صحیح مسلم : کتاب الایمان : ایمان کے شرعی معنی کی تفصیل اور تحقیق
sulemansubhani
ایمان کے شرعی معنی کی تفصیل اور تحقیق
علامہ بدر الدین عینی لکھتے ہیں:
ایمان کے شرعی معنی میں اہل قبلہ کے چار قول ہیں، ایک قول یہ ہے کہ ایمان قلب کا فعل ہے اور اس میں پھر دو نظریے ہیں، محققین، امام اشعری، قاضی عبدالجبار، استاذ ابو اسحاق اسفرائینی، حسین بن فضل اور دیگر ائمہ کا یہ مسلک ہے کہ ایمان صرف تصدیق بالقلب کا نام ہے، یعنی ہر وہ چیز جس کے متعلق بداہتہً علم ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کو اللہ کے پاس سے لائے ہیں اس کی تصدیق کرنا ایمان ہے۔ دوسرا نظریہ جہم بن صفوان کا ہے کہ ایمان فقط دل سے اللہ تعالیٰ کی معرفت کا نام ہے اور زبان سے اقرار کرنا اس کے لیے شرط یا رکن نہیں ہے حتیٰ کہ جس شخص کو دل سے اللہ تعالیٰ کی معرفت ہو خواہ وہ زبان سے اقرار نہ کرے اور اسی حال پر مرجائے وہ بھی مومن کامل ہے۔
دوسرا قول یہ ہے کہ ایمان زبان سے اقرار کا نام ہے، اس میں بھی دو نظریے ہیں، غیلان بن مسلم دمشقی اور فضل رقاشی کا یہ نظریہ ہے کہ ایمان زبان سے اقرار کا نام ہے لیکن اس کی شرط معرفت بالقلب ہے، اور کرامیہ کا قول یہ ہے کہ فقط زبان سے اقرار کرنا ایمان ہے، ان کا زعم یہ ہے کہ منافق بہ ظاہر مومن ہے اور بہ باطن کافر ہے، دنیا میں منافق مومنوں کے حکم میں ہے اور آخرت میں کافروں کے حکم میں ہے۔
تیسرا قول یہ ہے کہ ایمان اقرار باللسان اور معرفت بالقلب کا مجموعہ ہے اس قول میں بھی متعدد نظریات ہیں:
(۱)۔ امام ابو حنیفہ، عامۃ الفقہاء اور بعض متکلمین کے نزدیک ایمان اقرار باللسان اور معرفت بالقلب کا مجموعہ ہے۔
(۲)۔ بشر المریسی اور ابو الحسن اشعری کا نظریہ ہے کہ ایمان زبان اور دل دونوں سے تصدیق کرنے کا نام ہے۔
(۳)۔ زبان سے اقرار اور دل کے اخلاص کا نام ایمان ہے۔
امام ابوحنیفہ رضی اللہ عنہ کے قول پر معرفت بالقلب کا کیا معنی ہے؟ اس کی دو تفسیریں ہیں:
(الف)۔ معرفت بالقلب سے مراد اعتقاد جازم ہے عام ازیں کہ وہ اعتقاد تقلید سے حاصل ہو یا استدلال سے، اکثر علماء نے اسی تفسیر کو اختیار کیا ہے، اور یہی زیادہ صحیح ہے، اسی لیے وہ کہتے ہیں کہ مقلد کا ایمان صحیح ہے۔
(ب)۔ معرفت بالقلب سے مراد وہ اعتقاد ہے جو دلیل سے حاصل ہو، اس تفسیر کے مطابق مقلد کا ایمان صحیح نہیں ہے۔
اس قول کے قائلین میں یہ اختلاف بھی ہے کہ اقرار باللسان ایمان کا جز ہے یا ایمان کی شرط ہے، امام ابوحنیفہ، امام منصور ماتریدی کا مذہب اور امام ابو الحسن اشعری کا ایک قول یہ ہے کہ اقرار باللسان ایمان کی شرط ہے حتیٰ کہ جس شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی تمام چیزوں کی تصدیق کی وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک مومن ہوگا، خواہ اس نے زبان سے اقرار نہ کیا ہو، اور بعض علماء نے یہ کہا کہ اقرار ایمان کی جز ہے مگر یہ اصلی جز نہیں ہے، زائد جز ہے حتیٰ کہ حالت اکراہ میں اقرار ساقط ہوجاتا ہے۔
چوتھا قول یہ ہے کہ ایمان تصدیق، اقرار اور اعمال کے مجموعہ کا نام ہے، یہ امام مالک، امام شافعی، امام احمد، امام اوزاعی اور محدثین کا قول ہے، معتزلہ، خوارج اور زیدیہ کا بھی یہی قول ہے، محدثین کے اس قول میں تین نظریات ہیں:
(۱)۔ عبداللہ بن سعید کا قول یہ ہے کہ معرفت ایمان کامل ہے اور یہ اصل ہے، پھر ہر اطاعت الگ الگ ایمان ہے اور خود اور دل سے انکار کرنا کفر ہے، پھر اس کی ہر معصیت الگ الگ کفر ہے اور بغیر معرفت کے کوئی طاعت ایمان نہیں ہے اور بغیر انکار کے کوئی معصیت کفر نہیں ہے۔
(۲)۔ فرائض اور نوافل تمام عبادات کے مجموعہ کا نام ایمان ہے جس نے کسی ایک فرض کو ترک کیا اس کا ایمان ناقص ہوگیا اور جس نے نفل کو ترک کیا اس کے ایمان میں کمی نہیں ہوئی۔
(۳)۔ ایمان فرائض کے مجموعہ کا نام ہے نہ کہ نوافل کا۔
معتزلہ کے بھی اس قول میں متعدد نظریات ہیں جن کی تفصیل یہ ہے:
(۱)۔ واصل بن عطاء، ابو الهذيل اور قاضی عبدالجبار کا مسلک یہ ہے کہ ایمان تمام عبادات کے مجموعہ کا نام ہے خواہ وہ واجب ہوں یا مستحب۔
(۲)۔ ابو علی جبائی اور ابو ہاشم کا یہ مسلک ہے کہ ایمان فقط عبادات واجبہ کا نام ہے نہ کہ مستحبہ کا۔
(۳)۔ نظام معتزلی کا مذہب یہ ہے کہ ہر وہ کام جس پر وعید ہے اس کے ترک کا نام ایمان ہے۔
خوارج کا اس پر اتفاق ہے کہ اللہ تعالیٰ کی معرفت، اس کے تمام احکام کی اطاعت اور تمام معاصی سے اجتناب خواہ صغائر ہوں یا کبائر، اس کے مجموعہ کا نام ایمان ہے، ان کا مذہب معتزلہ اور سلف صالحین کے قریب ہے، مگر ان مذاہب میں یہ فرق ہے کہ معصیت کبیرہ کے ارتکاب سے معتزلہ کے نزدیک انسان ایمان سے خارج ہوجاتا ہے لیکن کفر میں داخل نہیں ہوتا، اور خوارج کے نزدیک ارتکابِ معصیت سے انسان کفر میں داخل ہوجاتا ہے، اور سلف کے نزدیک ارتکابِ معصیت سے انسان فاسق ہوجاتا ہے ایمان سے خارج نہیں ہوتا۔ (علامہ بدر الدین محمد بن احمد عینی متوفی ۸۵۵ھ، عمدة القاری ج ۱ ص ۱۰۴، ۱۰۲، ملخصاً، مطبوعہ ادارۃ الطباعة المنيرية مصر ۱۳۴۸ھ)