*آبِ زَمزَم*

 

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

 

امام حُمَیدِی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں :

ہم حضرت ابو محمد سُفیان بن عُیَینَہ رضی اللہ تعالی عنہ کے پاس تھے تو انھوں نے ایک حدیث پاک بیان کی کہ

آب زمزم سے ہر وہ مراد پوری ہو جاتی ہے جس کے لیے وہ پِیا جائے

یہ سن کر ایک آدمی اٹھ کر چلا گیا پھر واپس آیا اور کہا :

اے ابو محمد! زمزم والی حدیث جو آپ نے بیان کی کیا وہ صحیح ہے؟

فرمایا : ہاں

تو اس نے بتایا کہ ابھی میں نے جا کر ایک ڈول زمزم اس مُراد سے پیا ہے کہ آپ مجھے سَو (100) حدیثیں سنائیں گے

تو حضرت سفیان بن عیینہ رضی اللہ تعالی عنہ نے اسے بِٹھا کر سَو حدیثیں سنائیں (المجالسۃ و جواہر العلم للدِینَوَرِی، ج٢، ص٣٤٢، ٣٤٣)

 

*یہی وجہ ہے کہ بے شمار حضرات نے آب زمزم پی کر اپنی اپنی مرادیں پوری کی ہیں مثلاً :*

 

◾️ہمارے امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ نے اس نیت سے زمزم پیا کہ انھیں علم و فقاہت حاصل ہو جائے تو ان کا مرتبہ ظاہر ہے

 

◾️امام شافعی رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے تین مرادیں لے کر زمزم پیا پہلی تیر چلانے میں مہارت کے لیے تو میری دس میں دسوں تیر ٹھیک نشانے پر لگتی ہیں دوسری علم کے لیے تیسری جنت میں داخل ہونے کے لیے

 

◾️امام حکیم ترمذی کے والد کو اندھیری رات میں دوران طواف پیشاب کی شدت محسوس ہوئی مگر باہر نکلنے میں پاؤں آلودہ ہونے کا خطرہ تھا تو آب زمزم پی کر صبح تک پیشاب کی شدت سے محفوظ رہے

 

◾️امام حاکم نے بہتر تصنیف وغیرہ کے واسطے آب زمزم پیا تو اپنے زمانے کے بہترین مصنف ہوئے

 

◾️خطیب بغدادی نے تین مرادیں لے کر آب زمزم پیا ایک یہ کہ تاریخ بغداد کو بغداد میں روایت کریں دوسری جامع منصور میں حدیث املاء کرائیں تیسری حضرت بشر حافی علیہ الرحمۃ کی قبر کے پاس دفن ہوں تو تینوں مرادیں پوری ہوئیں

 

◾️امام جزری علیہ الرحمۃ کے والد محترم نے ایسی اولاد کے لیے آب زمزم پیا جو قرآن کا خادم ہو تو امام جزری پیدا ہوئے

 

◾️امام ابن حجر عسقلانی علیہ الرحمۃ نے تین مرادیں لے کر آب زمزم پیا پہلی حدیث پاک میں ان کی یادداشت امام ذہبی علیہ الرحمۃ کی طرح ہو جائے تو ہو گئی دوسری وہ اپنے شیخ بلقینی علیہ الرحمۃ کی طرح بغیر کتاب دیکھے فتوی لکھ سکیں تو ایسا ہی ہوا اور تیسری مراد بیان نہیں کی

 

◾️امام سیوطی علیہ الرحمۃ نے اس نیت سے آب زمزم پیا کہ وہ فقہ میں امام بُلقینی علیہ الرحمۃ کے مرتبہ تک پہنچ جائیں اور حدیث میں امام ابن حجر علیہ الرحمۃ کے مرتبہ تک پہنچ جائیں تو پہنچ گئے

 

🔘 بندہ محمد داوٗد کمال کہتا ہے :

میری پسندیدہ مراد وہ ہے جو محقق علی الاطلاق امام ابن ہمام حنفی علیہ الرحمۃ کی تھی یعنی انھوں نے ایمان پر استقامت اور وفات کی نیت سے آب زمزم پیا اور اس کے ساتھ ہی یہ مراد بھی کہ علم میں مَیں اعلی حضرت علیہ الرحمۃ کے مرتبہ تک پہنچوں اور فضل میں امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ کے سَویں حصہ تک پہنچو‍ں تاکہ امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالی عنہ کو خواب میں سَو بار اللہ تعالی کا دیدار ہوا تھا تو مجھے خواب میں ایک بار اللہ تعالی کا دیدار ہو جائے….. بس آب زمزم ملنے کا اب انتظار ہے

 

حسن اتفاق کہ یہ تحریر لکھنے کے بعد ہی مجھے آب زمزم مل گیا اور میں نے اپنی تینوں پسندیدہ مُرادوں کے لیے اسے پی لیا ہے الحمد لله على ذلک

 

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

الجواہر و الدرر للسخاوی، ص١٦٦

تفسیر القرطبی، ج١٢، ص١٤٩

تذکرۃ الحفاظ ص١٠٤٤

تاریخ مدینۃ دمشق لابن عساکر، ج٥، ص٣٤

جامع اسانید ابن الجزری ص١٢٨

جزء فی حدیث ماء زمزم لابن حجر العسقلانی، ص ٢٧١، ٢٧٢

فتح القدير شرح الھدایۃ، ج٢، ص٥٢١

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

 

 

*عــــــزیـــــز مـصبــاحی*

Saudi Arabia Bans Carrying ZamZam Water in Bags