حرکت زمین کا نظریہ اور سیدی اعلی حضرت
✍️محمد عارف رضا مدنی
ــــــــــــــــــــــــــــــ
میں کئی دنوں سے فیس بک پر زیادہ ایکٹیو نہیں ہوں۔ رپلائی وغیرہ کا سلسلہ بھی بند کر رکھا ہوں۔،صرف میسیجز پر چند احباب سے رابطہ ہے اور کبھی کبھی ایک دو پوسٹ کو شیئر یا لائک کر دینا معمول بنا ہوا ہے۔
اسی دوران سکون زمین کا مسئلہ گردش کر رہا ہے کئی احباب نے اس کے متعلق میری رائے کو طلب کیا سوچا مختصر معروضات آپ سب کے سامنے رکھتا ہوں
اس مسئلے کو سمجھنے سے پہلے چند مقدمات کو ذہن نشیں فرما لیں
ـــــــــــــــــــــــــــــــــ
(1) علم کلام کی روشنی میں علم حاصل کرنے کے تین طریقے بیان ہوئے ہیں (1) حواس خمسہ (2) خبر صادق (3) عقل
پھر خبر صادق کی دو صورتیں ہیں (1) خبر رسول (2) خبر متواتر
عقل کے ذریعے سے علم کی قطعیت و ظنیت کا مدار مقدمات ہیں، اگر مقدمات قطعیہ ہوں گے تو علم قطعی حاصل ہوگا ورنہ ظنی، منطقی لحاظ سے برہان ، جدل خطابت ، سفسطہ کی تقسیم کاری انہیں مقدمات کے لحاظ سے ہے۔
(2) قرآن کریم کے عام میں تخصیص اول کے لئے قطعیت درکار ہے، اور قطعیت کا حصول یا تو مشاہدے سے ہوگا یا خبر صادق سے یا پھر عقل سے نیز عقل کے ذریعے عام کی تخصیص اول اسی صورت میں کی جائے گی جب اس سے محال عقلی لازم آئے ورنہ صرف محال عادی کی بناء پر تخصیص اول درست نہیں ہو سکتی ہے کہ محال عادی تحت قدرت ہے۔
(3) قرآن کریم میں سورہ فاطر کی آیت کریمہ 41 میں ہے۔
اِنَّ اللّٰهَ یُمْسِكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ اَنْ تَزُوْلَا وَ لَىٕنْ زَالَتَاۤ اِنْ اَمْسَكَهُمَا مِنْ اَحَدٍ مِّنْۢ بَعْدِهٖؕ-اِنَّهٗ كَانَ حَلِیْمًا غَفُوْرًا
ترجمہ کنز الایمان : بے شک اللہ روکے ہوئے ہے آسمانوں اور زمین کو کہ جنبش نہ کرے اور اگر وہ ہٹ جائیں تو اُنہیں کون روکے اللہ کے سوا بے شک وہ حلم والا بخشنے والا ہے۔
ـــــــــــ
تفسیری اقوال :
تفسیر طبری میں ہے۔
قال أبو جعفرٍ : يقولُ تعالى ذكرُه: إن الله يُمْسِكُ السماواتِ والأرضَ؛ لئلا تَزُولا مِن أماكنِهما،
تفسیر قرطبی:
وَعَنْ إِبْرَاهِيمَ قَالَ: دَخَلَ رَجُلٌ مِنْ أَصْحَابِ ابْنِ مَسْعُودٍ إِلَى كَعْبِ الْأَحْبَارِ يَتَعَلَّمُ مِنْهُ الْعِلْمَ، فَلَمَّا رَجَعَ قَالَ لَهُ ابْنُ مَسْعُودٍ: مَا الَّذِي أَصَبْتَ مِنْ كَعْبٍ؟ قَالَ سَمِعْتُ كَعْبًا يَقُولُ: إِنَّ السَّمَاءَ تَدُورُ عَلَى قُطْبٍ مِثْلِ قُطْبِ الرَّحَى، فِي عَمُودٍ عَلَى مَنْكِبِ مَلَكٍ، فَقَالَ لَهُ عَبْدُ اللَّهِ: وَدِدْتُ أَنَّكَ انْقَلَبْتَ بِرَاحِلَتِكَ وَرَحْلِهَا، كَذَبَ كَعْبٌ، مَا تَرَكَ يَهُودِيَّتَهُ! إِنَّ اللَّهَ تَعَالَى يَقُولُ: “إِنَّ اللَّهَ يُمْسِكُ السَّماواتِ وَالْأَرْضَ أَنْ تَزُولا” إِنَّ السَّمَاوَاتِ لَا تَدُورُ، وَلَوْ كَانَتْ تَدُورُ لَكَانَتْ قَدْ زَالَتْ.
