Site icon اردو محفل

فتنوں سے نہ کھیلیں

یار لوگوں  نے بھی مولانا احمدرضا خاں علیہ الرحمہ کے ساتھ جو سلوک کیاہےاس پر سوائے اس کے کیا کہیں کہ اب مولانا کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں بریلوی کافی ہیں مولانا سے دشمنی کے لیے۔۔۔ہر شخص فتاویٰ رضویہ سےایسے استدلال کررہاہے کہ جیسےفقیہ عصر وہ ہی ہےاس کے سوا سب جاہل،گونگے اورناسمجھ ہیں ۔
سنو!مولانا احمدرضا خاں علیہ الرحمہ کیا کہہ رہے ہیں:
نبی کریم صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلم نے فرمایا :
مَنْ أُذِلَّ عِنْدَهُ مُؤْمِنٌ فَلَمْ يَنْصُرْهُ، وَهُوَ يَقْدِرُ عَلَى أَنْ يَنْصُرَهُ، أَذَلَّهُ اللَّهُ عَلَى رُؤُوسِ الْأَشْهَادِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ
ترجمہ:جس شخص کے  سامنے کسی مسلمان کی بے عزتی کی جائے اور طاقت کے باوجود اس کی امداد نہ کرے تو قیامت کے دن اﷲ تعالٰی اسے برملا ذلیل ورسواکرے گا۔ مسنداحمد بن حنبل
مولانا احمد رضا خاں علیہ الرحمہ اس حدیث کے بعد لکھتے ہیں :
اسے امام احمدنے سہیل بن حنیف رضی اﷲ تعالٰی عنہ سے اسناد حسن کے ساتھ روایت کیا، تمام عظمتیں اﷲتعالٰی کے لئے ہیں۔ اندازہ کیاجاسکتاہے کہ مسلمان کی بے عزتی کو دیکھ کر خاموش رہنا ایسے عذاب کاباعث ہے توخود اسے ذلیل کرنے کے درپے ہونا اور جس مرتبہ کی وجہ سے اسے مسلمانوں کے نزدیک عزت حاصل ہو اس میں رخنہ اندازی کی کوشش کرنا کس قدرعذاب اور اﷲ تعالٰی کے غضب کاسبب ہوگا۔(فتاویٰ رضویہ جلد 24صفحہ 426،427 )
اس کے بعد ایک حدیث لکھتے ہیں
إِنَّ مِنْ إِجْلَالِ اللَّهِ تَعَالَى: إِكْرَامَ ذِي الشَّيْبَةِ الْمُسْلِمِ،
اﷲ تعالٰی کی تعظیم میں سے یہ بھی ہے کہ سفیدبالوں والے مسلمان کی عزت کی جائے۔
احبابِ من ! ہم کہاں جارہےہیں؟
ہم کہیں رکیں گے؟
ہر شخص کی عزت کو تارتارکردو ۔۔۔کسی کے بھی خلاف وڈیو بناؤ اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردو  ۔۔۔پوسٹ بناؤ لگادو ۔۔۔تماشہ بنا دیا ہے۔۔۔اب بر ملا لوگ کہتے ہیں کہ مذہبی لوگ سب سے زیادہ بد اخلاق ہوتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو۔۔۔نہیں تو مذہبی لوگوں کے کمنٹس پڑھ لیجیے مختلف پوسٹوں پر۔
خدارا!اہلِ علمبالخصوص ہوش کے ناخن لیں اعلیٰ حضرت کے فرمان کو دیکھیں اورخود کی اصلاح پر بھی توجہ دیں۔۔۔غلطی ہوئی تسلیم کرلیں ۔۔۔رجوع کر لیں لیکن دماغ میں یہ خناس کس  نے بٹھا دیا ہے کہ آپ اصلاح پروف ہیں۔۔۔
برادرِ محترم!آپ کی اصلاح کرنے والے عام لوگ نہیں ہیں علماء ہی ہیں جید علماء ہیںان کی بات ماننے میں کوئی حرج نہیں۔۔۔
فتنوں کا شغل مت اپنائیے یہ آگ ہے اور آگ جلاڈالتی ہے۔۔۔
میں کئی ایسے اہلِ علم کو جانتا ہوں جنہوں نے لبوں کو سختی سے سی لیا ہے کہ کہیں وہ ان فتنوں کا شکار نہ ہوجائیں ۔۔۔فتنوں سے پناہ مانگیں ،اللہ تعالیٰ محفوظ رکھے فتنوں سے کھیلیں نہیں۔۔۔
اسمٰعیل بدایونی
28 جولائی 2026

Exit mobile version