رومہ کے محلِ وقوع نے اس کی اہمیت میں بڑا اضافہ کردیا تھا، یہ شہر سات پہاڑیوں کے اس مقام پر آباد ہوا تھا جہاں دریائے ٹائبر پر پل بنایا گیا تھا طبعی طور پر دفاعی نقطہ نظر سے بہت مستحکم تھا اس میں باآسانی قلعہ بندیاں کی جاسکتی تھیں اور دشمن کی بڑی سے بڑی حملہ آور فوج سے اس کی حفاظت کا فریضہ باآسانی انجام دیا جاسکتا تھا۔ یہ اٹلی کے وسط میں اس کے مغربی ساحل سے تقریباً پندرہ میل کے فاصلہ پر تھا۔
اٹلی۔ آب و ہوا اور زمین کے اعتبار سے بحیثیت عمومی بحیرہ روم کے اوصاف و خصائص کا مرقع ہے۔ اٹلی کے زرعی میدان اگرچہ بہت زیادہ وسیع نہیں تاہم یونان کے مقابلہ میں ان کا رقبہ بہت زیادہ ہے اور زمین بڑی زرخیز ہے۔ ابتداء میں بیرونی حکمران جزیرہ نما اٹلی پر حکمرانی کرتے تھے لیکن لاطینی قبیلے ان اجنبی حکمرانوں سے سخت نفرت کرتے تھے اور اس موقع کی تلاش میں تھے کہ وہ ان کے خلاف علمِ بغاوت بلند کردیں چنانچہ ۵۰۹ ق م میں رومیوں نے آخری بیرونی بادشاہ مغرورٹارکیون (TARQUIN THE PROUD) کی حکومت کا تختہ الٹ دیا اور اس کو نکال باہر کیا اس وقت سے ان کی آزادی کا دور شروع ہوا۔
جمہوریت کے ابتدائی سالوں میں رومہ کے تمام شہریوں کے لئے لازمی تھا کہ وہ فوجی خدمات انجام دیں رومہ کے جمہوری حکمرانوں نے فوج میں فولادی نظم و نسق برقرار رکھا دوسری صدی قبل مسیح کا ایک یونانی مورخ پولی بئیس(POLY BIUS) لکھتا ہے۔
“ان رومی سپاہیوں میں سے پہرے کی حالت میں جو سپاہی سوجاتے ان کے خلاف کارروائی کے لئے فوجی عدالت کا اجلاس طلب کرلیا جاتا اور جو سپاہی مجرم ثابت ہوتا اس پر سنگ باری کرکے اسے وہی ختم کردیا جاتا اور جو کسی وجہ سے زندہ بچ جاتے ان کو گھروں میں واپس آنے کی اجازت نہ تھی اور خاندان کا کوئی فرد حکومت کے خوف سے انہیں اپنے ہاں ٹہرانے کی جرات ہی نہیں کرسکتا تھا رومی فوج میں رات کے وقت چوکیداری کے تقاضے بڑے اہتمام سے پورے کئے جاتے“
یہی مورخ لکھتا ہے
کہ رومی فوج کی کامیابیاں کشادہ دلانہ انعام و اکرام اور وحشیانہ سزاؤں پر موقوف تھیں۔
یہ جمہوری مملکت آہستہ آہستہ ترقی کرتی گئی یہاں تک کہ برطانیہ سے مصر تک ماریطانیہ سے آرمینیا تک رومیوں کی سلطانی کا پرچم لہرانے لگا اور اس وسیع و عریض مملکت کے باشندے اس بات پر بڑا فخر کرتے تھے کہ وہ رومی شہری ہیں۔
ابتدائی رومی جمہوریت کی حکومت، حکومت عدیدہ تھی ( OLIGARCHY ، اولی گارچی) کیونکہ امراء کا ایک چھوٹا سا طبقہ تمام کلیدی سرکاری عہدوں پر مسلط تھا عوامی نمائندوں کو طبقہ امراء کی اجارہ داری پسند نہ آئی چنانچہ انہوں نے بہت جلد اپنے حقوق کا مطالبہ شروع کردیا رومیوں نے عملی مصلحت اندیشی کے پیش نظر عوامی نمائندوں کے مطالبات کو تسلیم کرلیا۔ اور نظام حکومت میں ترمیم کر دی گئی۔ عوامی نمائندوں کو یہ شکایت تھی کہ سلطنت کا قانون تحریری طور پر مدون نہیں اس لئے وہ اپنے حقوق کا پورا تحفظ نہیں کرسکتے۔ اس شکایت کے پیش نظر ایک خاص کمیشن مقرر کردیا گیا جس نے پہلی مرتبہ ۴۴۹ ق م میں رومی قانون کو تحریری شکل میں مرتب کیا۔ اسے بارہ تختیاں کہتے تھے کیونکہ یہ لکڑی کی بارہ تختیوں پر کندہ کرایا گیا تھا اس طرح ہر شخص ان تختیوں کا مطالعہ کرکے اپنے قانونی حقوق معلوم کرسکتا تھا۔
رومی سلطنت کی وسعت کے بارے میں آپ پہلے پڑھ چکے ہیں مرور وقت کے ساتھ طرح طرح کی انتظامی اور عمرانی خرابیاں رونما ہونے لگیں جس سے امن وامان کی صورت حال بگڑتی چلی گئی اور ہر سالار فوج جو کسی علاقہ کو فتح کرتا وہ بے انداز اختیارات کا مالک بن جاتا اور من مانی کرنے سے باز نہ آتا۔ ظاہری طور پر اگرچہ جمہوری حکومت اپنے تمام اداروں کے ساتھ قائم تھی لیکن اس کے ادارے رفتہ رفتہ بے اثر ہوتے چلے گئے اور ان میں نہ یہ قوت رہی کہ بیرونی حملہ آوروں کی یلغار کے سامنے بند باندھ سکیں اور نہ ان میں یہ صلاحیت رہی کہ وہ اندرون ملک بے چینی کی اٹھنے والی لہروں کو قابو میں لاسکیں چنانچہ دن بدن حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے چلے گئے۔ یہاں تک سپہ سالار ماریس جس نے شمالی افریقہ اور ”گال“ کی مہموں میں (۱۱۲ ق م – ۱۰۱ ق م) فوجی شہرت حاصل کرلی تھی ۱۰۸ ق م میں قونصل منتخب ہوا اور اپنی غیرقانونی سرگرمیوں کے باعث جمہوریت کو مطلق العنانی کے راستہ پر چلانا شروع کردیا اس کے بعد ”سُلا“ ماریس کی وفات ۸۶ ق م اور متھری وائز پر فتح ۸۴ ق م کے بعد ڈکٹیٹر بن گیا اور ماریس کے حامیوں کو اس نے کچل کر رکھ دیا۔ اگرچہ اس کے عہدہ کی مدت صرف چھ ماہ تھی مگر وہ چار سال تک اسی عہدہ پر فائز رہا۔ اس زمانہ میں سینٹ موجود تھا لیکن رومہ پر حکمرانی سُلا اپنی فوج کی مدد سے کررہا تھا۔
نئے طالع آزماؤں میں سب سے پیش پیش جولیس سیزر تھا۔ جو رومی سرداروں میں نہایت قابل تھا لیکن پرلے درجہ کا حریص تھا۔ اس نے اپنی وسیع فتوحات سے (۵۸ ق م – ۵۰ ق م) میں فوجی شہرت حاصل کرلی اور اپنے کارناموں کو خوب پھیلایا۔ آخر کار اس نے ۴۹ ق م میں رومہ پر حکمرانی کے لئے اپنی جان کی بازی لگا دی۔ اور اس نے سینٹ کے احکام کو نظر انداز کردیا اور تربیت یافتہ سپاہیوں کی فوج لے کر پومپی کو شکست دینے کے لئے، جو سیزر کا داماد اور سابقہ حلیف تھا۔ سیزر اٹلی سے ہسپانیہ ۔ وہاں سے یونان مقدونیہ اور وہاں سے مصر گیا مصر پہنچنے پر اسے معلوم ہوا کہ پومپی قتل ہوچکا ہے مصری نوجوان ملکہ کلیوپیٹرا نے سیزر سے مدد کی التجائیں کیں تاکہ اس کا متزلزل تخت بحال رہے سیزر کو کلیوپیٹرا سے محبت ہوگئی اور اس کے بطن سے ایک بیٹا بھی پیدا ہوا تاہم وہ اپنے اصل نصب العین کو زیادہ عرصہ تک فراموش نہ رکھ سکا۔
