۵۹۳ – حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَرُعَرَةَ قَالَ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي إِسْحَاقَ قَالَ رَأَيْتُ الْأَسْوَدَ وَمَسْرُوقًا شَهِدَا عَلَى عَائِشَةَ قَالَتْ مَا كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى الله عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَأْتِينِي فِي يَوْمٍ بَعْدَ الْعَصْرِ إِلَّا صَلَّى رَكْعَتَيْنِ۔
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن عرعرہ نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں شعبہ نے حدیث بیان کی از ابی اسحاق انہوں نے بیان کیا: میں نے الاسود اور مسروق کو دیکھا وہ دونوں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آئے حضرت عائشہ نے فرمایا: نبی ﷺ جس دن بھی میرے پاس نماز عصر کے بعد آتے تو دو رکعت نماز پڑھتے تھے۔
اس حدیث کی شرح کے لیے بھی حدیث: ۵۹۰ کا مطالعہ فرمائیں۔
عصر کے بعد آپ کا ہمیشہ دورکعت نماز پڑھنا اور اس سے منع فرمانے میں تعارض ہے اس کا جواب
اس سے پہلے بہ کثرت احادیث میں نماز عصر کے بعد نماز پڑھنے سے ممانعت گزرچکی ہے اور ہم اس سے پہلے بیان کرچکے ہیں کہ ممانعت کی احادیث راجح ہیں کیونکہ وہ قولی احادیث ہیں اور جن احادیث میں عصر کے بعد نماز پڑھنے کا ذکر ہے وہ آپ کا فعل ہے اور یہ بات اصول میں مقرر ہے کہ آپ کا قول آپ کے فعل پر راجح ہوتا ہے، اس لیے ممانعت کی احادیث راجح ہیں۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ ممانعت کی احادیث عصر کے بعد نماز پڑھنے کی محرم ہیں اور جن احادیث میں عصر کے بعد نماز پڑھنے کا ذکر ہے وہ مبیح ہیں اور محرم احادیث مبیح احادیث پر راجح ہوتی ہیں لہذا ممانعت کی احادیث راجح ہیں اور تیسری وجہ یہ ہے کہ عصر کے بعد دو رکعت نماز پڑھنا آپ کی خصوصیت ہے چوتھی وجہ یہ ہے کہ عصر کے بعد نماز پڑھنے سے گھر سے باہر آپ نے منع فرمایا اور عصر کے بعد دو رکعت نماز آپ ہمیشہ گھر میں پڑھی ہیں۔
شرح صحیح مسلم میں احادیث مذکورہ کی شرح
ان ابواب میں طلوع شمس اور غروب شمس کے وقت نماز پڑھنے کی ممانعت میں احادیث ہیں اور فجر کی نماز کے بعد اور عصر کی نماز کے بعد نوافل کی ممانعت میں احادیث ہیں اور عصر کے بعد رسول اللہ ﷺ کے گھر میں دو رکعت نماز پڑھنے کے متعلق احادیث ہیں
اور یہ تمام احادیث شرح صحیح مسلم : 1817، ج ۲ ص 610۔ 603 پر مذکور ہیں اور ان کی شرح یہ عنوان ہیں:
(1) اوقات ممنوعہ اور مکروہہ کی تفصیل
(2) قرن شیطان پر اعتراض کا جواب۔
قرن شیطان پر اعتراض اور اس کے جواب کو ہم نے یہاں نعمۃ الباری میں ذکر نہیں کیا کیونکہ شرح صحیح مسلم میں اس پر بہت مفصل بحث کردی گئی ہے۔
