Site icon اردو محفل

اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ اور مسئلہ تکفیر

اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ اور مسئلہ تکفیر

 

از قلم:  ڈاکٹر محمد نعیم الدین الازھری

 

اعلی حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کی ذات برصغیر میں ایک سند اور مدار المہام  کی حیثیت رکھتی ہے ، آپ کی ذات ایک انجمن اور آپ کی شخصیت میں علم و فکر کا ایک جہان آباد ہے ۔

مستند عالم ربانی  ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ ں سلم کے عاشق صادق ، غیرت دینی کا استعارہ ، محب اہل بیت ، صحابہ کرام اور اسلاف کے ساتھ قلبی وابستگی رکھنے والی شخصیت کو امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے –

آپ نے جس موضوع پر قلم اٹھایا ، علم و حکمت کی ایک کہکشاں سجا کر رکھ دی ۔  برصغیر میں بالخصوص اور پوری دنیا میں بالعموم علم و آگہی سے وابستہ افراد آپ کی کاوشوں کو قدر اور محبت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں –

 

حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازھری رحمۃ اللہ علیہ اپنے عصر کے عظیم محقق ، مفسر ، سیرت نگار اور متبحر عالم دین تھے ، آپ نے ساری زندگی اخلاص و للہیت کے ساتھ خدمت دین متین میں گذاری

آپ تمام اسلاف کی خدمات کو عزت و وقار کر نظر سے دیکھتے  تھے وہیں آپ کو اعلی حضرت کی ذات ستودہ صفات سے گہری قلبی وابستگی تھی

پیر محمد کرم شاہ رحمۃ اللہ علیہ ہمیشہ اس محبت اور تعلقِ خاطر کا اظہار برملا فرمایا کرتے تھے – اور بھری مجالس میں اعلی حضرت کے عشق و محبت کا تذکرہ بڑے مؤثر پیرائے میں کیا کرتے تھے

آپ کی تقریر و تحریر کے حوالوں میں اعلیٰ حضرت کا نام کئی صفحات میں چمکتا دمکتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

یہ محبت بلا وجہ نہ تھی ، اس کا بنیادی سبب یہ تھا کہ آپ صرف ایک واسطے سے اعلی حضرت کے شاگرد اور فیض یافتہ تھے ؛ کیونکہ آپ نے دورہ حدیث مفسر قرآن حضرت صدر الفاضل مولانا محمد نعیم الدین مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ کے پاس مکمل کیا ، اور آپ کی سند حدیث میں بھی حضرت صدر الافاضل کا نام نامی موجود ہے ، آپ صرف ان کے معمولی شاگرد ہی نہ تھے بلکہ آپ کے متعلق دستار بندی کے وقت صدر الافاضل نے فرمایا کہ :

             “ اب میں سرخرو ہوں کہ میرے سینے میں علم حدیث کی جو امانت موجود تھی وہ میں نے ایک با صلاحیت اور اہل فرد کے سینے کے سپرد کر دی ہے” .

مرادآباد سے دورہ حدیث کی تکمیل کے بعد حضرت ضیاء الامت جب رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تو اپنے استاد گرامی سے ملنے مراد آباد تشریف لے گئے ، آپ نے دعوت کا بندوبست کیا اور ان لفظوں میں دعا فرمائی : “ اللہ کریم آپکو حسنات و برکات عطا فرمائے “

اسی دعا کا فیض ہے کہ آپ نے اپنے بڑے لخت جگر کا نام محمد امین الحسنات شاہ اور دوسرے بیٹے کا نام محمد حفیظ البرکات شاہ رکھا .

