کیا وہ یہ گمان کرتا ہے کہ اس پر ہرگز کوئی قادر نہ ہوسکے گا ؟
تفسیر:
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : کیا وہ یہ گمان کرتا ہے کہ اس پر ہرگز کوئی قادر نہ ہو سکے گا ؟۔ وہ کہتا ہے : میں نے اپنا بہت مال خرچ کردیا ہے۔ کیا یہ گمان کرتا ہے کہ اس کو کسی نے نہیں دیکھا ؟۔ کیا ہم نے اس کی دو آنکھیں نہیں بنائیں۔ اور زبان اور دو ہونٹ۔ اور ہم نے اس کو ( خیر اور شر کے) دونوں راستے دکھا دیئے۔ ( البلد : ١٠۔ ٥)
کیا ابن آدم یہ گمان کرتا ہے کہ ہم اس کے کفر و شرک اور اس کے فسق و فجور پر اس کی گرفت نہیں کرسکیں گے، یا انسان یہ گمان کرتا ہے کہ اس کے مرنے کے بعد ہم اس کو دوبارہ زندہ نہیں کرسکیں گے یا انسان اپنی امارات اور دولت کے گھمنڈ میں مبتلا ہو کر یہ سمجھتا ہے کہ ہم اس پر عجز اور فقر کو طاری نہیں کرسکیں گے، یا وہ یہ سمجھتا ہے کہ ہم اس کو جزا یا سزا دینے پر اس سے حساب لینے پر قادر نہیں ہیں۔