تفسیر المحرز الوجیز لابن عطیہ :
إنَّ اللهَ يُمْسِكُ السَماواتِ والأرْضَ أنْ تَزُولا
ومَعْنى الزَوالِ هُنا التَنَقُّلُ مِن مَكانِها، والسُقُوطُ مَن عُلُوِّها، وقالَ بَعْضُ المُفَسِّرِينَ: مَعْناهُ: أنْ تَزُولا عَنِ الدَوَرانِ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وكَفى بِها زَوالًا أنْ تَدُورَ، ولَوْ دارَتْ لَكانَتْ قَدْ زالَتْ
مذکورہ تفاسیر کو دیکھیں کہ صاف طور سے دوران یعنی گول گھومنے کو ہی زوال قرار دیا جا رہا ہے چہ جائیکہ سورج کے گرد 365 دن میں چکر لگانا
مذکورہ آیت کریمہ میں لفظ ” تزولا” عام ہے ہر طرح کی حرکت کو شامل ہے، بلکہ مفسرین کے خاص طور پر دوران کی بھی نفی کی ہے۔ لہذا اس آیت کریمہ میں کسی خاص طرح کا زوال مراد لینے کے لئے جیسا کہ کچھ لوگوں نے کیا ہے قطعیت درکار ہے۔
(4) سائنسدانوں کے نزدیک قطعیت و ظنیت کا وہ معیار نہیں جو علم کلام میں مراد ہوتا ہے ، سائنسدانوں کے نزدیک اگر محال عادی بھی لازم آئے تو بھی ان کے نزدیک وہ شئی قطعیت کا درجہ رکھتی ہے۔
سائنسدانوں نے حرکت زمین کا نظریہ ابتداء میں اس لئے پیش کیا کہ بڑے بڑے اجرام سماویہ بلکہ کہکشائیں جو ہم سے لاکھوں نوری سال کے فاصلے پر موجود ہیں اگر ان کی زمین کے گرد تسلیم کی جائے تو لازم آئے گا کہ وہ روشنی کی رفتار سے ہزار گنا زیادہ اسپیڈ سے سفر کر رہی ہیں لہذا اس طرح کے محالات عادیہ کو ختم کرنے کے لئے حرکت زمین کا نظریہ پیش کیا گیا۔
نیز زمین کی محوری گردش کے لیے فوکو کا پینڈولم اور مداری گردش کے لیے ستاروں کا سالانہ اختلافِ منظر اور روشنی کا ابیراشن اور دیگر تجربات شامل ہیں جن سے سائنسدانوں نے زمین کی حرکت کے نظرئے کو قبول کیا اور اسے عام کیا ہے۔یہ دلائل ظن غالب کا فائدہ دیتے ہیں ، لیکن ان کی قطعیت اس درجے کی نہیں کہ اس سے قرآن کریم میں لفظ ” تزولا ” کے عموم کو ختم کر کے کسی خاص طرح کا زوال مراد لیا جائے۔
ہم اہل اسلام کے نزدیک اللہ پاک قادر ذات ہے کہ وہ کسی اجرام فلکی کو روشنی کی رفتار سے لاکھوں گنا اسپیڈ سے سفر کروائے۔ لہذا اس محال عادی کی بناء پر عام میں تخصیص اول نہیں ہو سکتی ہے۔ اسی طرح دیگر تجربات غلطی کا احتمال رکھتے ہیں ، بلکہ سائنسی تجربات میں صدیوں تک اتفاق کے بعد ان کا رد ہونا ثابت ہو چکا ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اب دیگر چیزوں کا جائزہ لیتے ہیں کہ حرکت زمین کا نظریہ علم کلام کی روشنی میں قطعی ہے یا نہیں
(1) قطعیت میں حواس اس کے بر خلاف ہے ، ہم روزانہ سورج کو طلوع و غروب ہوتے اور زمین کو ساکن ٹھہرا ہوا دیکھتے ہیں۔لہذا حواس حرکت زمین کے بجائے سکون زمین کی خبر دیتا ہے۔
(2) خبر رسول بھی حرکت زمین کو نہیں بتاتی بلکہ قرآن کی آیت میں ان تزولا سے سکون ارض پتہ چلتا ہے۔ جیسا کہ آیت کریمہ اور اس کے تحت تفسیری اقوال گزرے۔
