اعظم خان سواتی نے گریہ کرتے ہوۓ اپنی اہلیہ کے ساتھ خلوت کی ایک
ویڈیو منظر عام پر آنے کوحکومتی اداروں کی شرمناک سازش قرار دیا ہے۔
کسی بھی شریف آدمی کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ یقیناً بے حد قابل مذمت ہے۔ یہ انسانیت سے
گری ہوئی حرکت ہے ۔ ہر صاحب دل اور نیک نفس شخص اسکو بے حد قابل نفرت گردانتا ہے
ہم سب اسکی کھلے دل سے مذمت کرتے ہیں کہ تحقیقات کے نتیجے میں جو شخص یا ادارہ اس کا ذمہ دار
ثابت ہواس کو بلا تخصیص قانون کے مطابق سزادی جاۓ بلکہ نشان عبرت بنایا جاۓ ۔
اعظم خان سواتی نے میرے ساتھ جو کچھ کیا الحمدللہ عدالت نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی
کر دیا اور مجھے باعزت بری کر کے میری بیگناہی کا اعلان کر دیا۔اس لیے میرے وہ احباب جو
میری محبت اور حمایت میں اعظم خان سواتی کو دراصل مکافات عمل کا شکار قرار دے رہے ہیں،
میں ان کی محبت کا احترام کرتے ہوۓ ان سے درخواست کرتا ہوں کہ میں نے اپنا معاملہ اللہ
کے سپردکر دیا ہے۔اس لیے وہ احترام آدمیت اور شرف انسانیت کے تحت اپنے جذبات قابو میں
رکھیں ۔اور اس قسم کے بیانات دینے سے اجتناب کریں۔ محترم جاوید چوہدری نے اپنی ویڈیو
میں جن امکانات اور خدشات کا اظہار کیا ہے وہ بھی قابل توجہ ہیں ۔ مگر حق وانصاف کے مطابق
قانون کے تقاضے پورے کیے بغیر کسی پر الزام تراشی جائز نہیں ۔اس لیے میں بھی جاوید چوہدری
صاحب کی تائید کرتے ہوۓ ان تمام معاملات کا غیر جانبداری سے تحقیق وتفتیش کا مطالبہ کرتا ہوں
اور قبل از وقت الزام تراشی بلکہ کردارکشی کرنے سے احباب کو باز رہنے کی ہدایت کرتا ہوں ۔
میں اس وقت انگلینڈ میں ہوں اور دو ہفتے تک واپسی ہوگی پھر احباب
سے مشاورت کر کے آئندہ کے لائحمل کا تعین کیا جاۓ گا۔
سید حامد سعید کاظمی
(سابق وفاقی وزیر مذہبی امور )
OOOO Allama Syed Hamid Saeed Kazmi