میرے پاس کشف المحجوب شریف کے تین نسخے ہیں ، تینوں اردو تراجم میں ہیں ،

 

پہلا نسخہ

 

1972ء مزدور پرنٹنگ پریس کراچی کا شائع شدہ ہے ، کل صفحات 403 ہیں ، یہ منقولہ حضرت خواجہ بہاؤالدین زکریا ملتانی رحمہ اللہ بسال 662ھ جو پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع سابق پرنسپل اورینٹل کالج لاہور کے کتب خانے میں محفوظ ہے، اس کاترجمہ کسی ایف ڈی گوہر نامی شخص کا کیا ہوا ہے ، جو کہ بظاہر ٹھیک ہی معلوم ہوتا ہے ۔ یہ نسخہ بغیر کسی مقدمے و تحقیق و تخریج کے ہے ۔

 

دوسرا نسخہ

 

مکتبہ شمس و قمر لاہور سن اشاعت 2012ء کا ہے ، کُل صفحات 640 ہیں ، اس کا ترجمہ حضرت علامہ ابوالحسنات سید محمد احمد قادری رحمہ اللہ نے کیا ہے ۔ یہ نسخہ ڈاکٹر خالق داد ملک اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کی تحقیق تخریج و تدوین جدید کے ساتھ اچھے کاغذ میں شائع ہوا ہے ۔ اس کا مقدمہ بھی کافی معلوماتی ہے ۔

 

تیسرا نسخہ

 

یہ پروگریسو بکس لاہور سے 2019ء میں پہلی بار شائع ہوا ، کُل صفحات 752 ہیں ، اس کا ترجمہ حضرت مفتی غلام سید معین الدین نعیمی رحمہ اللہ نے کیا ہے ۔ اس کا مقدمہ بھی تقریباً مکتبہ شمس و قمر کے نسخے والا ہی ہے ، لیکن اس نسخے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں علامہ عاطف سلیم نقشبندی صاحب کی تخریج ، تصحیح اور بہترین تعلیقات شامل ہیں جو سابقہ دو نسخوں میں موجود نہیں ، یہ خاصیت شاید اسے دوسرے نسخوں سے ممتاز بنادے ، حواشی میں تقریباً 130 صحابہ و اہل بیت اور مشائخ عظام کا تعارف کتبِ معتبرہ سے لکھا گیا ہے بعض مقامات پر مشہور اعتراضات کے جوابات بھی دئیے گئے ہیں ۔ اللہ تعالی ان کی کاوش قبول فرمائے آمین ۔

 

✍️ارسلان احمد اصمعی قادری

26/10/2022ء