۵۸۲۔ حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ قَالَ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ عن هِشَامٍ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبِي قَالَ أَخْبَرَنِي ابْنُ عُمَر قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَا تَحَرَّوُا بصَلَاتِكُمْ طُلُوعَ الشَّمْسِ وَلَا غُرُوبَهَا
اطراف الحدیث: ۵۸۵، ۵۸۹، ۱۱۹۲، 1629، ۳۲۷۳
(صحیح مسلم: ۸۲۸، الرقم المسلسل: ۱۸۹۳، سنن النسائی: ۵۵۹، مسند احمد ج ۲ ص ۳۳ طبع قدیم مسند احمد: 4885۔ ج ۸ ص 491 مؤسسة الرسالة بیروت، جامع المسانید لابن الجوزی: 3469 مکتبة الرشد ریاض 1426ھ)
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مسدد نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ بن سعید نے حدیث بیان کی از ہشام انہوں نے کہا: مجھے میرے والد نے خبر دی انہوں نے کہا کہ مجھے ابن عمرؓ نے خبر دی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنی نمازوں میں طلوعِ شمس کا قصد کرو نہ غروبِ شمس کا۔
طلوعِ شمس اور غروبِ شمس کے وقت نماز پڑھنے سے ممانعت کی توجیہ
بعض لوگ طلوعِ شمس اور غروبِ شمس کے وقت قصدِ سورج کی تعظیم کے لیے نماز پڑھتے تھے تو آپؐ نے اس وقت قصدِ نماز پڑھنے سے منع فرمایا تاکہ غیر اللہ کی عبادت کی مشابہت نہ ہو۔
بعض فقہاء نے کہا ہے کہ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ طلوعِ شمس یا غروبِ شمس کے وقت قصدِ نماز پڑھنا ممنوع ہے، اگر اتفاقاً طلوعِ شمس کے وقت نماز پڑھ لی جائے تو یہ ممنوع نہیں ہے لیکن یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ بہت احادیث میں ان اوقات میں مطلقاً نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔
