Site icon اردو محفل

کعبے کے در کے سامنے مانگی ہے یہ دعا فقط

کعبے کے در کے سامنے

از:… حضور نظمی میاں مارہروی مد ظلہ العالی

کعبے کے در کے سامنے مانگی ہے یہ دعا فقط

ہاتھوں میں حشر تک رہے دامنِ مصطفی فقط

اپنے کرم سے اے خدا عشقِ رسول کر عطا

آخری دم لبوں پہ ہو صَلِّ عَلٰی صدا فقط

طیبہ کی سیر کو چلیں قدموں میں ان کی جان دیں

دفن ہوں ان کے شہر میں ہے یہی التجا فقط

نزع کے وقت جب مری سانسوں میں انتشار ہو

میری نظر کے سامنے گنبد ہو وہ ہرا فقط

منکر نکیر قبر میں ہم سے سوال جب کریں

ایسے میں ورد ہم رکھیں آپ کے نام کا فقط

دنیا کی ساری نعمتیں میری نظر میں ہیچ ہوں

رکھنے کو سر پہ گر ملیں نعلین مصطفی فقط

نعتِ رسول پاک ہے نظمیؔ کا مقصد حیات

قبر میں بھی لبوں پہ ہو سرکار کی ثنا فقط

Exit mobile version