۵۸۳۔ وَقَالَ حَدَّثَنِي ابْنُ عُمَرَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا طَلَعَ حَاجِبُ الشَّمْس فَأَخِرُوا الصَّلوةَ حَتَّى تَرْتَفِعَ، وَإِذَا غَابَ حَاجِب الشَّمْسِ فَأَخِرُوا الصَّلوةَ حَتَّى تَغِيبَ. تَابَعَهُ عَبْدَةُ۔
طرف الحدیث: 3214
صحیح مسلم: ۸۲۸، الرقم المسلسل: ۱۸۹۳، مصنف عبدالرزاق: ۳۹۵۱، موطا امام مالک: 524، دارالمعرفة، صحیح ابن حبان: 1548، سنن بیہقی ج ۲ ص 453 شرح السنہ: 773، مسند احمد ج ۲ ص ۳۳ طبع قدیم مسند احمد: 4885۔ ج ۸ ص 491 مؤسسة الرسالة بیروت
اور مجھے حضرت ابن عمرؓ نے حدیث بیان کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب سورج کا کنارہ طلوع ہو جائے تو نماز کو مؤخر کردو حتیٰ کہ سورج بلند ہوجائے اور جب سورج کا کنارہ غائب ہوجائے تو نماز کو مؤخر کر دو حتیٰ کہ سورج غائب ہوجائے۔ اس حدیث کی عبدہ نے متابعت کی ہے۔
عبدہ بن سلیمان نے یحییٰ بن سعد القطان کی متابعت کی ہے۔
طلوعِ شمس سے قبل اور غروبِ شمس سے قبل نماز پڑھنے میں مذاہبِ فقہاء اور علامہ ابن بطال کے فقہاء احناف پر اعتراضات
علامہ ابوالحسن علی بن خلف ابن بطال مالکی متوفی ۴۴۹ھ لکھتے ہیں:
فقہاء کا اس میں اختلاف ہے کہ فجر اور عصر کی نماز پڑھنے کے بعد ممانعت کی علت کیا ہے؟ امام مالک نے کہا ہے کہ اس سے مراد نفل پڑھنے کی ممانعت ہے، فرض پڑھنے کی ممانعت نہیں ہے اور جو فوت شدہ فرائض ہیں، وہ کسی وقت بھی پڑھے جاسکتے ہیں۔
کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: جس نے طلوعِ شمس سے پہلے ایک رکعت پڑھ لی یا غروبِ شمس سے پہلے ایک رکعت پڑھ لی، اس نے نماز کو پالیا۔ (صحیح بخاری: ۵۵۶، صحیح مسلم: 608) اور یہ بات معلوم ہے کہ جس نے ان اوقات میں ایک رکعت نماز پڑھ لی تو وہ دوسری رکعت اس وقت میں پڑھے گا، جس وقت میں نماز پڑھنا ممنوع ہے اور یہ ہمارے قول پر دلالت کرتا ہے اور یہی امام احمد اور امام اسحاق کا قول ہے۔
امام شافعی نے کہا ہے: اس ممانعت سے ابتداءً نوافل پڑھنے کی ممانعت مراد ہے لیکن مفروضہ اور مسنونہ نمازیں یا جن نوافل کو وہ دائما پڑھتا ہو، ان کی ممانعت نہیں ہے، اور امام شافعی نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے عصر کے بعد دو رکعت پڑھی۔ (صحیح بخاری: ۵۹۱، صحیح مسلم: ۸۳۵)
فقہاء احناف نے کہا ہے کہ اس ممانعت سے نفل پڑھنے کی ممانعت مراد ہے اور ان وقتوں میں فرائض کی قضاء پڑھ سکتا ہے، لیکن جب سورج بلند ہونے سے پہلے ظاہر ہو اور غروب ہونے سے پہلے مائل ہو اس وقت کوئی فرض پڑھنا جائز ہے نہ نفل اور نہ نمازِ جنازہ پڑھنا جائز ہے صرف اس دن کی عصر کی نماز پڑھنا جائز ہے کیونکہ نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے غروبِ آفتاب سے پہلے ایک رکعت پڑھی تو وہ اپنی نماز پوری کرے۔ (صحیح بخاری: ۵۵۶، صحیح مسلم: 608) اس باب کے شروع میں ہم فقہاء احناف کا رد کرچکے ہیں۔
جن فقہاء نے ان دو وقتوں میں فرض نماز پڑھنے کو جائز کہا ہے ان کا استدلال اس حدیث سے ہے کہ کہ نبی ﷺ نے فرمایا ہے: تم اپنی نمازوں میں طلوعِ شمس کا قصد کرو نہ غروبِ شمس کا۔ (صحیح بخاری: ۵۸۲) اس حدیث میں اس شخص کے لیے نماز پڑھنے کی ممانعت ہے جو طلوعِ شمس یا غروبِ شمس کا قصد کرکے نماز پڑھتا ہے لیکن جو شخص اس وقت نیند سے بیدار ہوا یا جو شخص نماز پڑھنا بھول گیا تھا اور اس کو اس وقت نماز پڑھنا یاد آیا تو وہ اس ممانعت میں داخل نہیں ہے؛ کیونکہ حدیث میں ہے:
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ سے اس شخص کے متعلق سوال کیا گیا جس نے نماز سے غفلت کی یا نماز کے وقت سوگیا؟ آپ نے فرمایا: اس کو جس وقت نماز یاد آئے اُس وقت نماز پڑھ لے۔(صحیح مسلم: 684، سنن نسائی: ۶۱۳، سنن ابن ماجہ: ۶۹۵، مسند احمد: ۱۲۹۰۸، دار الفکر)
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص کسی نماز کو بھول گیا، پس وہ اس نماز کو اس وقت پڑھے لے جب اس کو یاد آئے اُس کے سوا اس نماز کا اور کوئی کفارہ نہیں ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:وَأَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي (طہ: ۱۴) اور آپ مجھے یاد کرنے کے لیے نماز قائم کریں O(صحیح بخاری: ۵۹۷، صحیح مسلم: ۶۸۴، سنن ابوداؤد: 442، سنن ترمذی: ۱۷۸، سنن نسائی: ۶۱۲، سنن ابن ماجہ: ۶۹۶، مسند احمد ج ۳ ص ۱۰۰)
یہ احادیث طلوعِ شمس اور غروبِ شمس کے وقت نماز پڑھنے کی ممانعت سے معارض ہیں اور ان احادیث سے معلوم ہوا کہ جو شخص خصوصیت سے ان اوقات میں نماز پڑھنے کا قصد نہ کرے، اُس کے لیے ان اوقات میں فرائض اور نوافل پڑھنا جائز ہیں۔
المہلب نے کہا ہے کہ ان دو وقتوں میں نماز پڑھنے کی کراہت کا معنی یہ ہے کہ کچھ لوگ طلوعِ شمس اور غروبِ شمس کے وقت قصداً نماز پڑھتے تھے اور اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر سورج کی عبادت کرتے تھے، لہذا نبی ﷺ نے ان اوقات میں نماز پڑھنے سے منع فرمایا تاکہ ان لوگوں کی مشابہت نہ ہو۔ (شرح ابن بطال ج ۲ ص 274-273 دار الکتب العلمیہ بیروت 1424ھ)
فقہاء احناف، پر اعتراضات کے مصنف کے جوابات
علامہ ابن بطال نے کہا ہے کہ حدیث میں ہے: جس نے طلوعِ شمس سے پہلے یا غروبِ شمس سے پہلے ایک رکعت پڑھ لی وہ اس نماز کو پورا کرے اور یہی امام مالک اور امام احمد کا مسلک ہے۔ میں کہتا ہوں کہ اس حدیث سے استدلال صحیح نہیں ہے کیونکہ بہ کثرت احادیث میں یہ تصریح ہے کہ نبی ﷺ نے طلوعِ شمس کے وقت نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے اور یہ حدیث طلوعِ شمس کے وقت نماز پڑھنے کے لیے محرم ہے اور جس حدیث سے علامہ ابن بطال نے استدلال کیا ہے وہ مبیح ہے اور جب مبیح اور محرم میں تعارض ہو تو محرم کو ترجیح ہوتی ہے۔
علامہ ابن بطال نے امام شافعی کا مذہب نقل کیا ہے کہ ان کے نزدیک فجر اور عصر کے بعد نوافل پڑھنا جائز ہیں اور صحیح بخاری کی اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: رسول اللہ ﷺ ہمیشہ عصر کے بعد دو رکعت پڑھتے تھے اس کا جواب یہ ہے کہ اس حدیث سے بھی استدلال صحیح نہیں ہے کیونکہ یہ حدیث بھی عصر کے بعد نوافل کی اباحت پر دلالت کرتی ہے اور امام ابوحنیفہ نے جن احادیث سے استدلال کیا ہے وہ عصر کے بعد نوافل پڑھنے کی تحریم پر دلالت کرتی ہیں اور تحریم کی احادیث کو اباحت کی احادیث پر ترجیح ہوتی ہے ثانیاً یہ کہ عصر کے بعد دو رکعت پڑھنی نبی ﷺ کی خصوصیت ہے اور ہمیں آپ نے منع فرمایا ہے۔
علامہ ابن بطال نے کہا ہے کہ طلوعِ شمس اور غروبِ شمس کے وقت نماز پڑھنے کی ممانعت اس شخص کے لیے ہے جو قصداً ان اوقات میں نماز پڑھے لیکن جو شخص اس وقت نیند سے بیدار ہوا ہو یا جس کو اسی وقت نماز یاد آئی ہو وہ طلوعِ شمس کے وقت نماز پڑھ سکتا ہے جیسا کہ احادیث میں اس کی تصریح ہے اس کا جواب یہ ہے کہ یہ دلیل بھی صحیح نہیں ہے یہ احادیث عام مخصوص عنہ البعض ہیں ان احادیث سے مراد طلوعِ شمس کے علاوہ دیگر اوقات ہیں یعنی طلوعِ شمس کے علاوہ جس وقت کوئی شخص نیند سے بیدار ہو یا اس کو اس وقت نماز یاد آئے تو وہ اس وقت نماز پڑھ لے اور جن اوقات میں نبی ﷺ نے مطلقاً نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے ان اوقات میں آپ کی ممانعت کی خلاف ورزی کی جرات نہ کرے۔