 

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صدر الافاضل مولانا نعیم الدین مراد آبادی سے اعلی حضرت کی جو علمی روایت آگے بڑھی ہے ، وہ انتہائی سنجیدگی ، متین ، با وقار اور فروغ دین کی حامل دینی روایت ہے –

اگر کسی نے اعلیٰ حضرت کے فیضان کو صدر الافضل کے طریق سے برصغیر میں پھلتے پھولتے دیکھنا ہو تو وہ درج ذیل شخصیات کے نام اور کام کو دیکھ لے ؛

۱- حضرت مولانا ابو البرکات سید احمد قادری بانی دار العلوم حزب الاحناف لاہور

۲- حضرت مفتی محمد حسین نعیمی رحمۃ اللہ علیہ ، بانی جامعہ نعیمہ گڑھی شاہو لاہور ،

۳- حضرت ابو الخیر نور اللہ نعیمی بانی دار العلوم حنفیہ  ، بصیر پور ، اوکاڑہ

۴-حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی گجرات 

۵- حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازھری ، مؤسس دار العلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف سرگودھا

۶ – علامہ جمیل نعیمی رحمۃ اللہ علیہ کراچی

 

جو شخص ان حضرات کے قائم کردہ اداروں اور ان کی علمی خدمات  کو دیکھ لے گا تو اسے ان حضرات کی متانت ، سنجیدگی اور علمی پختگی کا بخوبی اندازہ ہو جائے گا .

یہ تو مولانا صدر الافاضل محمد نعیم الدین مرادآبادی رحمۃ اللہ کے ذریعے اعلیحضرت علیہ الرحمۃ کے فیضان کا نظارہ ہے

دوسرا اور مستحکم علمی سلسلہ اعلیحضرت سے حضرت محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد رحمۃ اللہ علیہ کے ذریعے فروغ پذیر ہوا اس سلسلے کے بڑے عالم مولانا شیخ الحدیث معراج الاسلام رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا محمد فاضل رحمۃ اللہ علیہ دارالعلوم محمدیہ غوثیہ کے ابتدائی اساتذہ میں سے تھے ، مولانا معراج الاسلام اگرچہ منہاج القران میں تدریس کے لئے لاہور تشریف کے گئے لیکن ان کا ان کا یہ تعلق خاطر بھیرہ شریف سے تا دم وصال قائم رہا

۲۰۰۶ میں گولڈن جوبلی کے موقع پر تشریف لائے اور اپنا مقالہ پڑھا

“ حضرت ضیاء الامت کے مسلک محبت کے تین ستون “ جو مطبوعہ شکل میں دستیاب ہے ۔

 

* حضرت ضیاء الامت کی اعلیحضرت امام احمد رضا خان فاضل پریلوی رحمۃ اللہ علیہ سے قلبی وابستگی کا اندازہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ آپ نے اپنے ادارے کے دار الحدیث پر مقاصد تاسیس کی جو لوح آویزاں فرمائی اس پر درج ذیل سطور تحریر تھیں

“ یہ دار العلوم فقہی مسلک حضرت امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کا مقلد ہوگا، جملہ سلاسلِ تصوف کا تہِ دل سے معتقد ہوگا۔ نظریاتی اعتبار سے ملت کے سوادِ اعظم اہل السنت والجماعت کا ہمنوا ہوگا، جس کی ترجمانی اعلیٰ حضرت مولانا احمد رضا خان رحمتہ اللہ علیہ نے کی ہے”۔

 

* حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے مقالات میں اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی کی ہمہ جہت خدمات پر ایک وقیع مقالہ تحریر فرمایا جس میں آپ نے ان حالات کو تفصیل سے پیش کیا جن حالات میں اعلیٰ حضرت نے آنکھ کھولی اور اس وقت کے درپیش چیلنجز کا جس ہمت و جرآت سے سامنا کیا اس کا مفصل ذکر کیا ہے ، اس مقالے کا ایک اقتباس بیش خدمت ہے ؛

“ “ ان حالات میں بریلی کے ایک معزز خاندان میں ایک روحِ ارجمند تشریف فرما ہوئی ، جس کے مقدر میں ان تمام داخلی اور مذہبی فتنوں سے نبرد آزما ہونا رقم تھا ، اور پیکر حسن و جمال ، مصدر جود و نوال ، منبع فضل و کمال اور مرکز عشق و محبت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ملت کا رشتہ عقیدت و نیاز مندی استوار کرنا مقصود تھا –

