Site icon اردو محفل

کتاب الصلوۃ  باب 3  حدیث نمبر  353

٣٥٣ – حَدَّثَنَا مُطَرِّف أَبُو مُصْعَب قَالَ حَدَّثَنَا عَبْدالرَّحْمَنِ بْنُ أَبِي الْمَوَالِي ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ الْمُنْكَدِرِ قَالَ رَأَيْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِاللَّهِ يُصَلِّي فِي ثوبِ وَاحِدٍ وَقَالَ رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي فِي ثوب۔

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مطرف ابو مصعب نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں عبدالرحمن بن ابی الموالی نے حدیث بیان کی از محمد بن المنکدر، انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبدالله رضی اللہ عنہ کو ایک کپڑا پہنے ہوئے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا اور انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ ایک کپڑا پہنے ہوئے نماز پڑھ رہے تھے۔

اس حدیث کی شرح صحیح البخاری : ۳۵۲ میں کردی گئی ہے اس حدیث میں یہ اضافہ ہے کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ نے یہ بتایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی صرف ایک تہبند کے ساتھ نماز پڑھی ہے تاکہ معلوم ہوجائے کہ صرف ایک تہبند باندھ کر بھی نماز پڑھنا جائز ہے اور کبھی آپ کے کسی امتی کو صرف ایک کپڑا میسر ہو تو وہ بھی آپ کی سنت کو پالے اور صرف تہبند باندھ کر نماز پڑھ لے، غیر مقلدین ٹوپی اتار کر ننگے سرنماز پڑھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت جابر نے جب صرف ایک کپڑے کے ساتھ نماز پڑھی تو ان کے کے سر پر ٹوپی یا عمامہ نہیں تھا، لیکن جب وہ لوگ قمیص، شلوار اور بنیان وغیرہ پہنے ہوئے ہوتے ہیں تو صرف ٹوپی یا عمامہ اتارنے سے حضرت جابر کی سنت کیسے ادا ہوجاتی ہے، اس کو سمجھنے سے ہم قاصر ہیں۔

Exit mobile version