آخری مخالف کو اس نے ہسپانیہ میں شکست دی اس وقت سے سیزر اپنی مرضی کے مطابق تنہا حکومت کا کاروبار چلاتا رہا۔ سیزر کی حکمرانی میں یونانی استبداد اور مشرقی مطلق العنانی کے خصائص جمع ہوگئے تھے یونانی آمروں کی مانند سیزر کو عوام کی حمایت حاصل تھی جو بدنظمی سے تنگ آئے ہوئے تھے اس کی بعض پالیسیاں بڑی دانشمندانہ اور تعمیری تھیں اس نے قدیم اور غلط تقویم کی جگہ ۳۶۵ دن کا نیا سال جاری کیا جس میں ہر چوتھے سال ایک دن کا اضافہ کردیا جاتا ہے اس نے اٹلی کے مزید شہروں کو حقوق خود اختیاری عطا کردیئے اس طرح رومی شہریت کی توسیع کو با معنیٰ بنیاد یا مرکز کے بعض اختیارات صوبوں کو منتقل کر دیئے جن کی اشد ضرورت تھی ان اچھی باتوں کے برعکس سیزر نے جمہوریت کے تمام اداروں کو معطل کردیا اور قونصل، عوام کے ٹریبون ڈکٹیٹر اور اعلیٰ مذہبی پیشوا چاروں کے اختیارات سنبھال لئے سینٹ کو مجبور کردیا کہ اس کی پیش کردہ تجاویز کو بحث و تمحیص کے بغیر منظور کرلے۔ ساتھ ہی یہ بھی اہتمام کیا کہ رعایا سکندر اعظم اور مصری بطلیموسیوں کی طرح خود اس کی بھی پرستش کرے دشمنوں نے سیزر کو سینٹ میں قتل کردیا آکٹیوین(OCTAVIAN) جو اس کی بھانجی کا بیٹا تھا اس کا جانشین بنا۔
اور اس کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا اس نے اپنے پندرہ سالہ دور حکومت میں دشمنوں کوعبرتناک شکستیں دیں۔ اس کا سب سے بڑا اور آخری حریف اینٹونی (MARK ANTONI) تھا جو اس کی بہن آکٹیویا کا شوہر بھی تھا۔ وہ مصر چلا آیا تاکہ مصر کی ملکہ کلیوپٹرا سے مدد طلب کرے۔ لیکن وہ اس کی محبت میں گرفتار ہوگیا۔ اس عشق بازی نے اسے قابل سپہ سالاری کی صفات سے بھی محروم کردیا نیز اپنے اہل وطن کی نگاہوں میں اس کی جو قدر ومنزلت تھی وہ بھی جاتی رہی۔ وہ اب روما کا جری جرنیل نہیں رہا تھا بلکہ مصر کی ملکہ کا خاوند بن کررہ گیا تھا۔ چنانچہ اس کے ہم وطن رومی اس سے بیزار ہوکر اس کے حریف آکٹیوین سے جاملے۔ ۳۰ ق م میں اس نے اینٹونی کو شکست دی۔ اس صدمہ کی تاب نہ لاتے ہوئے اینٹونی اور کلیوپٹرا دونوں نے خود کشی کرلی۔ (تاریخ تہذیب خلاصہ صفحہ ۱۳۸ تا ۱۴۱ جلد اول)
مصر کو بھی رومی مملکت میں شامل کرلیا اس طرح آکٹیوین نے رومہ میں اقتدار کامل حاصل کرلیا جمہوریت نے جو مدت سے بستر مرگ پر ایڑیاں رگڑ رہی تھی دم توڑ دیا۔۔۔۔۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ جمہوری اوضاع قائم رہیں مگر اپنے اختیارات بڑھا کر حکومت کا اقتدار مستحکم کرلیا جائے وہ اپنے آپ کو رومی جمہوریت کا بحال کنندہ کہتا تھا۔
جمہوریت پرستی کا کردار قائم رکھنے کے لئے وہ ہر نمائش سے احتراز کرتا ایک سادہ سے مکان میں رہائش پذیر رہا۔ اس کے بچے بھی عام لوگوں کے بچوں کی طرح گھریلو کام کاج سیکھتے سرکاری دعوتوں میں بھی اعتدال کو ملحوظ رکھتا وہ اپنے آپ کو شہنشاہ معظم یا سیزر کی طرح دیوتا کا بیٹا کہلانے کے بجائے جمہوریت کا پہلا شہری کہلانا پسند کرتا تھا آخر اسے آگسٹس کے لقب سے ملقب کیا گیا یعنی محترم معظم۔ اور تاریخ میں اسی لقب سے پہچانا جاتا ہے۔ رفتہ رفتہ بادشاہوں کی پرستش شروع ہوگئی رعایا کے مختلف گروہ آگسٹس کو دیوتا کی طرح پوجنے لگے۔ مشرقی ممالک میں لوگ اپنے بادشاہوں اور شہنشاہوں کی پرستش کیا کرتے تھے یہاں بھی ان کی نقل کرتے ہوئے بادشاہوں کی پوجا شروع ہوگئی اور اسے حب الوطنی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ (تاریخ تہذیب صفحہ ۱۴۵ جلد اول)
اس کے بعد شہنشاہی کا سلسلہ شروع ہوا اور آخر دم تک بادشاہی نظام جاری رہا۔ اس عرصہ میں حضرت مسیح علیہ السلام کا ظہور ہوا آپ کی حیات طیبہ میں یہودیوں نے آپ پر اور آپ کی والدہ ماجدہ پر بڑے سوقیانہ الزامات عائد کئے اور آپ کی نبوت ورسالت کی مخالفت میں اپنے تمام وسائل اور اثر ورسوخ استعمال کرتے رہے آپ کی زندگی میں صرف بارہ آدمی آپ پر ایمان لائے جن کو حواری کہا جاتا ہے۔ آپ کا لایا ہوا نیا دین، آپ کے آسمان پر اٹھالئے جانے کے بعد پہلی دو نسلوں میں آہستہ آہستہ پوری رومی سلطنت کے اندر پھیل گیا پہلی صدی گزرنے کے بعد مسیحیت کا بیج سلطنت کے ان تمام حصوں میں بویا جاچکا تھا۔
چوتھی صدی کے اوائل میں ان کی تعداد اتنی زیادہ ہوگئی کہ اس وقت کے شہنشاہ گیلیرئس نے ۳۱۱ عیسوی میں رواداری کا سرکاری فرمان جاری کیا اور اس وقت اس پر اپنے دستخط ثبت کئے جب وہ بستر مرگ پر داعی اجل کو لبیک کہنے کا منتظر تھا۔ اس کے بعد قسطنطین نے ۳۱۳ عیسوی میں میلان کے فرمان شاہی کے ذریعہ مذہبی آزادی کا اعلان کیا۔ ۳۲۵ میں مسیحیت کے مذہبی رہنماؤں کی ایک مجلس شہنشاہ نے اپنی سرپرستی میں نیقیہ کے مقام پر منعقد کی۔ قسطنطین کی موت کے وقت کلیسا اس درجہ پر پہنچ چکا تھا کہ رومی سلطنت کا سرکاری مذہب بن سکے قسطنطین نے بھی بپتسمہ لیا اور اپنے عیسائی ہونے کا اعلان کر دیا۔
رومہ کا مذہب
ابتدائی دور کے رومی قدیم مذہب پر کار بند تھے ایک چھوٹی سی شہری ریاست کے لئے جس میں کسان بستے تھے وہ قدیم مذہب بالکل طبعی تھا۔ وہ ان روحوں کی پرستش کرتے تھے جو گھروں۔ چشموں۔ کھیتوں اور مفصلات کے دوسرے مقاموں میں کار فرما تھیں ،سادہ لوح کسانوں کو طلسمی باتوں پر بڑا اعتقاد تھا۔
جب یونانِ کبیر (رومہ) اور باقی یونانی دنیا کا الحاق عمل میں آیا تو جمہوریت کے آخری دور کے رومیوں نے کوہِ اولمپس کے دیوتاؤں کو اپنا معبود بنالیا البتہ ان دیوتاؤں اور دیویوں کے نام مقامی ہی رکھے مثلاً یونانیوں کے زیوس کا نام رومیوں نے جُو پیٹر (جو پیٹر (مشتری) جونُو(JUNO) ) اور یونانی ہیرا (زیوس کی بیوی) کا نام رومیوں نے جُو نورکھ دیا اس طرح پوسیڈن، نیپچیون ((NEPTUNE)سمندر کا دیوتا زحل
) ریرس، مارس (۔ (MARS)جنگ کا دیوتا مریخ
) ہٹا اسٹس، ولکن (۔ (VULCAN) آگ کا رومی دیوتا
) ایفرودائٹ، وینس (زہرا) ایتھینا، منروا ( (MINERVA) علم کی دیوی
) کہلانے لگے ۔ (تاریخ تہذیب صفحہ ۱۵۳ جلد اول)