رحمت الٰہی نے بڑی فیاضی سے انہیں بے نظیر صلاحیتوں سے بہرہ ور فرمایا تھا ۔

بلَا کا حافظہ ، ذہنِٰ وقاد ، طبع رسا ، اقلیم فصاحت و بلاغت کی سروری ، قدرت کے یہ وہ عطیہ  تھے جن میں سبقت تو کجا کوئی ہمسری کا دعویٰ بھی نہیں کر سکتا تھا ، کوئی متداول ، غیر متداول علم و فن ایسا نہ تھا جس میں آپکی قابلیت کا لوہا نہ مانا جاتا ہو  – علوم دینیہ ، فقہ ، حدیث و تفسیر وغیرہ میں آپ کو جو عدیم النظیر مہارت تھی اس میں تو کسی کو کلام نہیں ، لیکن ریاضی ، تکسیر ، نجوم ودیگر جدید  علوم جن کے مبادیات سے بھی اکثر فضلاء بے خبر ہوتے ہیں ، ان علوم میں آپ کے تبحر و مہارت کا یہ عالم تھا کہ چوٹی کے ریاضی دان مشکل سے مشکل مسائل حل کرنے کے لئے آپ کی بارگاہ کا رخ کیا کرتے تھے اور جن مسائل کو وہ لا ینحل قرار دے چکے ہوتے آپ اشاروں ہی اشاروں میں ان کو حل کر کے ان کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا کرتے تھے “-

 

اس پیراگراف کو پڑھ کے آپ کو بخوبی اندازہ ہو گیا ہو گا کہ پیر کرم شاہ صاحب کو اعلی حضرت سے کس قدر گہری عقیدت و محبت تھی

پس وہ لوگ جو آج رضویت کے بڑے دعوے دار اور سنیت کی سندیں تقسیم کرنا اپنا وطیرہسمجھتے ہیں ان سب  کو جان لینا چاہیے کہ حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر کرم شاہ الازھری رحمۃ اللہ علیہ حقیقی معنوں میں رضوی فیضان کے امین تھے ، اعلی حضرت کی علمی روایت کا تسلس تھے ، ان  کے دل میں اعلی حضرت کا بلند مقام تھا –  اور آپ نے اپنی تحریر و تقریر میں اس محبت و وابستگی کا ساری زندگی برملا اظہار فرمایا اور اب بھی یہ سلسلہ  فیض جاری و ساری ہے ۔

 

* ضیاء القرآن پبلی کیشن لاہور سے علمائے بھیرہ شریف کے ان مضامین کو جمع کیا گیا جو اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھے گئے ، اس کتاب کا نام انوار رضا ہے اور اس میں حضرت ضیاء الامت کا مذکورہ بالا مقالہ سر فہرست ہے – اسی طرح ماہنامہ ضیائے حرم میں اعلیٰ حضرت کی شخصیت و خدمات اور نظریات کی تشریح و تائید میں سینکٹروں مقالات اور آرٹیکلز شائع ہو چکے ہیں ، نیز ماہنامہ ضیائے حرم کا اعلیٰ حضرت نمبر بھی لائق مطالعہ ہے ۔

 

* آپ نے ۲۰ویں صدی کی آخری دہائیوں میں جب اپنے طلباء کو اعلیٰ تعلیم دینے کے لئے جامعہ الأزھر مصر بھیجنا شروع کیا تو ان کی یہ ڈیوٹی لگائی کہ وہ اعلی حضرت کی شخصیت و خدمات کو جامعہ الازہر اور عالم عرب میں متعارف کروائیں

اس سلسلے میں پیر کرم شاہ صاحب کے خاندن کے چشم و چراغ اور شاگرد رشید پیرزادہ مشتاق احمد شاہ الازھری نے اسلام کی عظیم یونیورسٹی الأزھر میں اعلی حضرت امام احمد رضا خان کی شخصیت و کردار پر عربی مُیں ایم فل کا مقالہ لکھا اور عربی زبان میں اعلی حضرت کے افکار و خدمات پر باقاعدہ مقالہ لکھنے والوں میں سر فرست ہو کر امر ہو گئے –

یہ تحقیقی مقالہ جامعۃ الازہر شریف (قاہرہ، مصر) سے 1997ء میں مکمل ہوا، جس کا عنوان تھا:

