Site icon اردو محفل

قَوَارِيۡرَا۟ مِنۡ فِضَّةٍ قَدَّرُوۡهَا تَقۡدِيۡرًا‏ – سورۃ نمبر 76 الانسان آیت نمبر 16

أَعُوذُ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

قَوَارِيۡرَا۟ مِنۡ فِضَّةٍ قَدَّرُوۡهَا تَقۡدِيۡرًا‏ ۞

ترجمہ:

یہ شیشہ کی مثل برتن چاندی کے ہوں گے ( پلانے والے) ان کو ٹھیک ٹھیک اندازے پر رکھیں گے۔

 

الدھر : ١٦۔ ١٥ میں فرمایا : اور ان کے لیے چاندی کے برتن اور ایسے گلاس گردش میں لائے جائیں گے جو شیشہ کی طرح شفاف ہوں گے۔ یہ شیشہ کی مثل برتن چاندی کے ہوں گے، (پلانے والے) ان کو ٹھیک ٹھیک اندازے پر رکھیں گے۔

جنت میں چاندی اور سونے کے برتنوں کے استعمال میں تعارض کے جوابات

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے شفاف چاندی کے برتنوں اور گلاسوں کا ذکر فرمایا ہے اور ایک اور آیت میں سونے کے پیالوں اور گلاسوں کا ذکر فرمایا ہے :

یُطَافُ عَلَیْہِمْ بِصِحَافٍ مِّنْ ذَہَبٍ وَّاَکْوَابٍ ( الزخرف : ٧١)

ان پر سونے کے پیالوں اور سونے کے گلاسوں کا دور چلایا جائے گا۔

اور بہ ظاہر ان آیتوں میں تعارض ہے، اس کا جواب یہ ہے کہ جنت میں سونے اور چاندی دونوں کے برتن ہوں گے، اور اہل جنت کے تنعم اور تعیش کے لیے کبھی ان کو سونے کے برتنوں میں کھلایا اور پلایا جائے گا اور کبھی چاندی کے برتنوں میں۔

اس آیت میں فرمایا ہے : ان کے لیے شفاف چاندی کے برتن ہوں گے، شفاف وہ چیز ہوتی ہے جس کے آر پار دیکھا جاسکے اور چاندی کثیف ہوتی ہے، اس کے آر پار نہیں دیکھا جاسکتا، اس کا جواب یہ ہے کہ دنیا کی چاندی ایسی ہی ہوتی ہے لیکن جنت کی چاندی اور جنس کی ہوگی، اس کے آر پار دیکھا جاسکے گا، نیز شیشہ بھی پتھر کی جنس سے ہے اور وہ فی نفسہٖ کثیف ہوتا ہے تو جب اللہ تعالیٰ کثیف پتھر کو شفاف اور لطیف بنا سکتا ہے تو وہ کثیف چاندی کو بھی لطیف اور شفاف بنا سکتا ہے، نیز حضرت ابن عباس (رض) نے فرمایا : جنت کی کسی چیز کی دنیا کی کسی چیز کے ساتھ کوئی مماثلت نہیں ہے، ان میں صرف نام کا اشتراک ہے، ورنہ جس نام کی چیز دنیا میں ہے، جنت میں اس نام کی چیز اس سے بہت مختلف ہوگی۔

نیز فرمایا : ( پلانے والے) ان کو ٹھیک ٹھیک اندازے پر رکھیں گے۔

یعنی ان گلاسوں میں اتنی مقدار میں مشروب ڈالا جائے گا، جس سے پینے والے سیر ہو سکیں یا اس کا مطلب یہ ہے کہ جب پینے والے اور مشروب پینا چاہیں گے تو پلانے والے ان کو اور مشروب لا کر پلائیں گے۔

القرآن – سورۃ نمبر 76 الانسان آیت نمبر 16

Exit mobile version