(3) حرکت زمین پر خبر متواتر بھی نہیں ہے یعنی ہزاروں افراد کی گواہی بھی نہیں ہیں کہ جنہوں نے زمین کو حرکت کرتے ہوئے دیکھا ہو۔ چند سائنسدانوں کی گواہی ہو سکتی ہے جنہوں نے اسپیس اسٹیشن سے حرکت کا مشاہدہ کیا ہو لیکن اسپیس اسٹیشن خود تقریباً 8 کلومیٹر فی سیکینڈ کی اسپیڈ سے حرکت کر رہا ہے یعنی زمین کے اپنے مدار پر مفروضہ حرکت سے 16 گنا زیادہ لہذا جب وہ خود حرکت میں ہے تو اس میں موجود سائنسدانوں کی گواہی حرکت زمین کے متعلق قطعی یقینی نہیں ہو سکتی ہے۔چہ جائیکہ تواتر
(4) عقل کے زریعے سے بھی سکون زمین ماننے سے کوئی محال عقلی لازم نہیں آتی۔
آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کے زوال سے اپنے امساک کو متعلق فرمایا ہے۔ مفسرین نے زوال کی تفسیر اپنے مقامات سے انتقال اور دوران سے بھی کی ہے۔ اور موجودہ حرکت زمین کے نظرئے میں زمین پر لمحہ اپنی جگہ بدل رہی ہے کیونکہ سورج کے گرد چکر لگانے کے لئے اسے اپنی جگہ بدلنی پڑتی ہے ، نیز سورج خود پورے سولر سسٹم کے ساتھ ملکی وے میں رواں دواں ہے لہذا زمین اپنی جگہ سے ایک بار ہٹنے کے بعد دوبارہ اپنی جگہ پر نہیں آتی ہے۔
لہٰذا اس آیت کو دوسرے کسی قسم کے زوال کے ساتھ خاص کر دینا درست نہیں۔ جو شخص زمین کی مداری حرکت کو اس عموم سے خارج کرنا چاہتا ہے، اس پر دلیلِ مخصص پیش کرنا لازم ہے۔ جو قطعی بالمعنی الاخص کے درجے کا ہو ، محض کسی نظریے کی سائنسی شہرت تخصیص کے لیے کافی نہیں۔
نیز اگر سائنسی باتوں کو ہی دلیل بنایا جائے تو سائنسدانوں کے کئی تجربات مثلا نظریہ ارتقاء، نفی آسمان وغیرہ صریح عقائد اسلامیہ کے متصادم ہیں تو کیا ان کے معنی کو بھی بدلنے کی کوشش ہوگی۔
تعجب ان کے اعتراض کرنے پر نہیں کہ جو سائنسی اصولوں کو حتمی اور آخری سچائی کی صورت میں قبول کر چکے ۔ بلکہ ان ٹوپی اور ڈاڑھی والے مولوی نما وہابی دیوبندی لوگوں پر ہے جو بغض اعلی حضرت میں ایک ایسی لبرل عورت پر ایمان لا چکے ہیں جو مرزا منگول کی اسٹوڈنٹ ہے اور مرزا منگول نے جس کی خوب تعریف کی ہے۔معلوم نہیں یہ بغص دیابنہ کو کہاں لے جائے گا۔
آخر میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا قول پیش کرنا چاہتا ہوں فرماتے ہیں: لَوْ كَانَ الدِّينُ بِالرَّأْيِ لَكَانَ أَسْفَلُ الْخُفِّ أَوْلَى بِالْمَسْحِ مِنْ أَعْلَاهُ، وَقَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ يَمْسَحُ عَلَى ظَاهِرِ خُفَّيْهِ.
ترجمہ: اگر دین کا مدار عقل و رائے پر ہوتا تو موزے کے نچلے حصے پر مسح کرنا اس کے اوپری حصے پر مسح کرنے سے زیادہ مناسب ہوتا، لیکن میں نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے دونوں موزوں کے اوپری حصے پر مسح کرتے ہوئے دیکھا ہے۔