• “الامام احمد رضا خان واثرہ فی الفقہ الحنفی” (امام احمد رضا خان اور فقہ حنفی پر ان کے اثرات) – جامعہ الأزھر میں اس مقالے کو خاصی مقبولیت حاصل ہوئی اور کراچی میں پروفیسر مسعود صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اس کو اہتمام سے شائع فرمایا –

پتہ چلا کہ اعلیٰ حضرت کے نام کو کیش کرانے والے جذباتی مولوی بہت ہیں لیکن ان کی خوبصورت فکر کو دنیا میں علمی انداز میں متعارف کروانے والی چند گنی چنی شخصیات ہیں جن میں جامعہ نظامیہ کے مفتی اعظم حضرت مفتی عبد القیوم ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت شرف ملت علامہ عبد الحکیم شرف قادری رحمۃ اللہ علیہ ، نباض عصر حضرت ضیاء الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازھری رحمۃ اللہ علیہ ، حضرت شیخ الحدیث و التفسیر علامہ حافظ عبد الستار سعیدی اور انکے تلامذہ سر فہرست ہیں –

 

* اعلی حضرت کے نعتیہ کلام سے حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ کو گہرا شغف تھا ، آپ اکثر اعلیٰ حضرت کا کلام سن کر اشک بار ہو جاتے ، عینی شاہدین کی گواہی ہے کہ بارہ ربیع الاول کی صبح بہاراں میں عین ولادت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لمحات میں اعلیٰ حضرت کا نعتیہ کلام کلام سنتے سنتے مصلے سے اچانک اٹھ کر با ادب سے کھڑے ہو گئے اور پوری محفل پر کیف طاری ہو گیا ، در حقیقت یہ ایسے لمحات تھے جن میں کریم آقا صلی اللہ علیہ و سلم نے بنفس نفیس کرم فرمایا اور زیارت کا شرف بخشا ، کلام درج ذیل تھا

لم یأت نظیرک فی نظر مثلِ تو نہ شد پیدا جاناں

جگ راج کو تاج تورے سر سو ، ہے تجھ کو شہ دوسرا جاناں

 

* ڈاکٹر حبیب اللہ چشتی راوی ہیں کہ حضرت ضیاء الامت نے طلباء سے کئی مرتبہ فرمایا کہ فقہی توسع اور استحضار پیدا کرنے کے لئے اعلیحضرت کا فتاوی رضویہ اور امام غزالی کی کتب کا مطالعہ ضرور فرمائیں –

مولانا عبد الباری چشتی رقمطراز ہیں کہ حضرت ضیاء الامت کے وصال کے موقع پر مولانا عبد الستار خان نیازی رحمۃ اللہ علیہ بھیرہ شریف تشریف لائے اور ختم قل شریف پر خطاب میں فرمایا کہ “ کوئی مانے یا نہ مانے حضرت ضیاء الامت عصر رواں کے اعلیحضرت ہیں” – یہ جملہ انہوں نے فکر اور خدمات میں مماثلت کی بنیاد پر محبت سے فرمایا –

 

ان تاریخی شواہد اور علمی نکات کا ذکر کرنے کے بعد اب ہم اس اہم ترین سوال کی طرف آتے ہیں جس نے گئی لوگوں کو پریشان کر رکھا ہے اور کئی سطحی الفکر علماء نے حضرت ضیاء الامت پر نقد کا محل اسی سوال پر کھڑا کیا ہے ، سوال یہ ہے کہ تمام تر احترام و محبت کے باوجود کیا ضیاء الامت پیر محمد کرم شاہ الازھری نے  اعلیحضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے کسی مسئلے یا  جزئی میں اختلاف فرمایا ؟!

اور اگر اختلاف فرمایا تو کیا شریعت اور دین میں اس کی گنجائش موجود ہے ؟!

