دعوتِ اسلامی کے تحت فاضلینِ درسِ نظامی و متخصصین کی دستار بندی
⭐ستاروں کا ہجوم⭐
گزشتہ شب دعوتِ اسلامی کے تحت، سال 2021/22کے 1234فاضلینِ درسِ نظامی و متخصصین کی دستار بندی کی گئی۔اس پرفتن دور میں علما کی اتنی بڑی کھیپ کا تیار ہونا ایک خوش آئند اور امید افزا بات ہے۔
اس بھری بہار کے موقع پر میں اس لہلاتے چمن کے بانی شیخِ طریقت قبلہ امیرِ اہلسنت،باغبانانِ چمن مرکزی مجلسِ شُوری، کنزالمدارس بورڈ، مجلس جامعۃ المدینہ انتظامی و تعلیمی امور، اساتذۃ الحدیث اور دستارِ فضیلت پانے والے تمام خوش نصیبوں غُنچوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ سب فارغ التحصیل اس نُورِعلم کی بدولت ہر تاریکی میں مشعلِ راہ ثابت ہوں گے۔حدیثِ پاک میں ہیں:’زمین پر علما ستاروں کی مثل ہیں جن سے خشکی وتری کے اندھیروں میں رہنمائی لی جاتی ہے’۔
اس دستارِ فضیلت کے سلسلے میں پاکستان کے 9 مقامات پر عظیم الشان اجتماعات منعقد کیے گئے، شہرِگوجرانوالہ کے اجتماع میں،میں بھی حاضر تھا اور میں کیا بتاؤں کہ میں کہاں تھا۔
شب جاے کہ من بُودم:
عجب دلنشین ماحول تھا،موقع و محل کی دلفریبی اور رعنائی بھی خوب تھی لیکن ان پُر کیف لمحات میں نعمتِ دستار کے لیے آنے والے اسّی فضلاے کرام کا منظربھی ناقابلِ فراموش ہے۔کھِلے چہرے، چمکتی آنکھیں، نیازمند جبینیں، تن پر سفید پوشاکیں اور سر پر سفید عماموں کے تاج، ایسا محسوس ہوتا تھا گویا ستاروں کا ایک ہجوم ہوگیا ہے جو اپنی اپنی جہات کو دور دور تک منور کرنے کے لیے منتشر ہونے کا منتظر ہے۔
خوشی کی ان گھڑیوں میں جب دستاربندی کا عمل شروع ہوتا ہے تو ایک سماں بندھ جاتا ہے، آٹھ سالہ طویل ترین سفر کے آخری دو قدم طے کرنے کی کیفیت ناقابلِ بیان ہوتی ہے۔دل دھڑک رہا ہوتا ہے،اپنے نام کا بُلاوا سننے کے لیے تعجیل و تاخیر کی ایک عجیب کشمکش پیدا ہوجاتی ہے۔ اُس وقت ذہن میں اس سفر کی کئی باتیں،یادیں،واقعات اور تعلقات اُبھر آتے ہیں اور کبھی ان کا اظہار آنکھوں سے بہتے ہوے آنسوؤں کی صورت میں ہوتا ہے۔کچھ ایسے ہی مناظر رات میں نے بھی دیکھے، طلبہ تو طلبہ میں نے اساتذہ کو بھی اشکبار دیکھا یعنی میں نے ستاروں کی آنکھوں میں ستاروں کا ہجوم دیکھا۔
روز اچھے نہیں لگتے آنسو
خاص موقعوں پہ مزا دیتے ہیں
✍️شہبازاحمدمدنی ،گوجرانوالہ
25/10/22