ٹرانس جینڈر بل کے نتائج کیا ہوں گے ؟
ٹرانس جینڈر بل کے نتائج کیا ہوں گے ؟
از :ڈاکٹر محمد اسمٰعیل بدایونی
مستقبل کے پاکستان میں ہر خاندان پریشان ہو گا صورت حال کیا ہو گی ایک مختصر سا خاکہ ملاحظہ کیجیے۔
یہ 2060 ہے آج پاکستان میں ہر خاندان پریشان ہے
مام ! آخر آپ کیوں نہیں سمجھ رہی ہیں کہ شکیلہ لڑکا نہیں لڑکی ہی ہے۔ثاقب نے کہا۔
وہ کیسے ؟دیکھ رہے ہیں آپ اس کا دماغ خراب ہو چکا ہے۔مام نے اپنے ہسبینڈ کی جانب دیکھتے ہوئے کہا۔
اسے ہم بچپن سے جانتے ہیں وہ لڑکا ہی تھا ابھی دو ماہ قبل ہی تو اس نے شناختی کارڈ کے دفتر میں جا کر اپنی جنس تبدیل کرائی ہے ۔۔۔یہ لڑکی کیسے ہو سکتی ہے ؟موم نے غصے سے کہا۔
مام بس ! آپ شکیلہ کی توہین کیسے کر سکتی ہیں ؟ ہر شخص کو قانون میں اجازت ہے کہ وہ اپنی جنس تبدیل کرسکتا ہے ۔۔۔ثاقب نے ہاتھ اٹھا کر مام کو اشارے سے شٹ اپ کال دی ۔
مام ! ڈیڈ ! جب قانون نے اجازت دے دی ہے تو پھر کیا پریشانی ہے ؟ثاقب نے کہا۔
یہ گناہ ہے ہم جنس پرستی ہے اسی وجہ سے لوط علیہ السلام کی قوم پر عذاب آیا تھا۔۔۔ڈیڈ نے کہا۔
اگر اس قانون میں کوئی مسئلہ ہوتا تو پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ کوئی قانون قرآن وسنت کے منافی نہیں بن سکتا اور اگر یہ قانون قرآن کے خلاف تھا تو بتائیے جن سیاسی جماعتوں نے اس بل کی حمائیت کی کسی بھی مسلک کے مفتی صاحب نے انہیں ووٹ نہ دینے کا فتویٰ دیا؟ ۔۔۔ اس زمانے کی سیاسی جماعتیں بھی اسلامی ٹچ دیا کرتی تھیں وہ بھی تو اس بل کی حمایت میں تھیں ۔۔۔ثاقب نے دلیل دیتے ہوئے کہا۔
تم کچھ نہیں جانتے ۔ڈیڈ نے نفی میں گردن ہلاتے ہوئے کہا۔
بابا میں نے شہر کے سب سے مہنگے اسکول سے پڑھا ہے ، میں نےگریجویشن پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی سے کیا ہے جہاں پاکستان کی ایلیٹ کلاس آتی ہے اب بھی اگر میں کچھ نہیں جانتا تو پھر تو آپ نے مجھ پر جو کچھ خرچ کیا وہ سب برباد ہو گیا۔ثاقب نے بدتمیزی سے کرتے ہوئے کہا۔
ہاں ! واقعی سب کچھ برباد ہوگیا۔۔۔ڈیڈ نے اپنے آنسو پونچھتے ہوئے کہا۔
آپ نے میری شادی شکیلہ سے نہیں کی تو میں کورٹ میرج تو کر ہی لوں گا۔۔۔ثاقب یہ کہہ کر گھر سے نکل گیا۔
کئی گھروں میں یہ مسئلہ جنم لے گا اس قانون کو بنیاد بنا کر کہیں مرد ، مر د سے تو کہیں عورت عورت سے شادی کرے گی اور قومِ لوط کے عذاب کو دعوت دے گی ۔
کئی ہولناک معاشرتی مسائل جنم لیں گے ۔
کہیں وراثت کے مسائل جنم لیں گے بیٹیاں دو گنا حصہ لینے کے لیے اپنی جنس تبدیل کرا کر بیٹا ظاہر کریں گی اور ڈبل حصہ لیں گی
کہیں مرد اپنی جنس تبدیل کرا کر عورت بن جائے گا اور پھر عورتوں کے لیے جو مسائل جنم لیں گے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ۔
امریکہ کے ٹرانسجینڈر fallon fox ایک مرد ہے اس نے خود کو عورت کی جنس میں تبدیل کرا لیا اور امریکہ میں اس کو عورت تسلیم کر لیا گیا اور اس کو عورتوں کے کھیلوں میں اجازت دے دی گئی پھر مارشل آرٹ کے ایک مقابلے میں اس کا مقابلہ ایک خاتون فائیٹر tamikka brents سے ہوا ۔ Fallon fox نے ایک مکا جب tamikka brents کے سر پر مارا تو اس کے سر میں سات جگہ فریکچر ہو ااور اسے ہسپتال لے جانا پڑا tamikka brents کا اپنا کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں کبھی اتنا زبردست مکا نہیں کھایا اس ایک مکے نے نظریہ مساوات اور ٹرانسجینڈر کے قوانین کو طشت ازبام کرکے رکھ دیا۔
احبابِ من ! اس بات کو غور سے سمجھیے گا حقوق جنس کے نہیں رشتوں کے ہوتے ہیں ۔۔۔
ماں اور بیوی دونوں ہی ایک جنس ہیں مگر دونوں کے حقوق میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔۔۔اگر حقوق کا تعین جنس کے اعتبار سے کیا جانے لگا تو محرم رشتوں کا تقدس پامال ہو جائے گا۔
آپ چاہتے ہیں کہ ایسا کچھ آپ کے بچے اور بچیوں کے ساتھ ہو؟
یہ جنگ کسی مسلک کی نہیں ہے ۔۔۔یہ جنگ کسی طبقے ،کسی زبان ،کسی فرقے کی نہیں یہ جنگ انسانیت کی جنگ ہے ۔
جنگ تو مسلط ہے لڑئیے ۔۔۔بے باک ہو کر لڑئیے ۔
یہ جنگ شعور کی جنگ ہے شعور کے ساتھ لڑئیے ۔
23 ستمبر 2022