 

ان دونوں سوالات کا جب ہم حقیقت پسندانہ جائزہ لیتے ہیں تو ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ مسئلہ تکفیر میں ایک جگہ حضرت ضیاء الامت نے اعلیٰ حضرت کی رائے سے ادب کے دائرے میں اختلاف کیا ہے –

یاد رہے کہ یہ اختلاف اصول دین میں نہیں ، بلکہ اصول دین کے تمام جوہری مسائل میں آپ اعلیٰ حضرت کے نظریات سے کلی اتفاق رکھتے ہیں ، نیز یہ اختلاف ہے مخالفت نہیں ، اور اسلام نے اہل علم کو تحقیق و جستجو کے ذریعے ادب الاختلاف کا اسلوب عطا فرمایا ہے –

 

بقول امام مالک رحمۃ اللہ علیہ : “ کل یُؤخذ من قولہ و یُرد الا صاحب ھذہ القبۃ الشریفۃ

رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے بعد کسی کے قول سے بھی علمی اختلاف ہو سکتا ہے ، اور علم اپنے اہل کے درمیان ایک مضبوط رشتہ قائم کرتا ہے جہاں آداب کے دائرے میں اپنی رائے پیش کی جا سکتی ہے  –

مسئلہ تکفیر میں امت کی ۱۴۰۰ سالہ تاریخ میں متکلمین اور فقہاء کا اختلاف چلا آ رہا ہے اور اس کی سینکڑوں مثالیں ہماری تاریخ میں موجود ہیں

فقہی جزئیات میں حضرت امام ابو یوسف اور امام محمد نے سینکڑوں مسائل میں اپنے استاد گرامی حضرت امام اعظم ابو حنیفہ سے اختلاف کیا ہے اور بہت سارے احکامات میں فیصلہ صاحبین کے قول پر ہے

اسی طرح اہلسنت و الجماعت اپنی اساس میں  اشاعرہ اور ماتریدیہ ہیں اور امام ابو الحسن اشعری رحمۃ اللہ علیہ  و امام ابو منصور ماتریدئ رحمۃ اللہ علیہ بھی بہت ساری اعتقادی جزئیات و مسائل میں آراء و افکار کا اختلاف رکھتے تھے  ، لیکن یہ اختلاف جوہری و اصولی مسائل میں نہ تھا لہٰذا انہوں نے کسی مسئلے میں ایک دوسرے کی تکفیر نہیں فرمائی –

 

* یاد رکھیں کہ اس علمی اختلاف کی نظیر خود اعلی حضرت کی حیات طیبہ میں موجود ہے

آپ سے قبل حضرت امام فضل حق خیر آبادی نے “تحقیق الفتوی فی ابطال الطغوی” لکھ کر شاہ اسماعیل دہلوی کی عبارات پر ان کو کافر قرار دیا

 

امام احمد رضا خان فاضل بریلوی نے اپنی کتاب “ تمہید ایمان “ صفحہ ۴۲۲ پر اس تکفیر کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا :   “سبحان السُبوح عن کذبِ عیبٍ مقبُوح” کے صہ ۴۹۰ کو دیکھئیے کہ دہلوی مذکور اور اس کے اتباع پر پچھتر ۷۵ وجہ سے لزوم کفر ثابت کر کے حکم اخیر یہی لکھا کہ علمائے محتاطین انہیں کافر نہ کہیں یہی صواب ہے ، (و ھو الجواب و بہ یُفتی و علیہ الفتوی و ھو المذھب و علیہ الاعتماد و فیہ السلامہ و فیہ السدّ)یعنی یہی جواب ہے اور اسی پر فتویٰ ہے اور یہی ہمارا مذہب ہے اور اسی پر اعتماد ہے اور اسی میں سلامتی ہے “

اسی طرح فتاوی رضویہ جلد ۱۴ صفحہ ۳۴۱ پر آپ رقمطراز ہیں :

“ ہاں اگر ارباب طائفہ صراحۃ ایمان لائیں کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں ، خواہ حضور کے بعد کبھی کسی جگہ کسی طرح کی نبوت کسی کو نہیں مل سکتی – حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے خاتم النبیین ، آخر الانبیاء و المرسلین  ہونے میں اصلا کوئی تخصیص تاویل تقید تحویل نہیں اور ان تمام مطالب کو نصوص قطعیہ و اجماع یقینی و ضروریات دین سے ثابت مانیں – ان تمام طوائف ملعونہ اور انکے اکابر کو صاف صاف کافر و مرتد کہیں —— تو اسکی تکفیر سے زبان روکنا ہی مسلک تحقیق و احتیاط ہو گا “ ( فتاویٰ رضویہ جلد ۱۴ ص- ۳۴۱)

