فرضی قصہ گوئی کا گمراہ کن گھیرا
فرضی قصہ گوئی کا گمراہ کن گھیرا
✍️ پٹیل عبد الرحمٰن مصباحی، گجرات (انڈیا)
﴿وَمِنَ ٱلنَّاسِ مَن یَشۡتَرِی لَهۡوَ ٱلۡحَدِیثِ لِیُضِلَّ عَن سَبِیلِ ٱللَّهِ بِغَیۡرِ عِلۡمࣲ وَیَتَّخِذَهَا هُزُوًاۚ أُو۟لَـٰۤىِٕكَ لَهُمۡ عَذَابࣱ مُّهِینࣱ﴾ [لقمان – ٦]
ترجمہ: اور کچھ لوگ کھیل کی بات خریدتے ہیں کہ الله کی راہ سے بہکا دیں بے سمجھے اور اُسے ہنسی بنالیں اُن کے لیے ذلت کا عذاب ہے۔ (ترجمہ کنز الایمان)
یہ آیت نضر بن حارث کے بارے میں نازل ہوئی. اس نے عَجمی لوگوں کی قصہ کہانیوں پر مشتمل کتابیں خریدی ہوئی تھیں اور وہ کہانیاں قریش کو سنا کر کہا کرتا تھا کہ محمد (مصطفٰی ﷺ) تمہیں عاد و ثمود کے واقعات سناتے ہیں اور میں تمہیں رستم، اسفندیار اورایران کے شہنشاؤں کی کہانیاں سناتا ہوں. کچھ لوگ اُن کہانیوں میں مشغول ہوگئے اور قرآنِ پاک سننے سے دور ہو گئے تو اس پر یہ آیت نازل ہوئی. اللہ کا کلام اور پیغمبر کے فرامین چھوڑ کر محض دنیا داروں کے قصے سننے والوں کو لہو و لعب میں مبتلا قرار دیا گیا. آیت کریمہ میں قصہ گوئی کا کام کرنے والوں کا مقصد یہ بیان ہوا کہ وہ لوگوں کو اللہ کے راستے سے بھٹکانا چاہتے ہیں اور اپنی قصہ گوئی سے الٰہی تعلیمات کا مذاق اڑانے کے خواہاں ہیں. ایسے لوگوں کی خاص صفت “بِغیرِ علمِِ” ذکر کی گئی، یعنی قصہ گوئی کی کثرت اور اس کی تمام تر علمی ملمع سازی کے باوجود یہ لوگ بے علم ہیں. قصہ گوئی سے ان کی جہالت وقتی طور پر چھپ تو جائے گی مگر فکر و نظر کے درست استعمال کے ذریعے وہ حقیقی علم تک پہنچنے سے محروم رہیں گے. آیت کے آخری جز میں جہالت و بدنیتی پر مشتمل گمراہ کن قصہ گوئی کے سبب ان لوگوں کے لیے ذلت آمیز عذاب کی وعید بھی سنائی گئی ہے.
قاضی بیضاوی “لھوَ الحدیث” کی تفسیر میں لکھتے ہیں : ما يُلْهِي عَمّا يَعْنِي كالأحادِيثِ الَّتِي لا أصْلَ لَها والأساطِيرِ الَّتِي لا اعْتِبارَ بِها والمَضاحِكِ وفُضُولِ الكَلامِ،
ترجمہ: لا یعنی کلام کو لھو الحدیث کہتے ہیں جیسے وہ باتیں جن کی کوئی اصل نہیں اور وہ قصہ کہانیاں جن کا کوئی اعتبار نہیں اور ہنسنے ہنسانے کی باتیں اور بے ہودہ بکواس.(بیضاوی)
ہمارا زمانہ تو خاص طور پر پُر تکلّف قصہ گوئی کا زمانہ ہے. ہمارے دور کا ناول نگار فرضی قصہ گوئی کا بے تاج بادشاہ ہے. موٹیویشنل اسپیکر فرضی حکایات کی چلتی پھرتی دکان ہے. اسٹینڈ اپ کامیڈیَن اپنے وضع کردہ مزاحیہ قصوں سے بناوٹی مسکراہٹ کی سوداگری کا ماہر ہے. ڈرامہ نگاری تو جھوٹ کا پورا ایک کارخانہ ہے جہاں ہمہ وقت ہزاروں فرضی کردار تراشے اور اسکرین پر نبھائے جاتے ہیں، حتیٰ کہ حقیقت کی پرستار کہی جانے والی سائنس میں بھی فکشن وضع کر لی گئی ہے جہاں مستقبل کی دنیا کے فرضی نقوش اور مفروضہ واقعات کے من گھڑت پرزے جوڑے جاتے ہیں. افسانوی ادب کے تحت خود نوشتوں سے لے کر سفرناموں تک ہر تحریری شعبہ مفروضہ قصہ گوئی سے اثر پذیر دکھائی دیتا ہے. گویا پوری دنیا کا ہر انسان کتاب سے لے کر اسکرین تک اپنے آس پاس کے علمی وسائل میں فرضی واقعہ نگاری اور من گھڑت قصہ گوئی سے گھرا ہوا ہے. مزید یہ کہ جدید قصہ گوئی کا یہ پورا سسٹم اس طور پر کام کرتا ہے کہ ہر مرتبہ اس کا نتیجہ یا خلاصہ؛ الٰہی تعلیمات کی مخالفت یا تضحیک پر مبنی ہوتا ہے اور ہر واقعہ کا شعوری ٹارگٹ مذہبی تعلیمات کا کوئی نہ کوئی پہلو ہوتا ہے، یہاں تک کہ حیا سوز معلومات پر مشتمل فحش نگاری کو بھی قصہ گوئی کی ایک صنف کا درجہ دیا جاتا ہے. ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کی اخلاقیات سے لے کر اعتقادات تک ہر چیز میں تخریب کاری کرنا ہی جدید قصہ گوئی کا اول و آخر مقصد ہے.
