وہ نہ ( ٹھنڈا) سایا فراہم کرنے والا ہے نہ شعلہ سے بچاتا ہے.
المرسلات : ٣١ میں فرمایا : وہ نہ ( ٹھنڈا) سایہ فراہم کرنے والا ہے اور نہ شعلے سے بچانے والا ہے۔
دھوئیں کے سائے کی صفات
یعنی اس دھوئیں کا سایہ ایسا نہیں ہوگا جیسا سایہ قیامت کے دن مؤمنین کے لیے ہوگا، اس دھوئیں کے سائے سے شعلے اور چنگاریاں نکل رہی ہوں گی۔
یہ سایہ جہنم میں ہوگا، یہ جہنم کی گرمی سے ٹھنڈک کا سایہ فراہم نہیں کرے گا، اور نہ اس کے شعلوں سے بچائے گا، قرآن مجید میں اس سائے کی صفت بیان فرمائی ہے :
دوزخی گرم ہوا اور گرم پانی میں ہوں گے۔ اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں۔ وہ سایہ ٹھنڈا ہے نہ فرحت بخش۔
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جہنم میں داخل ہونے سے پہلے جب انہیں محشر میں حساب کتاب کے لیے ٹھہرایا ہوا ہو اس وقت ان کے لیے دھوئیں کا سایہ فراہم کیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ یہ سایہ تم کو سورج کی گرمی سے نہیں بچائے گا اور نہ تم سے دوزخ کی آگ کے شعلے کو دور کرے گا اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ دوزخ کے شعلہ سے مراد پیاس ہو، یعنی یہ سایہ تمہاری پیاس کو دور نہیں کرے گا۔