 

ان عبارات سے یہ پتہ چلا کہ چاہے سبب کوئی بھی ہو ، چاہے اسماعیل دہلوی کی توبہ کا قول مشہور ہوا ہو یا کوئی اور وجہ ہو، بہرحال اعلیٰ حضرت نے حضرت فضل حق خیر آبادی رحمۃ اللہ علیہ کی رائے سے الگ رائے دیتے ہوئے تکفیر سے احتیاط برتی تو اس سے ثابت ہوا کہ بعد میں آنے والے عالم یا مجتہد پر اکر التزام کفر کی جہات واضح نہ ہوں تو وہ لزوم کفر کے بعد احتیاطا کفر کے قول سے احتیاط کر سکتا ہے .

 

نیز یہ بھی یاد رہے کہ یہ اختلاف تکفیر کے اصولوں پر نہیں ، بلکہ ان اصولوں پر حضرت ضیاء الامت مکمل طور پر اپنے پیش رو اکابر سے متفق ہیں ، اختلاف صرف شخصی تکفیر ، التزام اور تعیین کا ہے

 

یہی وجہ ہے کہ حضرت ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ نے “ تحذیر الناس میری نظر میں “ کے نام سے اک رسالہ لکھا جس میں آپ نے وضاحت سے بیان کیا کہ پہلے کس وجہ سے اس کتاب کی تحسین کی اور تعریفی خط لکھا ؟ ، سبب یہ تھا کہ علامہ قاسم نانوتوی نے اس کتاب میں حضور کی ختم نبوت کی اقسام بیان کرتے ہوئے :“النبی اولی بالمؤمنین من انفسھم “ کے تحت یہ لکھا کہ اولی بمعنی اقرب ہے اور قریب وہ ہوتا ہے جو حاضر و موجود ہو “

یہ جملے پڑھ کر آپ نے خوشی کا اظہار کیا کہ مسلک دیوبند کا بڑا عالم جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے قرب کا اثبات کر رہا ہے ، وہیں حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات بعد از وصال کا عقیدہ بھی واضح ہو رہا ہے –

 

آپ نے کتاب کی تعریف کی وجہ یہ بتائی کہ اس کتاب میں شان رسالت کے متعدد پہلؤوں کو بیان کیا گیا ، اتحاد امت کی فکر اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ کی محبت میں سرشاری کے سبب آپ کی نظر انہی نکات پر مرکوز رہی –

لیکن بعد ازاں آپ نے کتاب میں موجود قابل اعتراض جملے پر گرفت  بھی فرمائ ، اور اس جملے کو گمراہ کن اور خطرناک نتائج کا حامل جملہ قرار دیا نیز اس جملے کی پر زور مذمت بھی کی – لیکن یہ بھی یاد رہے کہ پیر کرم شاہ صاحب نے تحذیر الناس پر اعلی حضرت بریلوی کی گرفت کی تحسین فرمائی ہے اور یہ فرمایا کہ معترضین کو اعلی حضرت کی اس گرفت پر ان کا شکر گذار ہونا چاہیے ۔

 

لیکن یہ کہہ کر تکفیر میں احتیاط برتی کہ کتاب کو مکمل پڑھنے سے میرے نزدیک علامہ قاسم نانوتوی ختم نبوت زمانی کے منکر ثابت نہیں ہوتے کیونکہ ختم نبوت زمانی کا اثبات انہوں نے واضح لفظوں میں کر دیا ہے ، اور تکفیر میں احتیاط کا نبوی حکم اس احتیاط کا متقاضی تھا

 

اس قابل اعتراض جملے میں نانوتوی صاحب ختم نبوتِ مرتبی کا بیان کرتے ہوئے حضور کی نبوت کی اصالت  و منزلت کا بیان کر رہے ہیں ، لیکن وہ مطمئن اس لئے ہیں کہ وہ اپنی اسی کتاب میں واضح کر چکے ہیں کہ حضور کے بعد کسی بھی شکل میں کوئی نبی نہیں آ سکتا ، یہ محال ہے ، اور فرض محال وقوع کو مستلزم نہیں۔