مذہبی رسوم جو یونان میں اولمپائی کھیلوں اور ایتھنز کے ڈرامائی جشنوں کی صورت میں بڑی دھوم دھام سے منائی جاتی تھیں روم میں ان مذہبی رسومات کا کوئی دستور نہ تھا۔ رومیوں کو عبادات میں زیادہ حصہ لینے کی ضرورت نہ تھی کیونکہ دیوتاؤں کو مقررہ مقامات پر پہنچانے کی ذمہ داری حکومت نے اپنے ذمہ لے رکھی تھی اور دیوتاؤں کے بارے میں جو مذہبی رسومات تھیں وہ پروہتوں کی ایک جماعت ادا کرتی تھی جن کا رئیس خود بادشاہ ہوتا تھا۔ سیزر نے جس طرح پہلے بتایا جاچکا ہے اپنی رعایا کو اپنی پرستش کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ اور یہ ان کے باطل معبودوں میں ایک نئے فانی معبود کا اضافہ تھا وہ حیات بعد الموت پر بھی ایمان نہیں رکھتے تھے ”لوکریش“ ایک قدیم رومی شاعر کہتا ہے کہ انسان کو موت سے نہیں ڈرنا چاہئے نہ یہ سمجھنا چاہئے کہ موت کے بعد تکلیف و اذیت کا کوئی امکان ہے اس کے نزدیک انسانی جسم اور انسانی روح کائنات کی دوسری چیزوں کی طرح عناصر کے وقتی اور عارضی اجتماع کا نتیجہ ہے جب موت آتی ہے ذرات الگ الگ ہوکر بکھر جاتے ہیں جسم و روح بھی الگ الگ ہوجاتے ہیں موت ایک ایسی نیند سے مشابہ ہے جو نہ کبھی ختم ہوگی اور نہ اس میں کوئی خواب نظر آئے گا۔ (تاریخ تہذیب صفحہ ۱۵۶ جلد اول)
معبودانِ باطل کی پرستش کا یہ عقیدہ صدیوں جاری رہا
یہاں تک کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعثت ہوئی آپ کی آمد کے باعث آپ کی زبانِ پاک سے لوگوں نے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا عقیدہ سنا۔ اگرچہ فلسطین اور شام وغیرہ کا علاقہ قیصرِ روم کے زیرِ نگیں تھا لیکن مذہبی طور پر یہودیوں کا بڑا اثر و نفوذ تھا۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد کو اپنے لئے ایک خطرہ تصور کیا اور آپ کی مخالفت میں سر دھڑ کی بازی لگا دی ہر بیہودہ الزام آپ پر لگایا۔ ہر تہمت آپ کی طرف منسوب کی اور بیت المقدس کے رومی گورنر پیلاطس کو دھمکیاں دیں کہ اگر تم نے اس شخص کا چراغِ زیست بجھا نہ دیا تو تمہارے خلاف علمِ بغاوت بلند کر دیں گے۔ اس طوفانی مخالفت کے باعث زیادہ لوگ آپ سے فیضیاب نہ ہو سکے صرف بارہ خوش نصیبوں کو آپ پر ایمان لانے کی سعادت نصیب ہوئی جنہیں حواری کہا جاتا ہے آپ کے رفع الی السماء کے بعد حواریوں نے آپ کے دین کی تبلیغ کا فریضہ بڑی سرگرمی سے ادا کرنا شروع کردیا۔ اس کے بعد بھی جو لوگ عیسائیت کو قبول کرتے ان کے خلاف نفرت اور غصہ کا طوفان اٹھ کھڑا ہوتا تعذیب و اذیت رسانی کا پہلا واقعہ جو سب سے زیادہ مشہور ہے ۶۴ عیسوی میں شہنشاہ نیرو کے ماتحت پیش آیا۔ ٹیسی ٹس اعلیٰ درجہ کا مورخ ہے وہ کہتا ہے کہ نیرو نے رومہ کی تباہی خیز آتش زدگیوں کا الزام مسیحوں پر عائد کرنے کی دانستہ کوشش کی عام افواہ یہ تھی کہ آگ بے لگام بادشاہ نے خود حکم دے کر لگوائی ہے اس مورخ کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ مہذب وشائستہ بت پرست، نئے فرقے کے متعلق کیا سمجھتے تھے۔
”لہٰذا افواہ کی روک تھام کے لئے نیرونے نئے مجرم تلاش کئے اور انہیں انتہائی بے دردی سے سزائیں دیں یہ ایسے آدمیوں کی ایک جماعت تھی۔ جن کی برائیوں سے لوگ متنفر تھے اور انہیں مسیحی کہا جاتا تھا۔ مسیح نے جو اس فرقہ کا بانی تھا تائیبریس کے عہد حکومت میں موت کی سزا پائی تھی۔ اور یہ مذموم اتہام طرازی یعنی مسیحیت تھوڑی دیر کے لئے رک گئی تھی کچھ مدت بعد پھر پھوٹی اور یہودیہ ہی میں نہیں جو بیماری کا گھر تھا بلکہ دارالحکومت تک پہنچ گئی پہلے وہ آدمی گرفتار کئے گئے جو اس مذہب کا برملا اعتراف کرتے تھے پھر ان کی نشاندہی پر ایک کثیر تعداد کو گرفتار کرلیا گیا ان کے خلاف غصہ آگ لگانے کی بنا پر نہ تھا بلکہ اس لئے تھا کہ لوگوں کو ان سے نفرت تھی ان کے خاتمہ تک لوگ ان کا مذاق اڑاتے رہے پہلے ان پر درندے چھوڑے گئے۔ پھر کتوں سے پھڑوایا گیا۔ یا انہیں صلیبوں سے باندھ دیا گیا جب سورج غروب ہوا تو صلیبوں کو آگ لگا دی گئی تاکہ رات کے وقت چراغوں کا کام دے سکیں۔( تاریخ تہذیب صفحہ ۱۸۲ جلد اول)
جو لوگ مسیحی عقائد اختیار کرتے تھے ان کے خلاف ایذا رسانی اور تعذیب کا سلسلہ کئی صدیوں تک جاری رہا لیکن آخر کار اس مذہب نے تمام رومن سلطنت میں اپنی فتح کا پرچم لہرا دیا اس کے بعد بھی یہ کوششیں جاری رہیں کہ اس سلطنت کی سابقہ بت پرستانہ حیثیت کو بحال کیا جائے آخری بڑی کوشش بادشاہ جولین نے ۳۶۱ تا ۳۶۳ میں کی جو رومیوں کے حکمران طبقے کی روایات سے گہری وابستگی رکھتا تھا اسے واقعی یقین تھا کہ مسیحی لوگ یونانی اور رومی ثقافت کی شائستگیوں کے خلاف مشرق کی ایک گھٹیا اوہام طرازی مسلط کردینے کی فکر میں ہیں یہ شائستگیان بڑی محنت و مشقت سے حاصل کی گئی تھیں لیکن یہ صرف دو سال بادشاہ رہنے کے بعد انتقال کرگیا اس طرح مسیحیت نے بہت جلد سابقہ حیثیت حاصل کرلی۔
گبن نے ان وجوہات کی نشاندہی کی ہے جن کے باعث مسیحیت کو یہ شاندار فتح نصیب ہوئی ان میں سے چند وجوہات درج ذیل ہیں۔
۱۔ یہودیوں میں اپنے مذہب کے لئے انتہائی جوش و انہماک پایا جاتا تھا لیکن ان کی تنگ نظری کے باعث غیر یہودی موسیٰ علیہ السلام کے قانون سے متنفر ہوتے گئے عیسائیوں نے یہودیوں کے مذہبی جوش و خروش کو تو اپنایا لیکن ان کی تنگ نظری سے اپنے آپ کو بچایا اس طرح دوسرے لوگوں کے لئے مسیحیت میں داخل ہونے کا دروازہ کھول دیا۔
2 آئندہ زندگی کا عقیدہ جسے اس طرح بنا سنوار کر پیش کیا گیا کہ اس میں مزید وزن اور اثر پیدا ہوگیا۔
۳ وہ معجز نما قوتیں جو کلیسا کے ابتدائی دور سے منسوب تھیں۔
۴ مسیحیوں کے پاک اور راہبانہ اخلاق
۵ مسیحی جمہوریت کا اتحاد اور نظم ۔( تاریخ تہذیب صفحہ ۱۸۷ جلد اول)
کرین برنٹن اپنی مشہور کتاب تاریخ تہذیب میں اعتراف کرتا ہے کہ مسیحیت صرف اس لئے کامیاب نہ ہوئی کہ اس نے بت پرست مذاہب کی
خرابیوں کے خلاف علم جہاد بلند کیا بلکہ اس کی کامیابی کی وجہ یہ بھی تھی کہ اس میں بت پرستی کی بہت سی چیزیں شامل کر لی گئی تھیں۔ اس نئے مذہب میں قدیم تر مذاہب کے اصول و اعمال مستعار لینے اور اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت موجود تھی مثلاً مسیحیوں نے حیات جاودانی اور قیامت کے بارے میں جو تصورات پیش کئے ان کا مصریوں، یونانیوں اور یہودیوں کے تصورات سے گہرا تعلق تھا۔ ( تاریخ تہذیب صفحہ ۱۸۸ جلد اول)
انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا میں رومن کیتھولک کے عنوان کے نیچے مجسموں کی عبادت کے موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مقالہ نگار نے بڑے واضح الفاظ میں اس بات کی تصدیق کی ہے وہ لکھتا ہے:-
”یونانیوں کے لئے مسیحیت میں کوئی نرالا پن نہ تھا بلکہ وہ یونانیوں کی بت پرستی کے تسلسل کا دوسرا نام تھا یہ کہا جاسکتا ہے کہ پرانے معبود اور ہیرو جو پہلے ان کے شہروں کی حفاظت کیا کرتے تھے اب بھی وہ ان کے نگہبان اور پاسبان تھے لیکن ان کی شکل و صورت بدل گئی تھی اب دیوی دیوتاؤں کی جگہ خدا رسیدہ بزرگوں اور فرشتوں نے لے لی تھی اور یہ ان کے لئے اس قسم کے عجائبات کا اظہار کیا کرتے۔ کافرانہ بت پرستی کی جگہ اب عیسائیت کے مجسموں کی عبادت نے لے لی تھی۔ جسے ایشیائے کوچک وغیرہ کے عیسائی سراپا بت پرستی کہتے تھے”
“شاہ لیو، سوم نے فرمان جاری کیا کہ مجسموں اور تصویروں کی تعظیم ترک کردی جائے لیکن اس فرمان کے باعث دار الحکومت میں فتنہ و فساد کی آگ بھڑک اٹھی اور یونان میں ایک انقلاب برپا ہوگیا پادری اس فرمان کی مخالفت میں ہمیشہ پیش پیش رہے اور اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہبان مقدس تصویروں کی تصویر سازی میں ان کی روزی کے اسباب مضمر تھے۔
“شاہ لیو کے بعد اس کے بیٹے کنسٹنٹائن پنجم نے اپنے باپ کی بت شکنی کی پالیسی کو زور شور سے جاری رکھا اور راہبوں کی شدید مخالفت کا دلیری سے مقابلہ کیا اس کے عہد میں ایک جنرل کونسل ۷۵۳ء میں منعقد ہوئی جس میں مجسموں کی پرستش پر نفرت و حقارت کا اظہار کیا گیا لیکن یہ تحریک اس وقت ناکامی کا شکار ہوگئی جب کنسٹنٹائن ششم کی والدہ نے مجسمہ پرستی کی اجازت از سر نو دے دی یہ سلسلہ جاری رہا۔ لیکن آخری فتح مجسموں کے پرستاروں کو ہوئی جب تھیوڈور نے ۸۴۳ء میں مجسمہ پرستی کی تائید میں فرمان جاری کیا۔ ( انسائیکلو پیڈیا برٹانیکا صفحہ ۴۳۹ ۔ ۴۳۸ جلد ۱۹)
اگرچہ عیسائیت نے چوتھی صدی کی ابتداء میں رومی سلطنت کے آئینی مذہب کی حیثیت حاصل کرلی تھی اور اس کے پیروکاروں پر جبر و تشدد اور بت پرستانہ مذاہب سے مقابلہ کا دور
ختم ہوگیا لیکن خود مسیحیت کے اندر مختلف عقائد ورسوم کے بارے میں طویل اور تشویش ناک کشمکش شروع ہوگئی۔
شاہ قسطنطین کے عہد میں دو بڑی دور رس تبدیلیاں رونما ہوئیں پہلی یہ کہ اس نے بت پرستی کو چھوڑ کر عیسائیت کو قبول کیا۔ اس سے پہلے روم کے بادشاہوں کی پرستش کی جاتی تھی اس نے اس باطل رسم کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیا۔
دوسرا واقعہ جو بڑے دور رس نتائج کا باعث بنا اور اس کے عہد میں وقوع پذیر ہوا وہ یہ تھا کہ اس نے بیزنطین کو رومہ کی سلطنت کا دوسرادارالحکومت بنایا اور اس کو روم ثانی کی حیثیت دے دی یہاں ہی قسطنطنیہ کا شہر آباد کیا گیا جو بعد میں رومی حکومت کا مرکز بنا اس شہر کو یہ خصوصیت حاصل تھی کہ روز اول سے یہ شہر مسیحی تھا۔ اور یونانی ثقافت کا مرکز تھا۔ اسے کبھی بھی بت پرستانہ حکومت کا مرکز نہیں بنایا گیا۔ قسطنطین نے کلیسا کو ریاست کا ایک شعبہ بنایا اور اسے اپنے شاہانہ کنٹرول میں رکھا۔ جب کبھی کسی بادشاہ نے کافرانہ اور بت پرستانہ عقائد کو فروغ دینا چاہا عیسائیت کے پیرو کار اس کی مزاحمت کے لئے فوراً میدان میں نکل آئے ۔
انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا کا مقالہ نگار ان نظریاتی تنازعات کا ذکر کرتا ہے جو خود عیسائیوں میں رونما ہوئے اور ان کو متعدد متحارب فرقوں میں تقسیم کر دیا اگرچہ یہ سلسلہ بہت طویل ہے اور اس کا یہاں احاطہ بہت مشکل ہے لیکن چند اہم امور کی طرف قارئین کی توجہ مبذول کرانا ضروری سمجھتا ہوں :
“اس بات پر تو تقریباً بھی عیسائی فرقے متفق الرائے ہیں کہ اللہ تعالیٰ بحیثیت جوہر ہونے کے واحد ہے۔ اور بحیثیت اقانیم تین ہے۔ وجود، علم حیات کو اقانیم کہتے ہیں۔ وجود کو باپ، علم کو بیٹا اور حیات کو روح القدس سے تعبیر کیا جاتا ہے ان کا اختلاف اس میں ہے کہ ان تین اقانیم کا تعلق جوہر سے کیا ہے۔”
ایک فرقہ کا یہ مذہب ہے کہ یہ تین اقانیم اور جوہر قدیم ہیں اور الگ الگ ہیں اور ان میں سے ہر ایک خدا ہے اقنوم ثانی (علم) حضرت مسیح کے جسم سے متحد ہو گیا، جیسے شراب اور پانی آپس میں ملنے کے بعد یک جان ہو جاتے ہیں اور مسیح بھی ازلی قدیم ہے اور مریم نے ازلی قدیم کو جنا ہے۔
دوسرا فرقہ کہتا ہے کہ بیٹا (مسیح) کی دو حیثیتیں ہیں ایک لاہوتی اور ایک ناسوتی اس حیثیت سے کہ وہ خدا کا بیٹا ہے وہ خدائے کامل ہے اور اس حیثیت سے کہ اس کاظہور اس جسد عنصری میں ہوا انسان کامل ہے اس لئے بیک وقت یہ قدیم بھی ہے اور حادث بھی۔ قدیم و حادث کا یہ اتحاد نہ قدیم کی قدامت کو متاثر کرتا ہے اور نہ حادث کے حدوث کو۔
تیسرے گروہ کا یہ عقیدہ ہے کہ اقنومِ ثانی گوشت اور خون میں بدل گیا اور خدا مسیح کی شکل میں رونما ہوا
بعض کی رائے یہ ہے کہ الٰہ قدیم کے جوہر اور انسانِ حادث کے جوہر میں یوں امتزاج ہوا جیسے نفسِ ناطقہ کا جسم کے ساتھ ہوتا ہے اور وہ دونوں ایک چیز بن جاتے ہیں اس طرح جوہرِ قدیم اور جوہرِ حادث کے مجموعہ کا نام مسیح ہے اور وہی خدا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگرچہ خدا، انسان نہ بن سکا۔ لیکن انسان خدا بن گیا۔ جیسے اگر آگ کوئلہ نہیں بن سکتی۔ کوئلہ تو آگ بن جاتا ہے۔ (ضیاء القرآن صفحہ ۴۲۷ زیر آیت (۱۷۱:۴) جلد اول)
اس سلسلہ کو کہاں تک طول دیں۔ ؞ مشتے نمونہ از خروارے بس است
انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا میں مسیحیت (CHRIS TIANITY) کے موضوع پر جارج ولیم ناکس، سڈنی ہربرٹ میکون نے مل کر جو محققانہ مقالہ لکھا ہے اس میں وہ رقمطراز ہیں
