اسلامی دنیا کے خوبصورت ترین، تاریخی اور عظیم تہذیبی ورثے سے مالا مال مُلک “المغرب” یعنی مراکش میں گزشتہ شب شدید ترین زلزلہ آیا جس سے تاحال تقریباً ایک ہزار اموات ہو چکی ہیں۔ پورے ملک میں زلزلہ محسوس کیا گیا لیکن خصوصا قدیم مراکش، الصویرہ، اگادیر، یوسفیہ، شیشاوہ، ورزازات، اسفی وغیرہ میں کافی نقصانات ہو چکے ہیں۔ شہر مراکش کے معروف و پرہجوم علاقہ جامع الفنا میں عمارتیں گری ہیں۔ تاریخی اسلامی مقامات و مزارات اس کے بالکل قریب ہی واقع ہیں۔ سیدنا محمد بن سلیمان الجزولی، قاضی عیاض المالکی، سیدی بالعباس رحمہم اللہ علیہم اجمعین وغیرہ کے مقابر بھی اسی علاقے میں ہیں۔ شیشاوہ اور اسفی کے علاقوں میں مساجد کے شہید ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ مدارس، کالجز، ہسپتال، شہری آبادی اور عام عمارات منہدم ہوئی ہیں۔ تاریخی شہر فاس اور شمالی علاقے محفوظ ہیں۔ دار الحکومت رباط میں شدت محسوس کی گئی تاہم نقصانات سے رب کریم نے بچا لیا۔
دار الحکومت رباط میں پاکستانی سفارتخانہ حقائق سے آگاہ ہے۔ نائب سفیر محترمہ رابعہ قصوری صاحبہ اور ڈیفنس اتاشی بریگیڈئیر قلب الحسنین صاحب سے براہ راست ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔ اگر آپ کے اعزاء و اقرباء میں سے کوئی فرد مراکش کے متاثرہ علاقے میں مقیم ہے یا کسی پریشانی کا سامنا ہے تو راقم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ہر ممکن مدد و معاونت کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگلے دو دن میں ہماری طرف سے مالی، طبی اور بحالی کی امداد مراکش پہنچ جائے گی اور ہم خود براہ ِ راست اس کام کے لیے وہاں موجود ہوں گے۔ ان شاء اللہ
رب تعالٰی سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور کسی بھی حادثے و پریشانی سے بچائے۔
افتخار الحسن رضوی
#morocco #earthquake #IHRizvi