Site icon اردو محفل

کتاب مواقیت الصلوۃ باب 33 حدیث نمبر 590

۳۳ – بَابُ مَا يُصَلَّى بَعْدَ الْعَصْرِ مِنَ الْفَوَائِتِ وَغَيْرِهَا

عصر کے بعد قضاء نمازوں کو پڑھنا

اس باب میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ عصر کے بعد قضاء نمازوں کو پڑھنا جائز ہے۔

وَقَالَ كُرَيْبٌ، عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ صَلَّى النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعْدَ الْعَصْرِ رَكْعَتَيْنِ، وَقَالَ شَغَلَنِي نَاسٌ مِنْ عَبْدِ الْقَيْسِ عَنِ الرَّكْعَتَيْنِ بَعْدَ الظُّهْرِ.

اور کریب نے حضرت ام سلمہؓ سے روایت کی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھی ہے اور فرمایا: مجھے عبدالقیس کے وفد نے عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے سے مشغول کردیا تھا۔

اس تعلیق کی اصل درج ذیل حدیث ہے:

حضرت ام سلمہؓ نے اپنی کنیز نبی کریم ﷺ کے پاس بھیجی اور یہ پیغام دیا: آپ سے ام سلمہ عرض کرتی ہے کہ میں نے سنا ہے کہ آپ عصر کے بعد ان دو رکعت نماز کے پڑھنے سے منع فرماتے ہیں اور میں نے آپ کو یہ دو رکعت پڑھتے ہوئے دیکھا ہے؟ آپ نے نماز سے فارغ ہوکر جواب دیا: اے بنت ابی امیہ! آپ نے عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنے سے متعلق سوال کیا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ میرے پاس قبیلہ عبدالقیس کے لوگ آئے تھے میں ان کے ساتھ مشغول رہا اور ظہر کے بعد دو رکعت نہیں پڑھ سکا سو یہ وہ دو رکعت ہیں۔ (صحیح البخاری: ۱۲۳۳، صحیح مسلم: ۴۳۸، سنن ابوداؤد: ۱۲۷۳)

فقہاء شافعیہ نے یہ کہا ہے کہ اس حدیث میں یہ دلیل ہے کہ عصر کی نماز کے بعد سنت کو قضاء کیا جاسکتا ہے لیکن یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ اس سنت کو قضاء کرنا رسول اللہ ﷺ کی خصوصیت ہے ورنہ قضاء صرف فرض اور واجب کی، کی جاتی ہے۔

۵۹۰ – حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ قَالَ حَدَّثَنَا عَبْدُالْوَاحِدِ بْنُ  اَيْمَنَ قَالَ حَدَّثَنِي أَبِي أَنَّهُ سَمِعَ عَائِشَةَ قَالَتْ وَالَّذِي ذَهَبَ بِهِ مَا تَرَكَهُمَا حَتَّى لَقِيَ اللَّهَ، وَمَا لَقِيَ اللَّه تَعَالَى حَتَّى ثَقُلَ عَنِ الصَّلُوةِ، وَكَانَ يُصَلِّي كَثِيرًا مِنْ صَلُوتِهِ قَاعِدًا، تَعْنِي الرَّكْعَتَيْنِ بَعْدَ الْعَصْر،  وَكَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّيهِمَا، وَلا يُصَلِّيهِمَا فِي الْمَسْجِدِ مَخَافَةَ أَنْ يَثْقُلَ عَلَى أُمَّتِهِ وَكَانَ يُحِبُّ مَا يُخَفِّفُ عَنْهُمْ۔[اطراف الحديث: ۵۹۱، ۵۹۲، ۵۹۳ – ۱۶۳۱]

(جامع المسانيد لابن الجوزی: 7198، مكتبة الرشد ریاض 1426ھ

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں ابونعیم نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں عبدالواحد بن ایمن نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: مجھے میرے والد نے حدیث بیان کی، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا: انہوں نے کہا: اس ذات کی قسم جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو لے گیا! آپ نے عصر کے بعد دو رکعت نماز کو بالکل ترک نہیں کیا حتیٰ کہ آپ نے اللہ سے ملاقات کرلی اور آپ نے اللہ تعالیٰ سے اس وقت ملاقات کی جب نماز پڑھنے سے آپ کا بدن بھاری ہوگیا اور آپ اکثر نمازیں بیٹھ کر پڑھتے تھے حضرت عائشہ کی مراد عصر کی نماز کے بعد دو رکعت تھیں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان کو پڑھتے تھے اور ان کو مسجد میں نہیں پڑھتے تھے اس خوف سے کہ یہ آپ کی امت پر دشوار ہوں گی اور آپ امت سے تخفیف کو پسند کرتے تھے۔

حدیث مذکور کے رجال

(۱) ابونعیم الفضل بن دکین

(۲) عبدالواحد بن ایمن

(۳) ان کے والد ایمن الحبشی، ابن ابی عمرو المخزومی القرشی المکی کے آزاد شدہ غلام

(۴) حضرت عائشہ ام المؤمنین رضی اللہ عنہا ۔(عمدۃ القاری ج ۵ ص ۱۲۲)

اس حدیث کی باب کے عنوان کے ساتھ مطابقت اس طرح ہے کہ اس حدیث میں یہ ذکر ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم عصر کے بعد دو رکعت پڑھتے تھے اور یہ آپ کی خصوصیت تھی کیونکہ آپ نے امت کو اس سے منع فرمایا ہے۔

بعض علماء نے اس حدیث سے یہ استدلال کیا ہے کہ عصر کے بعد مطلقاً نفل پڑھنا جائز ہے لیکن یہ استدلال صحیح نہیں ہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت احادیث مروی ہیں جن میں آپ نے عصر کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔

Exit mobile version