“مسیح نے خود بھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ان کی اصل کوئی مافوق الفطرت چیز ہے بلکہ وہ اس پر مطمئن تھے کہ انہیں مریم اور جوزف کے بیٹے کی حیثیت سے پہچانا جائے۔ (انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا صفحہ ۶۳۲ جلد پنجم ایڈیشن ۱۹۶۲)
اسی انسائیکلوپیڈیا میں تاریخِ کلیسا (CHURCH HISTORY) کے عنوان سے جو مقالہ لکھا گیا ہے اس کا اقتباس پیشِ خدمت ہے۔
تیسری صدی کے ختم ہونے سے پہلے یسوع کو کلامِ الٰہی (LOGOS) کا مجسمہ تسلیم کرلیا گیا تھا۔ لیکن اس کی الوہیت کا عام طور پر انکار کیا جاتا تھا اس اثناء میں ایرئین (ARIAN) کے تنازعہ نے چوتھی صدی کے کلیسا کو جس اضطراب و حیرت میں مبتلا کر دیا تھا اس نے لوگوں کی توجہ کو اس مسئلہ کی طرف مبذول کیا نیقیا (NICAEA) کی کونسل جو ۳۲۵ء میں منعقد ہوئی اس میں یسوع کی الوہیت کو تسلیم کر لیا گیا۔ اور مشرق و مغرب کے عیسائیوں نے اسی عقیدہ کو صحیح مسیحی عقیدہ مان لیا بیٹے کی الوہیت کا مظہر یسوع کو قرار دینے سے ایک نئی پیچیدگی پیدا ہو گئی جو چوتھی صدی اور اس کے بعد عرصہ تک مابہ النزاع بنی رہی وہ یہ کہ یسوع میں الوہیت اور انسانیت کا باہمی تعلق کیا ہے کالسیڈن کی کونسل ،جو ۴۵۱ء میں منعقد ہوئی اس میں یہ قرار پایا کہ مسیح کی ذات میں الوہیت اور انسانیت دونوں یکساں طور پر مجتمع ہیں اور باہمی امتزاج کے باوجود دونوں کی خصوصیات جوں کی توں قائم ہیں قسطنطنیہ کی تیسری کونسل جو ۸۶۰ء میں منعقد ہوئی اس میں اس پر مزید اضافہ کیا گیا کہ ان دو ہستیوں کی الگ الگ مرضی اور مشیت ہے مسیح دونوں مشیتوں کا مالک ہے مسیح کے اندر دو مشیتوں خدائی اور انسانی کے وجود کے نظریات کو مشرق و مغرب کے کلیساؤں نے بحیثیت پختہ اور صحیح عقیدہ کے مان لیا۔ (انسائیکلوپیڈیا صفحہ ۶۷۸۔۶۷۷ جلد پنجم)
عقائد کے بارے میں ان کے علماء کے باہمی اختلافات اور تنازعات اور ان پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات کی کہانی اتنی طویل اور گھمبیر ہے کہ انسان ان کا مطالعہ کرتے کرتے گھبرا جاتا ہے اور اس کا ذہن انتشار کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔ ہم یہاں ان تنازعات کی تاریخ بیان نہیں کر رہے، ہم تو قارئین کی توجہ صرف اس امر کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں کہ اسلام کی صبح طلوع ہونے سے قبل رومی مملکت میں، جو دنیا کی سب سے بڑی مملکت تھی، اس میں لوگوں کے مذہبی نظریات اور معتقدات کی کیا کیفیت تھی۔ خصوصاً عیسائیت جو اس مملکت کا سرکاری مذہب تھی۔ اور ایک نبی برحق حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ الصلوۃ والسلام کی پیروی کا دعویٰ کرتی تھی۔ ان کے مذہبی نظریات و افکار کا کیا عالم تھا۔ اس لئے ہم مندرجہ بالا امور پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اس موضوع کو یہاں ختم کرتے ہیں اور رومن مملکت کے معاشرتی حالات کی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔
رومہ کے معاشرتی حالات
سلطنت رومہ کی آبادی دو طبقوں میں منقسم تھی۔ ایک طبقہ امراء کا تھا اور دوسرا عوام کا امراء کا طبقہ خوشحال خاندانوں پر مشتمل تھا۔ شہریت کے پورے حقوق انہیں کو حاصل تھے اس طبقہ میں صرف وہ لوگ شامل تھے جو زرعی زمینوں کے وسیع و عریض قطعات کے مالک تھے۔ یا بڑی بڑی جائیدادوں والے کنبوں سے وابستہ تھے اس طبقہ کے تمام افراد عیش و عشرت کی زندگی بسر نہیں کرتے تھے بلکہ کھیتوں میں محنت و مشقت بھی کرتے تھے امراء کے طبقہ میں سے ایک فوجی ہیرو سنسیٹس (CINCINNATUS) تھا۔ جس نے پانچویں صدی قبل مسیح کے وسط میں دو مرتبہ رومہ کو دشمن کی یلغار سے بچایا۔ اور اسے فتح یاب کیا۔ جب بھی اسے فوج کا سپہ سالار بننے کی دعوت دی گئی۔ ہر مرتبہ وہ اپنے کھیتوں میں ہل چلا رہا تھا۔
آبادی کی بہت بڑی اکثریت کا تعلق طبقہ عوام سے تھا وہ لوگ صرف جزوی حیثیت سے شہری تھے جمہوریت کے ابتدائی دنوں میں انہیں یہ اجازت نہ تھی کہ فوج میں بھرتی ہوسکیں اور دفاعی خدمات بجالائیں۔ لیکن وہ سپارٹا کے غلاموں کی طرح حد درجہ مظلوم بھی نہ تھے انہیں خاص سیاسی حقوق حاصل تھے۔ بادشاہی کا تختہ الٹا تو پہلے پہل امراء کا طبقہ جمہوریت کے تمام سیاسی اداروں پر قابض ہو گیا۔ سینٹ اور اسمبلی کے ارکان امراء کے طبقہ سے لئے جاتے تھے قونسل کا عہدہ بھی طبقہ امراء کے لئے مخصوص تھا۔ قونسل دو ہوتے تھے جنہیں ایک سال کے لئے انتظامی معاملات میں کلی اختیارات دے دیئے جاتے تھے۔ البتہ ایک قونصل دوسرے قونصل کے خلاف ویٹو کا حق (حق تنسیخ) استعمال کرسکتا تھا۔ اس پابندی کی وجہ سے کوئی پالیسی اس وقت تک نافذ نہیں ہوسکتی تھی جب تک دونوں قونصل اس کی حمایت پر متفق نہ ہوجاتے۔
عام حالات میں قونصل، سینٹ کے مشورہ کے مطابق حکومت کے فرائض انجام دیتے سینٹ کے ممبروں کی تعداد تقریباً تین صد تھی یہ صرف امراء کے طبقہ سے لئے جاتے تھے۔ سینٹ کو یہ اختیار حاصل تھا کہ اسمبلی کے فیصلوں کو ویٹو سے منسوخ کر دے رومہ کے شہری خواہ ان کا تعلق امراء سے ہو یا عوام سے اسمبلی میں شرکت کا حق رکھتے تھے تاہم تعداد میں قلیل ہونے کے باوجود امراء کا طبقہ ہی اسمبلی میں بااقتدار تھا عوامی طبقوں کو طبقہ امراء کی اجارہ داری پسند نہ تھی۔ چنانچہ انہوں نے بہت جلد حقوق کا مطالبہ شروع کردیا رومیوں نے مصلحت اندیشی سے کام لیتے ہوئے عوامی نمائندوں کے مطالبات تسلیم کر لئے اور نظام حکومت میں ترمیم کر دی۔ عوام کو امراء کے طبقہ میں شادی کرنے کا حق، سینٹ کا رکن بننے کا حق، اور قونصل کے عہدہ پر فائز ہونے کا حق دے دیا گیا۔ نیز انہوں نے قرضوں اور مزروعہ اراضی کے متعلق مختلف قوانین بنائے قبل ازیں بہت سے کسان قرضہ نہ ادا کرنے کے باعث اپنی جائیدادیں کھو بیٹھتے اور انہیں غلام بنا لیا جاتا۔ جمہوریت نے مقروضوں کے خلاف سخت سزائیں منسوخ کر دیں اور جاگیروں کے لئے حد مقرر کر دی۔ کوئی آدمی مقررہ حد سے زیادہ جاگیر حاصل نہیں کر سکتا تھا۔ نئے مفتوحہ علاقوں میں ان کاشتکاروں کو کھیتی باڑی کے لئے قطعاتِ اراضی دیئے جانے لگے جن کے پاس اپنی زمین نہ تھی۔ ان اصلاحات کے باوجود خاندان اور دولتِ رومہ میں خاص اہمیت حاصل رہی سینیٹ میں بھی اثر و رسوخ کے حامل یہی لوگ تھے دولت مند لوگ غریب عوام کے مقابلہ میں سیاسی اختیارات سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے تھے صوبوں میں بھی جمہوری ادارے قائم تھے۔ ایک کونسل ہوتی تھی جس میں زیادہ اقتدار بڑے بڑے مقامی زمینداروں کو حاصل تھا۔ وہی تمام معاملات کا انتظام چلاتے تھے۔ مقامی معاملات میں انہیں وسیع اختیارات حاصل تھے۔ مرکز کی طرف سے مداخلت بہت کم ہوتی تھی بشرطیکہ وہ مندرجہ ذیل امور کی پابندی کرتی رہیں۔
