*فلسطین اور اہلِ فلسطین کی موجودہ درد ناک صورتِ حال پر اظہارِ تاسف !!*

آنسو بہا رہی ہے فلسطین کی زمیں
امداد چاہتی ہے فلسطین کی زمیں

اسلام کے سپاہیو ! کب سے تمہاری راہ
حسرت سے تک رہی ہے فلسطین کی زمیں

کمزور و ناتواں ہیں، نہتے ہیں اپنے لوگ
رو رو کے کہہ رہی ہے فلسطین کی زمیں

صیہونیت کے ظلم و تشدد کو روکنے
تم کو پکارتی ہے فلسطین کی زمیں

اپنی زبانِ حال سے اقوامِ دہر سے
انصاف چاہتی ہے فلسطین کی زمیں

حضرت عمر کو بھیج دے اے ربِ کائنات
برسوں سے رو رہی ہے فلسطین کی زمیں

کیسے بیاں کروں یہ حقیقت کہ خون میں
کب سے نہا رہی ہے فلسطین کی زمیں

خطرے میں اپنا ’’قبلۂ اول‘‘ ہے آج پھر
ہم کو پکارتی ہے فلسطین کی زمیں

ظالم یہودیوں کے تشدد کو جھیل کر
مظلوم بن گئی ہے فلسطین کی زمیں

اربابِ حل و عقدِ عرب کو بچشمِ تر
آواز دے رہی ہے فلسطین کی زمیں

اوسان ہیں خطا کہ شہیدوں کے خون سے
رشکِ ارم بنی ہے فلسطین کی زمیں

اشرفؔ رضا خدا سے دعا کر کہ شاد ہو
مغموم اور دُکھی ہے فلسطین کی زمیں

✍️ از
محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلیٰ سہ ماہی امین شریعت