کیافرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلہ کے بارے میں کہ
(1) سید کسے کہتے ہیں ؟ اور ہم اس لفظ کو کن کن اصحاب کے لئے استعمال کرسکتے ہیں ؟
الجواب بعون الملك الوهاب اللهم هداية الحق والصواب
*سیّد* عربی زبان کالفظ ہے جوکہ لغۃً متعدد معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔۔۔۔۔ جیسا کہ لسان العرب میں ہے،
“والسيد يطلق على الرب والمالك واشريف والفاضل والكريم والحليم و محتمل أذى قومه والزوج والرئيس والمقدم، و أصله من ساد والکریم والحلیم يسود فهو سيد.”
یعنی لفظ سید کا اطلاق رب ، مالک ،شرافت دار،علم والے، عزت والے، بردبار ، اپنی قوم سے تکلیف کو دورکرنے والے ، شوہر، قوم کے سردار اور پیشوا پر ہوتا ہے اور اس (لفظِ سید ) کی اصل (باعتبارِ صرف) ساد یسود فہو سیودسے ہے۔
(لسان العرب ۔ جلد03 ۔ صفحہ 228 ۔ دار صاد ۔ بیروت )
جبکہ عرف میں اس کا اطلاق نبئ رحمت صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی شہزادی حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی اولاد یعنی حسنین کریمین رضی اللہ تعالی عنہما اور ان سے جاری تمام اولاد پر کیاجاتا ہے۔ انہیں فاطمی اولاد بھی کہا جاتا ہے۔
یہ بات ذہن نشین رہے کہ متقدمین علماء رحمہم اللہ سیّد کا لفظ تمام اہل بیت کے لئے استعمال کیا کرتے تھے چاہے وہ علوی ہوں عباسی ہوں یاجعفری و عقیلی،اس میں اولادِ فاطمی کی تخصیص نہیں کرتے تھے۔
امام عبد الرحمن جلال الدین سیوطی شافعی رحمۃ اللہ علیہ اپنے ایک رسا لہ ا لعجاجۃ الزرنبیۃ فی السلالۃ الزینبیۃ میں اس مسئلہ پر گفتگو فرماتے ہوئے ارقام کرتے ہیں،
” إن اسم الشریف کان یطلق فی الصدر الأول علی کل من کان من أہل البیت سواء کان حسنیا أم حسینیا أم علویا، من ذریۃ محمد بن الحنفیۃ وغیرہ من أولاد علی بن أبی طالب، أم جعفریا أم عقیلیا أم عباسیا۔۔۔۔ فلما ولی الخلفاء الفاطمیون بمصر قصروا اسم الشریف علی ذریۃ الحسن والحسین فقط، فاستمر ذلک بمصر إلی الآن ۔ “
یعنی بے شک سیّدکا اطلاق قرونِ اولی ہر اُس شخص پر ہوتا تھا جو اہلِ بیت کرام سے ہو، چاہے وہ حسنی ہو ،حسینی ہو ،یا علوی ہومحمد بن حنفیہ کی اولاد اور دیگر اولادِ حضرت علی رضی اللہ عنہ سے، یا جعفری ہو یا عقیلی ہو یاعباسی۔۔۔۔جب مصر میں خلفاءِ فاطمیین کو حکومت ملی تو انہوں نے سیّد کا لفظ فقط امام حسن و حسین رضی اللہ عنہما کی اولاد کے لئے مختص کردیاتو آج تک مصر اسی پر قائم ہے۔ (الحاوی للفتاوی للسیوطی ۔ جلد02 ۔ صفحہ39 ۔ دارالفکر ۔ بیروت)
اب عرب و عجم میں سیّد کا لفظ اولادِ فاطمی کے لئے استعمال ہوتا ہے اور یہ لفظ سن کرذہن اسی نسلِ پاک کی طرف منتقل ہوتا ہے لہذا سیّد سے مراد اہل بیت کرام کی وہ اولادہیں جوفاطمی ہیں یعنی حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کی اولادوں میں سے ہیں۔۔۔۔۔۔