۱۔ حکومت کے مقرر کردہ محاصل باقاعدگی سے ادا کرتی رہیں۔
۲۔ بوقتِ ضرورت فوج کے لئے رنگروٹ مہیا کریں۔
۳۔ شہنشاہ کی پرستش کی رسومات بجالائیں۔
حکومت نے جمہوریت اور شہنشاہیت کے زمانہ میں درسگاہوں کی کبھی سرپرستی نہ کی اور سرکاری خزانہ سے ان پر کچھ خرچ نہ کیا جاتا تھا۔ چنانچہ اس وقت کی درسگاہوں میں تعلیمی اخراجات بہت زیادہ تھے۔ وہی بچے درسگاہوں میں تحصیلِ علم کے لئے داخل ہو سکتے تھے جن کے والدین تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت رکھتے تھے۔
جسٹینین (JUSTINIAN) نے وہ تمام سکول بند کر دیئے جن میں فنِ خطابت اور فلسفہ کی تعلیم دی جاتی تھی۔ اور ان کے ساتھ جو جائیدادیں وقف تھیں ان کو بھی ضبط کر لیا ہر کافر کو تعلیم دینے سے روک دیا۔ اس نے ایتھنز میں جتنی درسگاہیں تھیں انہیں ۵۲۹ء میں بند کر دیا اس طرح یونانی فلسفہ گیارہ سو سال تک حکمت کی روشنی پھیلانے کے بعد ختم ہو گیا۔
اس سلسلہ میں ول ڈیوران نے اسکندریہ کی ایک خاتون کا ذکر کیا ہے جس کا نام ہیپاتیا
(HYPATIA) تھا اس نے پہلے فنِ ریاضی میں کمال حاصل کیا۔ اور علمِ فلکیات میں پٹولیمی (PTOLEMY) نے جو کتاب لکھی تھی اس کی شرح لکھی۔ اس نے علمِ ریاضی میں گراں بہا تصنیفات تالیف کیں۔ پھر ریاضی سے وہ فلسفہ کے میدان میں پہنچی۔ افلاطون اور پلاٹینس کے خطوط پر اپنا مستقل نظامِ فکر تعمیر کیا اس زمانہ کا ایک عیسائی مؤرخ سقراط لکھتا ہے کہ وہ اپنے زمانہ
کے تمام فلسفیوں سے گوئے سبقت لے گئی تھی اسے اسکندریہ کے عجائب خانہ میں فلسفہ کی “چیئر” تفویض کی گئی تھی۔ اس کے لیکچرز اتنے دلکش اور مدلل ہوتے تھے کہ دور نزدیک سے سامعین کا ایک جمِ غفیر اس کا لیکچر سننے کے لئے جمع ہو جاتا تھا۔ وہ اپنی پاکبازی اور راست گفتاری کے باعث عالمی سطح پر قابلِ تعریف اور قابلِ تکریم بن گئی تھی۔ لیکن اسکندریہ کے عیسائی اس کو حقارت کی نظر سے دیکھتے تھے کیونکہ وہ صرف خود ہی لوگوں کو راہِ راست سے بھٹکا دینے والی کافرہ نہ تھی بلکہ وہ اورسٹس (ORESTES) کی دوست تھی جو اس شہر کا ایک کٹر کافر تھا۔ جب آرچ بشپ “سیرئل” (CYRIL) نے اپنے راہبوں کو اس بات پر برانگیختہ کیا کہ وہ اسکندریہ سے یہودیوں کو نکال باہر کریں تو اورسٹس نے بادشاہ کو اس واقعہ کی خفیہ رپورٹ دی۔ بعض راہبوں نے اس پر پتھراؤ کیا اور اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
سیرئل کے معاونین نے ہیپاتھیا پر یہ الزام لگایا کہ اس نے اورسٹس کو مصالحت کرنے سے باز رکھا ہے ایک دن ہیپاٹیا، بگھی میں جا رہی تھی۔ کہ سیرئل کے چند کٹر پیروکاروں نے جن کی قیادت سیرئل کے دفتر کا ایک چھوٹا کلرک کر رہا تھا۔ اسے بگھی سے نیچے اتار لیا۔ اسے گھیسٹ کر ایک کلیسا میں لے گئے اس کے کپڑے اتار دیئے گئے ٹائلوں سے اسے اتنا مارا کہ وہ دم توڑ گئی پھر انہوں نے اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے۔ اور اس کو نذرِ آتش کر دیا لیکن بادشاہ نے ایسے سنگین جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو کوئی سزا نہ دی صرف یہ فرمان نافذ کیا کہ آئندہ راہب لوگ آزادانہ طور پر پبلک میں آ نہ سکیں۔ (ڈی ایچ آف فیتھ خلاصہ صفحہ ۱۲۳۔ ۱۲۲)
خوشحال رومی عیش و راحت کی زندگی بسر کیا کرتے وہ دیہات میں اپنے لئے بنگلے تعمیر کرتے ان بنگلوں کی کھڑکیاں شیشے کی ہوتیں پانی کے لئے نل لگا دیئے جاتے اور انہوں نے حرارت پہنچانے کا بھی ایک طریقہ ایجاد کر لیا تھا۔ جس کی وجہ سے نلوں میں گرم ہوا بھرنے لگتی۔ گویا ان کے بنگلے گرمیوں اور سردیوں میں ایک طرح کے ایئر کنڈیشنڈ تھے۔ ان کے کھانے پینے کا شوق جنون کی حد کو پہنچا ہوا تھا چنانچہ وہ ایک مرتبہ کھانا کھا کر عمدا قے کر کے پیٹ خالی کر لیتے تاکہ دوسری مرتبہ لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
لیکن کسانوں کے لئے آرام کے سامان نہ ہونے کے برابر تھے شہروں میں عام لوگ لکڑی کی بدنما جھونپڑیوں میں رہتے جو چھ چھ سات سات منزلہ ہوتیں۔ بیروز گاری عام تھی۔ اور حکومت نے کبھی اس سنگین مسئلہ کی طرف توجہ نہ دی اور نہ کبھی اس کا کوئی پائیدار حل سوچا۔ چنانچہ نصف سے زیادہ آبادی خیرات پر گزر اوقات کرتی۔
رومی سلطنت کی تمام ریاستوں میں امیروں اور غریبوں کے درمیان وسیع خلیج حائل تھی۔ سلطنت نے رعایا کے لئے بلا امتیاز امیر و غریب، حمام اور سرکس مہیا کر دیئے تھے جنہیں دیکھنے کے لئے اور ان میں غسل کرنے کے لئے کوئی ٹکٹ خریدنا نہیں پڑتا تھا۔ سرکس میں جنگی رتھوں کی دوڑ اور جنگی مقابلے ہوتے۔ دوڑوں میں شرطیں بھی لگائی جاتیں۔ فقراء اپنی قسمت کو سنوارنے کے لئے ان شرطوں میں بڑھ چڑھ کر بازی لگاتے اور اس طرح ان کی جیب میں جو کچھ ہوتا وہ بھی ختم ہو جاتا۔
سلطنتِ رومہ کے معاشی حالات
رومن مملکت کے معاشی حالات کا تذکرہ وہاں کے معاشرتی حالات کے ضمن میں آپ پڑھ چکے ہیں مزید وضاحت کے لئے ول ڈیوران کا یہ اقتباس بڑا بصیرت افروز ہے۔
