اس عنوان میں ”سمر“ کا لفظ ہے’ اس کا معنی ہے: رات کو باتیں کرنا اور اس سے مراد ہے: رات کو وہ باتیں کرنا جو مباح ہوں اور عشاء کی نماز کے بعد باتیں کرنا’ اس لیے مکروہ ہے کہ ان میں مشغولیت کی وجہ سے جو شخص سحری کے وقت تہجد کے لیے اور ذکر اور استغفار کے لیے اٹھتا ہے وہ اس سے محروم نہ ہوجائے یا نمازِ فجر اور اس کی جماعت سے محروم نہ ہوجائے’ مباح باتیں کرنا اس وقت مکروہ ہے لیکن علم دین اور وعظ و نصیحت کی باتیں کرنا اس وقت بھی مستحب ہیں اور گناہ کی باتیں کرنا ہر وقت حرام ہیں۔ امام بخاری فرماتے ہیں:
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مسدد نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہمیں عوف نے حدیث بیان کی’ انہوں نے کہا: ہمیں ابو المنہال نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: میں اپنے والد کے ساتھ حضرت ابو برزہ اسلمی رضی اللہ عنہ کے پاس گیا’ پس ان سے میرے والد نے کہا: ہمیں حدیث بیان کریں کہ کس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرض نماز پڑھتے تھے؟ انہوں نے بیان کیا کہ آپ دوپہر کے وقت نماز پڑھتے تھے’ یہ وہ نماز ہے جس کو تم پیشین کہتے ہو’ وہ یہ نماز اس وقت پڑھتے جب سورج (سر کی سیدھ سے) زائل ہوجاتا تھا اور عصر کی نماز پڑھتے’ پھر ہم میں سے کوئی شخص مدینہ کے آخری حصہ میں اپنے گھر لوٹ جاتا اور سورج چمک رہا ہوتا تھا’ اور میں بھول گیا کہ انہوں نے مغرب کے متعلق کیا کہا تھا اور آپ اس کو پسند کرتے تھے کہ عشاء کی نماز کو مؤخر کیا جائے اور عشاء سے پہلے سونے کو ناپسند کرتے تھے اور عشاء کے بعد باتیں کرنے کو (بھی) ناپسند کرتے تھے اور فجر کی نماز کے بعد آپ واپس ہوتے تو اس وقت ہم میں سے کوئی شخص اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے کو پہچان لیتا تھا اور آپ ساٹھ سے لے کر سو آیتیں پڑھتے تھے۔
اس حدیث کی شرح صحیح البخاری: ۵۴۱ میں گزرچکی ہے’ وہاں اس کا عنوان تھا: ظہر کا وقت زوال سے ہوتا ہے’ اور یہاں اس کا عنوان ہے: عشاء کے بعد باتوں کی کراہت اور اس حدیث میں دونوں عنوانوں کی صلاحیت ہے۔