حویلیاں،ایبٹ آباد میں میلادالنبی کے جلوس پر اندھادھند شیلنگ
حویلیاں،ایبٹ آباد میں میلادالنبی کے جلوس پر
اندھادھند شیلنگ اور فائرنگ کی مذمت
مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن ،مفتی محمد الیاس رضوی اشرفی ، صاحبزادہ ریحان امجد علی نعمانی ، علامہ
مفتی عابد مبارک المدنی ، علامہ سید مظفر شاہ قادری، علامہ اشرف گورمانی ،مفتی وسیم اختر المدنی،مفتی رفیع
الرحمن نورانی مفتی نذیر جان نعیمی اور علامہ لیاقت حسین اظہری نے مندرجہ ذیل مشترکہ بیان جاری کیا ہے:
’’حویلیاں ضلع ایبٹ آباد میں کل اہلسنت و جماعت کی سیاسی مذہبی تنظیم کے زیر انتظام میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم
کے جلوس پر اندھا دھند شیلنگ اور فائرنگ کی گئی ، ہماری معلومات کے مطابق چارافراد شہید اور متعدد زخمی
ہوگئے ہیں، ہم شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں ، ان کے اہل خانہ اور
تحریک کے ذمے داران سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
یہ ساری کارروائی اس وقت کی گئی جب دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوکر جلوس واپس جار ہا تھا، نیز یہ جلوس
اس مقام سے کافی فاصلے پر منتشر ہو گیا تھا ، جہاں انتظامیہ چاہتی تھی کہ نہ جاۓ ۔ اس کے باوجود اس
پر تشد دکارروائی کی گئی ، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ ملک پہلے ہی سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا
شکار ہے، ایسے میں انتظامیہ طاقت کے زعم میں آ کر مسائل کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کے بجاۓ
طاقت استعمال کرے تو لگتا ہے: حکومتی اور ریاستی نظم میں ایسے با اختیارلوگ موجود ہیں جو ملک میں انتشار اور
فساد چاہتے ہیں ، اگر انھیں کنٹرول نہ کیا گیا اور قانون کی گرفت میں نہ لیا گیا تو اس کے نتائج ملک وملت
کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری قانونی اور انتظامی اقدامات کر کے غم زدہ
لوگوں کی اشک شوئی کی جائے اور اس سانحے کے ذمے دار افسران کے خلاف کارروائی کی جاۓ ، تمام گرفتار
کارکنان کوغیر مشروط طور پر رہا کیا جاۓ ، ہم اہلسنت سے اپیل کرتے ہیں: پرامن رہیں ، اپنے جذبات کو قابو
میں رکھیں، اللہ تعالی کے ہاں دیر ہے،اندھیر نہیں ہے۔
17اکتوبر 2022ء