”بیزنطی حکومت کا اقتصادی نظام مخلوط قسم کا تھا۔ اس میں نجی کاروبار کی بھی اجازت تھی اور اس میں بعض صنعتوں کو حکومت نے اپنی ملکیت میں بھی لے لیا تھا۔ کسانوں کے حقوق ملکیت کے بارے میں جسٹینن کا قانون نافذ تھا اور اس پر عمل ہو رہا تھا جاگیریں وسیع سے وسیع تر ہوتی جا رہی تھیں اور کاشتکار مجبوراً بڑے زمینداروں کی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے چلے جا رہے تھے کیونکہ قحط سالی یا طغیانی کی وجہ سے ان کی زرعی پیداوار بری طرح متاثر ہوتی تھی لیکن ٹیکسوں کا بوجھ جوں کا توں ان پر باقی رہتا تھا۔ پے در پے جنگوں کی وجہ سے عام کاشتکار روز افزوں ٹیکسوں کے بوجھ کو برداشت کرنے سے قاصر تھے صنعتی کارخانوں میں مزدوری کرنے والے لوگ آزاد تھے شام۔ مصر۔ شمالی افریقہ میں مزدوروں کو جبراً کام کرنا پڑتا تھا۔ تاکہ آبپاشی کی بڑی نہروں کو درست رکھا جا سکے۔ حکومت اپنے کارخانوں میں زیادہ تر ایسی چیزیں بناتی جن کی فوج کو، افسر شاہی کو اور اہلِ دربار کو ضرورت ہوتی۔
معدنی دولت حکومت کی ملکیت تھی لیکن پرائیوٹ ادارے کانوں کو حکومت سے کرایہ پر لے لیتے اور معدنیات نکالتے ۵۵۲ء کے قریب نسطوریا فرقہ کے چند راہب چین سے ریشم کے کیڑوں کے انڈے اور شہتوت کے درختوں کی قلمیں لے آئے۔۔ حکومت نے ریشم پیدا کرنے کی صنعت کو اپنی سرپرستی میں لے کر نقطۂ عروج تک پہنچایا۔ ریشمی پارچات اور ارغوانی رنگوں کی ساخت صرف حکومت کے تصرف میں تھی ان کے کارخانے شاہی محلات کے اندر ہوتے یا شاہی محلات کے گرد ونواح میں ریشمی ارغوانی رنگ کا لباس پہننے کی اجازت حکومت کے افسرانِ اعلیٰ تک محدود تھی۔ سب سے زیادہ قیمتی ریشمی کپڑا شاہی خاندان کے افراد کے لئے مختص تھا۔ بعض لوگوں نے اپنے ذاتی ذرائع سے ریشم کے کیڑوں کے انڈے حاصل کئے اور ان کی پرورش کر کے ریشم بنایا اور اس سے ریشمی کپڑے بنانے شروع کر دیئے۔
جسٹینین نے اس بلیک مارکیٹ کو ختم کرنے کے لئے ریشم سازی اور ریشم بافی کی صنعتوں سے ساری پابندیاں اٹھالیں اور عوام کو بھی اجازت دے دی کہ وہ بھی اس میدان میں اپنی نجی صنعتیں لگائیں۔ جسٹینین نے حکومت کے کارخانوں میں تیار شدہ ریشم کے پارچات سے دکانوں کو بھر دیا اور ان کا نرخ بھی بڑی حد تک گرا دیا اور اتنے کم نرخ پر ان کو بازار میں فروخت کرنا شروع کر دیا کہ پرائیویٹ ادارے اس قیمت پر ریشمی کپڑا فروخت نہیں کرسکتے تھے کیونکہ ان کی لاگت بہت زیادہ تھی اس مقابلہ میں ناکام ہونے کے بعد ریشمی کپڑا بنانے والے نجی کارخانے بند ہو گئے۔ جب نجی کارخانوں میں بنا ہوا ریشمی کپڑا مارکیٹ میں آنا بند ہو گیا تو بادشاہ نے حکومت کے کارخانوں میں بنے ہوئے ریشمی پارچات کے نرخوں کو بڑھا دیا اور اس طرح اپنی قوم کے باہمت افراد کی حوصلہ شکنی کر کے ریشم سازی اور ریشم بافی کی صنعت میں اپنی اجارہ داری قائم کر لی ۔ (دی ایج آف فیتھ صفحہ ۱۱۹۔ ۱۱۸)
انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا میں رومن سلطنت کے عنوان کے نیچے حکومت کے مالیاتی نظام پر تبصرہ کرتے ہوئے مقالہ نگار لکھتا ہے۔
”کہ اگرچہ عدالتی نظم و نسق بہترین تھا ۔ لیکن سلطنت کا مالیاتی نظام بہت ہی خراب تھا ۔ اگر حکومت عوامی اقتصادیات کے اصولوں سے آشنا ہوتی تو وہ اپنے باشندوں کی خوشحالی کو مجروح کئے بغیر اپنی آمدنی میں بہت کچھ اضافہ کر سکتی تھی۔ جو ٹیکس لگائے جاتے ان کی شرح بہت زیادہ تھی اور اس کی وصولی میں بڑے تشدد سے کام لیا جاتا تھا۔ تجارت، حکومت کے لئے قوت و طاقت کا ایک بہت بڑا منبع تھی لیکن حکومت کاروباری لوگوں کو یوں للچائی ہوئی نظروں سے دیکھتی کہ اس کا جی چاہتا کہ ان سے زیادہ سے زیادہ مال چھین سکے۔ آمدنی کا اہم ذریعہ زرعی زمینیں تھیں زمین کے مالکوں پر رومن عہدِ حکومت کے سارے دور میں اتنا بوجھ ڈالا جاتا رہا جو بالکل نامناسب تھا۔ لگان زرعی پیداوار کے مطابق وصول نہیں کیا جاتا تھا بلکہ زمین کی مالیت و حیثیت کو پیشِ نظر رکھ کر وصول کیا جاتا تھا۔ آخری دور میں تو یوں معلوم ہوتا تھا گویا چولہا ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ ان گونا گوں ٹیکسوں کے علاوہ زمین پر ایک نیا ٹیکس اس لئے لگا دیا گیا کہ اس ٹیکس سے جو آمدنی ہو اس سے فوج اور شاہی افسروں کی امداد کی جائے یہ جنس کی شکل میں وصول کیا جاتا تھا۔
صوبوں کو مختلف مالیاتی ضلعوں میں تقسیم کر دیا گیا اور ہر ضلع سے جتنا خراج لینا مطلوب ہوتا تھا۔ اسے ایک رجسٹر میں درج کر دیا جاتا ابتدا میں اس تخمینہ پر پندرہ سال کے بعد نظرِ ثانی کی جاتی۔ اور مناسب تبدیلیاں رو بکار لائی جاتیں لیکن کچھ عرصہ بعد نظرِ ثانی کرنے میں بے قاعدگیاں رونما ہونے لگیں ٹیکسوں کو وصول کرنے کی ذمہ داری مجلسِ نمائندگان کے ارکان پر عائد تھی ساتویں صدی تک یہی دستور رہا۔ مجلسِ نمائندگان کے ارکان لگان وصول کرتے اور حکومت کے خزانہ میں جمع کرتے جو لوگ لگان نہیں دیتے تھے ان کے حصہ کا لگان نمائندگان کو اپنی جیب سے ادا کرنا پڑتا۔ اس طرزِ عمل سے مجلس کے کئی ارکان بری طرح زیرِ بار ہو جاتے جب اس نظام میں تبدیلی کی گئی تو پھر نا دہند افراد کے حصہ کا لگان سارے ضلع کے لوگوں پر تقسیم کر دیا جاتا۔ کاشتکاروں پر اور بھی طرح طرح کی ذمہ داریاں تھیں جن میں سے سب سے زیادہ اہم یہ ذمہ داری تھی کہ حکومت کے ڈاک خانوں کے لئے گھوڑے بگھیاں اور لڑکے مہیا کرنا۔ چوتھی پانچویں اور چھٹی صدی میں کاشتکاروں کو زمین کے ساتھ وابستہ کر دیا جاتا تھا۔ اگر پہلا مالک زمین فروخت کر دیتا تو خریدنے والے کو زمین کے ساتھ وہ کاشتکار بھی منتقل کر دیئے جاتے جو پہلے مالک کے وقت زمین میں زراعت کرتے تھے“۔ (انسائیکلوپیڈیا صفحہ ۴۴۳۔ ۴۴۲ جلد ۱۹)
مشرقی رومن ایمپائر کے بادشاہوں میں سب سے جلیل القدر اور عظیم الشان بادشاہ جسٹینین اول (۴۸۳ تا ۵۶۵ء) ہوا ہے اس کو تاریخ میں جسٹینین دی گریٹ (اعظم) کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے اس کا عہدِ فتوحات، سلطنت کی وسعت، بڑے بڑے محلات اور قلعوں کی تعمیر کے باعث امتیازی شان کا مالک ہے لیکن اس شہنشاہِ اعظم کے دور میں بھی عوام الناس کی حالت از حد قابلِ رحم تھی۔
