Site icon اردو محفل

يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ مِنۡ اَزۡوَاجِكُمۡ وَاَوۡلَادِكُمۡ عَدُوًّا لَّكُمۡ فَاحۡذَرُوۡهُمۡ‌ۚ وَاِنۡ تَعۡفُوۡا وَتَصۡفَحُوۡا وَتَغۡفِرُوۡا فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوۡرٌ رَّحِيۡمٌ- سورۃ نمبر 64 التغابن آیت نمبر 14

أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِنَّ مِنۡ اَزۡوَاجِكُمۡ وَاَوۡلَادِكُمۡ عَدُوًّا لَّكُمۡ فَاحۡذَرُوۡهُمۡ‌ۚ وَاِنۡ تَعۡفُوۡا وَتَصۡفَحُوۡا وَتَغۡفِرُوۡا فَاِنَّ اللّٰهَ غَفُوۡرٌ رَّحِيۡمٌ ۞

ترجمہ:

اے ایمان والو ! بیشک تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے کچھ تمہارے دشمن ہیں سو ان سے ہوشیار ہو، اور اگر تم معاف کردو اور درگزر کرو اور بخش دو تو بیشک اللہ بہت بخشنے والا ہے بےحد رحم فرمانے والا ہے.

التغابن : ١٤ میں فرمایا : اے ایمان والو ! بیشک تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے کچھ تمہارے دشمن ہیں سو ان سے ہوشیار رہو۔ اس آیت کے شان نزول میں حسب ذیل اقوال ہیں :

یہ آیت حضرت عوف بن مالک اشجعی (رض) کے متعلق نازل ہوئی ہے، ان کی بیوی اور اولاد تھی اور جب وہ جہاد کے لئے جانے لگتے تو وہ رونے لگتے اور کہتے کہ ہمیں کس پر چھوڑ کر جا رہے ہو ؟

حضرت ابن عباس (رض) بیان کرتے ہیں کہ مکہ میں کچھ مسلمان ہوئے پھر انہوں نے مدینہ ہجرت کا ارادہ کیا تو ان کی بیویوں اور ان کی اولاد نے ان کو ہجرت کرنے سے منع کیا اور روکا۔ (سنن ترمذی رقم الحدیث : ٣٣١٤، المسدترک ج ٤ ص ٢٩٠)

قتادہ نے کہا، تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں بعض وہ ہیں جو تمہیں نیکی کا حکم نہیں دیتے اور برائی سے نہیں روکتے۔

مجاہد نے کہا، ان میں سے وہ ہیں جو تمہیں رشتے منقطع کرنے کا حکم دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرنے کا حکم دیتے ہیں (کہ گھر کی ضروریات اور ہماری فرمائشوں کو پورا کرنے کے لئے رشوت لو اور دیگر ناجائز ذرائع سے مال حاصل کرو۔ )

ابن زید نے کہا : تمہاری بویویں اور تمہاری اولاد میں سے بعض تمہارے دین میں مخالف ہیں یعنی اہل کتاب سے ہیں۔ (النکت و العیون ج ٦ ص ٢٤، تفسیر مقاتل بن سلیمان ج ٣ ص 369)

اس کے بعد فرمایا : اگر تم معاف کردو اور درگزر کرو اور بخش دو تو بیشک اللہ بہت بخشنے والا ہے بےحد رحم فرمانے والا ہے۔

جب کسی مسلمان کو اس کے اہل و عیال ہجرت کرنے سے یا جہاد پر جانے سے روکتے اور وہ ان کی بات نہ مان کر ہجرت کرلیتا اور جہاد پر چلا جاتا تو واپس آ کر وہ اپنے اہل و عیال کو سزا دیتا اور ان پر خرچ نہ کرتا تو یہ آیت نازل ہوئی۔

القرآن – سورۃ نمبر 64 التغابن آیت نمبر 14

Exit mobile version