اسی لئے اگر کسی نے وصیت کی کہ اتنے مال سے سید زادوں کو حصہ دیا جائے تو اس سے مراد تمام اہل بیت نہیں بلکہ اولادِ حسن و حسین ہی ہوں گے۔۔
امام سیوطی مذکورہ رسالہ میں اسی مسئلہ کو ذکر فرماتے ہیں ،
أن الوصایا والأوقاف تنزل علی عرف البلد، وعرف مصر من عہد الخلفاء الفاطمیین إلی الآن أن الشریف لقب لکل حسنی وحسینی خاصۃ فلا یدخلون علی مقتضی ہذا العرف۔
یعنی وصیت اور وقف شہر کے عرف کی طرف رجوع کیا جاتاہے، اور مصر کا عرف خلفاءِ فاطمیین کے زمانے سے اب تک یہ ہے کہ سیّد بطورِ خاص ہرحسنی و حسینی کا لقب ہے پس اس عرف کا تقاضا ہے کہ دیگر اہل بیت کرام اس میں داخل نہ کئے جائیں۔
(الحاوی للفتاوی للسیوطی ۔ جلد02 ۔ صفحہ41 ۔ دارالفکر ۔ بیروت)
مسائل کثرحولھاالنقاش والجدل میںہے،
والمراد بالشریف المنسوب الی الحسن والحسین رضی اللہ عنہما۔
یعنی سید سے مرادہے کہ جن کا نسب سیدنا حسن و حسین رضی اللہ عنہما سے منسوب ہو ۔
(مسائل کثر حولھا النقاش والجدل ۔ صفحہ 134 ۔ دارغار حرا ۔ دمشق)
فتاوی رضویہ میں ہے،
سبطین کریمین (رضی اللہ عنہما) کی اولاد سید ہیں۔
(فتاوی رضویہ ۔ جلد 13۔ صفحہ361 ۔ رضا فاؤنڈیشن ۔ لاہور)
فتاوی اہلسنت میں ہے،
حضرت علی کر م اللہ تعالی وجہہ الکریم کی جو اولاد حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے ہیں ان کو اور حسنین کریمین رضی اللہ عنہما کی اولاد کو سید کہا جاتا ہے، ہر سید ہاشمی ضرور ہے مگر ہر ہاشمی سید ہو یہ ضروری نہیں۔
(فتاوی اہلسنت ۔ کتاب الزکوۃ ۔ صفحہ 425 ۔ مکتبۃ المدینۃ ۔ کراچی)
لیکن مذکورہ امر کے ساتھ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ بلاشبہ اہل بیت کرام کا ہر فرد قابلِ احترام اور صاحبِ فضیلت ہے مگر احادیث میں خاص اولادِ فاطمی کے جو فضائل بیان ہوئے ہیں جسے آج ہمارے عرف میں سید کہا جاتا ہے وہ خاص انہیں کے لئے ہیں دیگر اصحاب اُس میں شامل نہ ہوں گے ۔۔۔۔۔۔
(2) کیا ام المؤمنین سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کو سیدہ کہہ سکتے ہیں ؟
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم اسئلک ھدایۃ الحق والصواب
بلاشبہ ام المؤمنین سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا سیدہ عابدہ زاہدہ عالمہ ہیں لہذا ۤپ کو سیدہ کہا جاسکتا ہے ۔مگر سید بمعنی اولادِ فاطمی ہرگزنہیں بلکہ آپ ہاشمیہ ہیں اور سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی صاحبزادی ہیں او ہمارے عرف میں لفظِ سید حضور سیدِ عالم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی فاطمی اولاد کے لئے استعمال ہوتا ہے اس لحاظ سے سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا پر سیدہ کا اطلاق نہیں ہوگا۔
تحریر : فقیر ابو محمد عارفین القادری
04 ستمبر 2015
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
