القیامہ : ٩۔ ٧ میں فرمایا : پس جب نظر چکا چوند ہوجائے گی۔ اور چاند بےنور ہوجائے گا اور سورج اور چاند جمع کردیئے جائیں گے۔
قیامت کی تین علامتیں اور ان پر اعتراضات کے جوابات
دوسری علامت یہ ہے کہ چاند بےنور ہوجائے گا یعنی اس کو گہن لگ جائے گا، اس پر ملحدین نے یہ اعتراض کیا ہے کہ چاند کو اس وقت گہن لگتا ہے، جب چاند اور سورج کے درمیان زمین زائل ہوجاتی ہے اور جب سورج اور چاند جمع ہونگے اس وقت تو یہ حالت پیدا نہیں ہوگی، اس کا جواب یہ ہے کہ چاند کو گہن لگنے کا یہ نظام اللہ تعالیٰ نے بنایا ہے اور وہ اس نظام کا پابند نہیں ہے کہ اس کے بغیر چاند کو گہن نہ لگ سکے، جیسے اللہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کے اختلاط جنسی کو انسان کی پیدائش کا سبب بنایا ہے لیکن اللہ تعالیٰ اس نظام کا پابند نہیں ہے کہ اس کے بغیر انسان کو پیدا نہ کرسکے، اس نے عورت کے بغیر حضرت حواء کو پیدا کردیا اور مرد کے بغیر حضرت عیسیٰ کو پیدا کردیا اور مرد اور عورت دونوں کے بغیر حضرت آدم کو پیدا کردیا، اسی طرح اس نے چاند اور سورج کے درمیان زمین کو حائل ہونے کے چاند کے گہن کا سبب بنایا ہے لیکن قرب قیامت میں اللہ تعالیٰ براہ راست زمین کے حائل ہونے کے بغیر چاند کو گہنا دے گا اور اس کو بےنور کر دے گا۔