روایت ہے انہی سے فرماتی ہیں مجھے حضورانورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسجد سے ہم کو چٹائی دے دو میں بولی کہ میں تو حائضہ ہوں فرمایاتمہاراحیض تمہارے ہاتھ میں نہیں ہے ۱؎(مسلم)
شرح
۱؎ یعنی تم کو اس حالت میں مسجدمیں جانا منع ہے نہ کہ وہاں سے ہاتھ بڑھاکرکچھ لے لینا۔اب بھی یہ ہی مسئلہ ہے کہ حائضہ وجنبی مسجد سے باہررہتے ہوئے مسجدمیں ہاتھ ڈال کرچیزاٹھاسکتے ہیں۔اس حدیث میں چٹائی سے مرادحضورصلی اللہ علیہ وسلم کی اپنی ملک کی چٹائی ہوگی نہ کہ مسجد کی وقف چٹائی کیونکہ موقوفہ چٹائی کو گھرمیں لاکر اس پرنمازممنوع ہے۔