Site icon اردو محفل

کتاب العلم باب 21 حدیث نمبر 81

۸۱- حدثنا مسدد قال حدثنا يحيى، عن شعبة عن قتادة عن أنس قال لأحدثنكم حديثا لا يحدثكم أحد بعدي، سمعت رسول الله صلى الله علیه وسلم يقول من أشراط الساعة أن يقل العلم، ويظهر الجهل، ويظهر الزنا، وتكثر النساء ، ويقل الرجال حتى يكون لخمسين امرأة الـقـيـم الواحد.

 

 امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مسدد نے حدیث بیان کی انہوں نے کہا: ہمیں یحیی نے حدیث بیان کی از شعبه از قاده از حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ، انہوں نے کہا: میں تم کو ضرور ایسی حدیث بیان کروں گا، جس کو میرے بعد تم سے کوئی بیان نہیں کرے گا۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوۓ سنا ہے کہ قیامت کی علامتوں میں سے یہ ہے کہ علم کم ہو جاۓ گا اور جہل کا غلبہ ہوگا اور زنا بہ کثرت ہوگا اور عورتیں زیادہ ہوں گی اور مر دکم ہوں گے حتی کہ پچاس عورتوں کا ایک مرد کفیل ہوگا ۔

اس حدیث کے رجال کا تعارف پہلے ہو چکا ہے اور اس کی تخریج اور بعض الفاظ کی شرح صحیح البخاری:۸۰ میں گزر چکی ہے اور جن الفاظ کی شرح نہیں ہوئی وہ ہم کر رہے ہیں ۔

 

عورتوں کے زیادہ ہونے اور مردوں کے کم ہونے کی توجیہات

 

اس حدیث میں مذکور ہے کہ مرد کم ہوجائیں گے اور عورتیں زیادہ ہوں گی اس کی متعدد توجیہات ہیں :

 

(۱) مختلف جنگوں اور آپس کے جھگڑوں میں مرد قتل کردیئے جائیں گے اور عورتیں باقی رہ جائیں گی ۔

(۲) آخر زمانہ میں مردوں کی پیدائش کم ہو گی اور عورتوں کی پیدائش زیادہ ہوگی ۔

(۳) کثرت فتوحات کی وجہ سے میدان جنگ سے بہت عورتوں کو قید کیا جاۓ گا اور باندیوں کی کثرت ہوگی ۔

نیز اس حدیث میں ہے کہ حتی کہ پچاس عورتوں کا ایک مرد کفیل ہوگا۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ حقیقت پچاس عورتوں کا ایک مردکفیل ہواور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پچاس کا عدد آپ نے مبالغہ فرمایا ہو۔

Exit mobile version