 

اس کی مثال قرآن کی یہ آیت ہے کہ “ ان  کانَ للرحمنُِ ولدٌ فأنا اول العابدین

اگر (بفرض محال ) اللہ کا کوئی بیٹا ہوتا تو میں اس کی سب سے پہلے عبادت کرتا

 

نہ اللہ کا بیٹا ہو سکتا ہے نہ ہی اس بیٹے کی عبادت کا سوال پیدا ہو سکتا ہے

 

اس طرح انہوں  نے واضح کر دیا کہ  حضور صلی اللہ علیہ وسم کے بعد نہ تو  کوئی ظلی  بروزی نبی آ سکتا ہے اور نہ حضور کی نبوت کی مہر کوئی توڑ سکتا ہے ۔ پس آپ ہر اعتبار سے خاتم النبیین ہیں –

 

یہ ہے اس سارے قضیے کا خلاصہ

کہ ضیاء الامت رحمۃ اللہ علیہ دل و جان سے اعلی حضرت کا احترام کرتے ہیں ، محبت رکھتے ہیں ، لیکن اس جزئی میں آپ نے قاسم نانوتوی کی تکفیر سے احتیاط برتی ہے

بالکل ایسے ہی جیسے اعلی حضرت نے اسماعیل دہلوی کی تکفیر میں احتیاط برتی ہے ۔

اسی طرح اعلی حضرت گولڑوی پیر سید مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ نے بھی تکفیر میں احتیاط برتی ہے جس کے شواھد آپ کی کتب اور پیر سید نصیر الدین نصیر شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی تحریروں میں موجود ہیں

 

یہ بھی پیش نظر رہے کہ امت کے اکابرین میں سے بہت سے علمائے محققین نے یزید کی تکفیر کی ہے ، جبکہ اعلیٰ حضرت نے احتیاط کرتے ہوئے فسق کا قول کیا ہے ۔ 

 

حضرت ضیاء الامت کا حضور پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ختم نبوت کے متعلق کیسا دو ٹوک عقیدہ ہے

اس کا مطالعہ ضیاء القرآن سورۃ الاحزاب کی تفسیر میں آپ مفصل انداز میں کر سکتے ہیں ، جہاں آپ نے ہر قسم کے شکوک و شبہات کو رفع دفع کر دیا ہے

پیر صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے واضح انداز میں لکھا کہ خاتم کا معنی “ نبیوں کی مہر “ کرنا بد دیانتی ہے اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ظلی ، بروزی کسی بھی شکل میں کوئی نبی نہیں آ سکتا

 

پس خدا بر ما شریعت ختم کرد

بر رسول ما رسالت ختم کرد

 

خدمت ساقی گری بر ما گذاشت

داد ما را آخری جامے کہ داشت 

 

لا نبی بعدی ز احسان خدا

پردہ ناموس دین مصطفی

 

تحذیر الناس والے معاملے میں پوری دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ یہ تحریر آپ کے سامنے ہے ، یہی حقیقت ہے جس پر احباب مزید مطالعہ اور غور فکر کر سکتے ہیں

نوٹ ! یہ تحریر صرف مخلصین و محبین کے لئے ہے ، باقی رہ گئے حاسدین و معاندین ، وہ جو بغض سے بھرے بیٹھے ہیں ان کے مرض کا علاج ہمارے پاس ہی نہیں بلکہ کسی بھی دار الشفاء میں موجود نہیں ، بلکہ ان کا معاملہ رب العالمئن کے سپرد ہے

 

اللھم انا نجعلک فی نحورھم و نعوذ بک من شر تھم

 

حسبنا اللہ و نعم الوکیل ، نعم المولی و نعم النصیر

 

الحکم للظاہر

و اللہ یتولی  السرائر

 

راقم الحروف

غبار راہ کرم

ڈاکٹر محمد نعیم الدین الازھری

۲ نومبر ۲۰۲۶

Exit mobile version