انسائیکلوپیڈیا برطانیہ کا مقالہ نگار اس کی معاشی پالیسیوں اور مالی نظم و نسق کے بارے میں رقمطراز ہے۔
”عظیم تعمیری منصوبوں، پے درپے جنگوں اور سلطنت کی سرحد پر آباد وحشی باشندوں کو رشوت دے کر خریدنے کے لئے روپے کی شدید ضرورت تھی اور اس کو رعا یا پر ٹیکسوں میں اضافہ سے پورا کیا جاتا تھا۔ وہ سابقہ ٹیکسوں کے بوجھ کے نیچے پسے چلے جا رہے تھے۔ ناگوار موسموں کے باعث فصلیں اگرچہ بری طرح متاثر ہوتی تھیں اس کے باوجود لگانوں میں کمی نہیں کی جاتی تھی اور جو لگان نہیں ادا کرتا تھا۔ اس کی غیر منقولہ جائیداد قرق کر لی جاتی تھی۔ ان مالی مظالم کے باعث لوگ بغاوت کرنے پر مجبور ہو جاتے تھے اس سلسلے میں جو بغاوت ۵۳۲ء میں ہوئی اس میں صرف دارالسلطنت میں تیس ہزار نفوس ہلاک کر دیئے گئے۔ (انسائیکلوپیڈیا صفحہ ۲۱۱ جلد ۱۳ ایڈیشن ۱۹۶۲ء)
ان تمام حالات کے مطالعہ سے آپ اس افراتفری کا بآسانی اندازہ لگا سکتے ہیں جو رومن مملکت کے کاروباری طبقے نیز زمینداروں اور کاشتکاروں کے طبقات میں رونما ہو رہی تھی۔
شام کا ملک بھی رومیوں نے فتح کر کے اپنی مملکت کا ایک صوبہ بنا لیا تھا۔ اس کے حالات کے بارے میں محمد کرد علی، اپنی کتاب ”خطط الشام“ میں رومی حکومت کے طرزِ عمل کے بارے میں لکھتے ہیں۔
”شامی رعایا پر لازم تھا کہ وہ حکومت کا ٹیکس ادا کرے اور اپنی تمام پیداوار اور آمدنی کا دسواں حصہ اور راس المال کا ٹیکس داخل کرے۔ فی کس ایک رقم مقرر تھی جس کا ادا کرنا لازمی تھا۔ اس کے علاوہ رومی قوم کے کچھ دوسرے اہم ذرائع آمدنی تھے مثلاً چونگی، کانیں، محاصل اس کے علاوہ جو قطعات گندم کی کاشت کے قابل ہوتے، اور چراگاہیں ٹھیکہ پر دے دی جاتیں۔ ان ٹھیکہ داروں کو عشارین کہتے تھے یہ لوگ حکومت سے تحصیل وصول کے اختیارات خرید لیتے اور رعایا سے مطالبات وصول کرتے۔ ہر صوبہ میں ان ٹھیکیداروں کی متعدد کمپنیاں قائم تھیں ہر کمپنی کے پاس کچھ منشی اور محصل ملازم تھے جو اپنے افسروں کو مالکوں کے انداز میں پیش کرتے اور جس قدر ان کو لینے کا حق تھا اس سے زیادہ وصول کرتے۔ وہ لوگوں کو فراغت و راحت کے وسائل سے محروم کرتے اور اکثر ان کو غلاموں کی طرح فروخت کر دیتے“۔(خطط الشام صفحہ ۴۷ جلد پنجم بحوالہ نقوش رسول نمبر صفحہ ۱۲۵۔ ۱۲۴ جلد سوم)
عوام کی خستہ حالی کا تو یہ عالم تھا لیکن شاہی خاندان اور حکومت کے افسران اور رؤساء کی عیش کوشی کی داستانیں پڑھ کر انسان ششدر رہ جاتا ہے ان کے عالیِشان محل، دیوان خانے، ناؤ و نوش کی مجلسیں، عیش و عشرت کے ساز و سامان کی انتہانہ تھی۔
حضرت حسان بن ثابت نے جبلہ بن الایہم غسانی کی مجلس کا نقشہ اس طرح کھینچا ہے میں نے دس باندیاں دیکھیں جن میں پانچ روم کی جو بربط پر گارہی تھیں اور پانچ وہ تھیں جو اہل حیرہ کی دھن میں گا رہی تھیں جنہیں عرب سردار ایاس بن قبیصہ نے تحفہ بھیجا تھا اس کے علاوہ عرب کے علاقہ مکہ وغیرہ سے بھی گویوں کی ٹولیاں جاتی تھیں۔ جبلہ جب شراب نوشی کے لئے بیٹھتا تو اس کے نیچے فرش پر قسم قسم کے پھول چنبیلی، جوہی وغیرہ بچھا دیئے جاتے اور سونے چاندی کے ظروف میں مشک و عنبر لگائے جاتے چاندی کی طشتریوں میں مشک خالص لایا جاتا۔ اگر جاڑوں کا زمانہ ہوتا تو عود جلایا جاتا۔ اگر گرمیوں کا موسم ہوتا تو برف بچھائی جاتی اور اس کے ہم نشینوں کے لئے گرمیوں کا لباس آتا جس کو وہ اپنے اوپر ڈال لیتے۔ جاڑوں میں سمور، قیمتی کھالیں اور دوسرے گرم لباس حاضر کئے جاتے۔(بحوالہ نقوش رسول نمبر ص ۱۲۳ جلد سوم)
اس قسم کے حوالوں سے تاریخ کی کتابوں کے صفحات بھرے پڑے ہیں یہاں تو صرف یہ بتانا مقصود ہے کہ عظیم رومی سلطنت کے سائے میں انسانیت کو کس طرح دو طبقوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ ایک طبقہ کو دنیا بھر کی راحتیں آسائشیں اور جملہ وسائل عیش و طرب میسر تھے اور دوسری طرف عوام کا سواد اعظم تھا جو زندگی کی بنیادی ضرورتوں کے لئے بھی ترس رہا تھا۔ اور افلاس و تنگ دستی کے باوجود مملکت کی ساری مالی ضروریات بہم پہنچانے کا بوجھ اس نے اٹھا رکھا تھا۔
ان چند صفحات کے مطالعہ سے آپ نے رومی مملکت کے اقتصادی نظام کا اندازہ لگا لیا ہو گا۔
رومہ کی اخلاقی حالت
اس کے بارے میں ول ڈیوران کی مشہور کتاب دی ایج آف فیتھ، کا ایک اقتباس ہی کافی ہے وہ لکھتے ہیں
”اخلاقی، جنسی اور کاروباری لحاظ سے رومی سلطنت کے مکینوں کی حالت قابل رشک نہ تھی۔ ایک طرف تو رقص کی مذمت کی جاتی تھی لیکن قسطنطنیہ میں رقص گاہیں اور ناچ گھر آباد تھے۔ کلیسا نے اعلان کر دیا تھا کہ وہ ایکٹروں کو بپتسمہ نہیں دیں گے یعنی وہ ایکٹروں کو عیسائی مذہب قبول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس کے باوجود بیزنطی سٹیج پر ایکٹروں اور ان کے کھیلوں کو بڑی پذیرائی بخشی جاتی تھی قانونی طور پر ان پر یہ پابندی تھی کہ وہ ایک سے زیادہ شادی نہیں کر سکتے لیکن دوسری طرف ان کی جنسی خواہشات کی تسکین کا سامان کر دیا گیا تھا۔ پروکوپیس (PROCOPIUS) اپنی کتاب سیکرٹ ہسٹری میں لکھتا ہے۔ کہ اس کے زمانہ میں عملی طور پر تمام عورتیں بد کار تھیں۔ ضبط تولید کے وسائل پر بڑی مستقل مزاجی سے تحقیق جاری رہتی تھی اس زمانہ کے اطباء اپنی قرابادینوں میں اس موضوع کو بڑی اہمیت سے ذکر کرتے تھے۔ چوتھی صدی کے ایک مشہور اور قابل طبیب “اوریباسیس” (ORIBASIUS) نے اپنے قرابادین میں ضبطِ تولید کے موضوع پر اور اس کے وسائل پر پورا ایک باب قلمبند کیا ہے۔
قحبہ خانے عام تھے عصمت فروشی کا دھندا برسرعام کیا جاتا تھا۔ جسٹینین اور اس کی ملکہ نے عصمت فروشی کو ختم کرنا چاہا انہوں نے عصمت فروشی کا دھندا کرنے والے مرد و زن کو قسطنطنیہ سے نکل جانے کا حکم دیا لیکن انہیں کوئی خاطر خواہ کامیابی نہ ہوئی۔ (دی ایچ آف فیوچر صفحہ ۱۲۰)