جمعہ کا دن مبارک کیسے بنائیں

افتخار الحسن رضوی

صاحبو، دنیا کی اس دوڑ دھوپ اور مصروفیت میں اپنے جمعہ کی برکات سے خود کو محروم ہونے سے بچائیں۔ یقین جانیں یہ دن ایک نہایت برکت و فضیلت والا اور سعادتوں سے بھرپور ہے۔ اس دن کو عید کا دن قرار دیا گیا۔ اس کے پروٹوکول کے مطابق گزارنے کی کوشش کریں۔ اگر ملازمت کرتے ہیں یا دفتری امور میں مصروف ہیں تو عین خطبے کے وقت مسجد پہنچنے سے جمعہ تو ادا ہو جائے گا لیکن اس کی بھرپور برکات سے محروم رہیں گے۔ مثلاً جمعہ کے دن صبح سے ہی خوشی کے ساتھ نماز جمعہ کا انتظار کرنا اور خود کو اس کی تیاری میں مگن رکھنا، بچوں کو بھی اسی طرف راغب کرنا اور ایک مخصوص ماحول تشکیل دینا۔ صحیح بخاری میں سیدنا عبد اللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس شخص کو جمعہ کا دن نصیب ہو جائے وہ غسل کرے۔ اس غسل سے مراد جمعہ کی تیاری کے لیے کیا گیا غسل ہے۔ اسی طرح نبی کریم ﷺ خاص خوشبو، مسواک، تیل ، کنگھی اور صاف ستھرا لباس، کا اہتمام فرماتے۔ ہو سکتا ہے مریضانِ عقل کے لیے یہ باتیں سمجھنا مشکل ہو لیکن یہ سب کچھ ایک خوشی کا سامان فراہم کرنے والی مبارک عادات ہیں۔

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ جمعہ کے وقت خرید و فروخت حرام ہو جاتی ہے اور حضرت عطاء رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اس وقت تمام کاروبار حرام ہو جاتے ہیں۔ قرآن مقدس نے بھی جمعہ کے لیے بلند ہونے والی ندا کے بعد سب کو اسی طرف رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اللہ تعالٰی کی رضا کے لیے جمعہ کے مخصوص گھنٹوں میں آپ بھی اپنا کاروبار بند کر دیں اور خدا تعالٰی کے لیے یہ اوقات وقف کریں اور اس سے توبہ و استغفار کے ساتھ مغفرت، رحمت اور کرم کا سوال کریں۔

خطبہ خاموشی سے سنیں، خطبے کے دوران گفتگو حرام ہے، حتٰی کہ کسی کو مسئلہ بتانے کی بھی اجازت نہیں، امام کے نزدیک بیٹھیں، پہلی صف میں جمع ہونے کی کوشش کریں لیکن گردنیں نہ پھلانگیں۔ پیدل چل کر مسجد جانا سنت ہے مجبوراً سواری پر بھی جا سکتے ہیں۔

جمعہ کے دن دو خاص وظائف ہیں، پہلا وظیفہ سورہ مبارکہ الکہف ہے۔ سیدنا مولا علی رضی اللہ عنہ نے سرکار اعظم ﷺ کا فرمان نقل کیا ہے کہ جس شخص نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کی تو وہ آئندہ جمعہ تک ہر طرح کے فتنے سے بچ جاتا ہے، یہاں تک کہ اگر دجال بھی نکل آئے تو اس سے بھی محفوظ رہے گا۔

اور دوسرا وظیفہ بکثرت درود و سلام پڑھنا ہے۔ نبی پاک ﷺ کا فرمان ہے جمعہ کے دن تمہارا درود و سلام مجھ پر پیش کیا جاتا ہے اور ابن ماجہ کی روایت میں تو یہ لکھا ہے کہ اس دن یعنی جمعہ کو نبی پاک ﷺ نے اپنے اوپر کثرت سے درود بھیجنے کا حکم فرمایا ہے یعنی اس دن کو حضور ﷺ نے پسند فرمایا ہے۔ لہٰذا خوب خوب جمعہ کی برکات سمیٹیں، اپنی ایمانی و روحانی ترقی اور مغفرت و بخشش کا ذریعہ بنائیں۔

اللہم صل وسلم و بارک علٰی سیدنا ومولانا محمد، وعلٰی اٰلہ واصحابہ وبارک وسلم

 

افتخار الحسن رضوی