دونوں اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلائو گے۔

مقاتل بن سلیمان بلخی متوفی 150 ھ لکھتے ہیں

وہ دو جنتیں جو مقربین، صدیقین اور شہداء کے لئے ہیں : یعنی جنت عدن اور جنت نعیم، ان کے علاوہ اور دو فضلیت والی جنتیں ہیں، یعنی جنت الفردوس اور جنت الماوی (تفسیر مقاتل بن سلیمان ج 3 ص 310 دارالکتب العلمیہ بیروت 1424 ھ)

تبیان القرآن – سورۃ نمبر 55 الرحمن آیت نمبر 62

ومن دونهما جنتان - الآية 62 سورة الرحمن