خَافِضَةٌ رَّافِعَةٌ ۞- سورۃ نمبر 56 الواقعة آیت نمبر 3
أَعـوذُ بِاللهِ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
خَافِضَةٌ رَّافِعَةٌ ۞
ترجمہ:
وہ پست کرنے والی، بلند کرنے والی ہوگی
پست اور بلند کرنے کے محامل
نیز فرمایا : وہ پست کرنے والی بلند کرنے والی ہو گی
عکرمہ، مقاتل، اور سدی نے کہا : اس کی آواز قریب والوں کے لئے پست ہوگی اور دور والوں کے لئے بلند ہوگی، یعنی اس کی آواز قریب اور بعید ہر کسی کو سنائی دے گی
سدی نے کہا : وہ متکبرین کو پست کر دے گی اور متواضعین کو بلند کر دے گی
قتادہ نے کہا : وہ ایک قوم کو اللہ کے عذاب میں سرنگوں کر دے گی اور دوسری قوم کو اللہ کی اطاعت کی وجہ سے سر بلند کرے گی۔
حضرت عمر بن الخطاب (رض) نے فرمایا : وہ اللہ کے دشمنوں کو دوزخ میں پست کرے گی اور اولیاء اللہ کو جنت میں بلند کرے گی۔
محمد بن کعب نے کہا : جو لوگ دنیا میں سر بلند تھے ان کو پست کر دے گی اور جو لوگ دنیا میں سرنگوں تھے ان کو بلند کر دے گی
ابن عطاء نے کہا : کسی کو عدل سے نیچا کر دے گی اور کسی کو فضل سے بالا کر دے گی
سربلندی اور پستی عربی میں جگہ اور مکان کے اعتبار سے بھی مستعمل ہوتی ہے اور عزت اور ذلت کے اعتبار سے بھی مستعمل ہوتی ہے اور اس آیت میں اس کا استعمال دونوں اعتبار سے ہے۔
القرآن – سورۃ نمبر 56 الواقعة آیت نمبر 3