ہمارے دور میں امت کا المیہ یہ ہے کہ موجودہ مسلمان نسل زندگی خوش گوار بنانے کے لیے ہر قصہ گو موٹویشنل اسپیکر کو سن رہی ہے، ہر فکشن نگار لکھاری کو پڑھ رہی ہے، ہر اسٹینڈ اپ کامیڈیَن کی فرضی حکایات میں رہنمائی تلاش کر رہی ہے… مگر… کلامِ الٰہی کے “احسن القصَص” اور حکمت بھرے واقعات سے غافل ہے. قرآن کے صفحات پر موتیوں کی طرح بکھرے ہوئے درجنوں واقعات میں پوشیدہ ہدایت اور زندگی کے لیے کارآمد افکار سے مسلمانوں کی نئی نسل لاپرواہی کی حد تک بے تعلقی کا مظاہرہ کر رہی ہے. دینی تعلیم سے آراستہ نہ ہونے کی وجہ سے مسلم نوجوانوں کی ذہنی کیفیت یہ ہو چکی ہے کہ وہ انسانی تاریخ کے بیان کردہ قرآنی واقعات کو شبہہ کی نظر سے دیکھتے اور غیر شعوری طور پر سوال اٹھاتے ہیں کہ اس کے حقیقی ہونے کی کیا گارنٹی (ضمانت) ہے؟ ممکن ہے یہ واقعات غلط ہوں یا بعینہ ایسے نہ ہوں جیسے آسمانی کتاب میں نازل ہوئے ہیں، لہٰذا ایسے واقعات سے رہنمائی لینا عقلی معیار کے خلاف ہے. ایک طرف تو یہ بے جا احتیاط بلکہ ہٹ دھرمی کہ آسمانی کتاب میں بیان شدہ انسانی تاریخ کے متواتر واقعات سے انحراف اور اس کی افادیت سے انکار جب کہ دوسری طرف جانتے بوجھتے ہوئے کہ یہ سب ناول نگار کی اختراع ہے یا موٹیویشنل اسپیکر کا فرضی واڑہ ہے یا ڈرامہ نگار کا خیالی پلاؤ ہے یا اسٹینڈ آپ کامیڈین کے ذہن کی مضحکہ خیز پیداوار ہے…. اس کے باوجود اس میں زندگی کی حقیقت کا راز پنہاں ہونے کے دعوے اور اپنے ماضی کا عکس نظر آ جانے یا اپنے مستقبل کی دھندلی تصویر دکھ جانے کا راگ الاپا جا رہا ہے، ایسی دو طرفہ بے احتیاطی اور دوہری جہالت نے مسلمانوں کی نئی نسل کو مثبت عقلی اقدام سے محروم کر رکھا ہے.
ایسے ماحول میں قرآن مجید کی درج بالا آیت اہل اسلام کے شعور کو کس قدر متاثر کرنے والی ہے. پیغمبر جو بات بیان کر رہے ہیں؛ وحی متلو(قرآن) یا غیر متلو(حدیث) کی شکل میں؛ اس کو چھوڑ کر ادھر ادھر کے حکیموں کے اقوال یا ان کے قصوں میں مشغول ہو جانا، قرآن کے نقطہ نظر سے لھو الحدیث (کھیل کی بات، لغو بات) کہلاتا ہے. غور کا مقام ہے ان لوگوں کے لیے جو ارسطو سے لے کر ڈیوڈ ہیوم تک، ہر فلسفی کے لایعنی خیالات میں الجھے ہوئے ہیں اور بات بات پر منٹو سے لے کر چغتائی تک، لکھاریوں کے ناولانہ فقروں میں زندگی کی حقیقت نظر آنے کا اعلان کرتے پھرتے ہیں. نیز سائنس کی (ایلِیَن یا ڈائنوسار جیسی) لایعنی ابحاث اور جدید سیاست کے (پارٹی و لیڈر پرستی) کے گمراہ کن معاملات میں الجھ کر قرآن و سنت کی تعلیمات کو فراموش کر جانا بھی “لھوَ الحدِیث” کی واضح مثال ہے. ہمیں یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ جب تک ہم “لھوَ الحدِیث” کی نئی بھول بھلیا سے نہیں نکلیں گے اس وقت تک صراط مستقیم پر دلجمعی کے ساتھ چلنا ناممکن نہیں تو کم از کم انتہائی مشکل ضرور ہوگا.
09.07.1444
02.02.2023